الف عین
صابرہ امین
@محمدخلیل الرحمٰن
ظہیراحمدظہیر
-----------
جس نے نبی کی ذات کو دل میں بسا لیا
اس کو مرے حضور نے اپنا بنا لیا
----------
روضہ رسول دیکھ کے دل نے مرے کہا
آقا نے مجھ حقیر کو در پر بلا لیا
--------
امُت میں ہو کے آپ کی پھر بھی گنہ کئے
ایسا ہی دل میں سوچ کے چہرہ چھپا لیا
---------
آقا شفیق باپ ہیں آیا خیال تو
قدم میں ان کے بیٹھ کے سر کو جھکا لیا
------
چوکھٹ کو ان کی چوم کے آیا ہوں آج میں
اس بے قرار دل نے مرے چین پا لیا
-----------
میرے نبی کے شہر میں اتنا سکون ہے
جیسے کہ غم نے خوف سے چہرہ چھپا لیا
--------
ارشد ترے نصیب میں لکھا تھا یہ سفر
تجھ کو درِ حبیب پہ رب نے بلا لیا
-----------
 

الف عین

لائبریرین
ابھی دیکھ رہا ہوں کہ تین تین بار پوسٹ ہو گئی ہے یہ لڑی۔ بقیہ دو ڈلیٹ کردی جائیں تو میں اسی کو جاری رکھوں۔
بعد میں حاضر ہوتا ہوں
 
بہت بہت شکریہ میرے استادِ محترم ؛---اللہ کے فضل و کرم سے مکہ ،مدینہ اور پاکستان کا سفر بہت اچھا رہا آپ کی دعاؤں کے طفیل کوئی بڑی خرابی واقعہ نہیں ہوئی بس آخر میں موسم کی وجہ سے فلائٹ کینسل ہوتی رہی اور دو ہفتے لیٹ ہو گیا اب انشاءاللہ حاضری دیتا رہوں گا۔
عاطف بھائی بہت بہت شکریہ۔
 

سیما علی

لائبریرین
عمرہ کی بہت بہت مبارکباد۔ قبول فرمائیے
میرے نبی کے شہر میں اتنا سکون ہے
جیسے کہ غم نے خوف سے چہرہ چھپا لیا
سبحان اللہ سبحان اللہ
بےشک ہمارے پیارے رسولﷺ کے شہر جیسا سکون دنیا کے کسی کونے میں نہیں !
 

مقبول

محفلین
بہت بہت شکریہ میرے استادِ محترم ؛---اللہ کے فضل و کرم سے مکہ ،مدینہ اور پاکستان کا سفر بہت اچھا رہا آپ کی دعاؤں کے طفیل کوئی بڑی خرابی واقعہ نہیں ہوئی بس آخر میں موسم کی وجہ سے فلائٹ کینسل ہوتی رہی اور دو ہفتے لیٹ ہو گیا اب انشاءاللہ حاضری دیتا رہوں گا۔
عاطف بھائی بہت بہت شکریہ۔
ارشد چوہدری صاحب
عمرہ اور روضہ رسول کی زیارت کی مبارکباد قبول فرمایئے
 

الف عین

لائبریرین
جس نے نبی کی ذات کو دل میں بسا لیا
اس کو مرے حضور نے اپنا بنا لیا
----------
ویسے درست لگتا ہے، لیکن یہ احتمال ضرور ہوتا ہے کہ جیسے نبی کی ذات اور میرے حضور مختلف شخصیات ہیں۔

روضہ رسول دیکھ کے دل نے مرے کہا
آقا نے مجھ حقیر کو در پر بلا لیا
--------
روضہ رسول دو الگ الگ اسماء ہیں، دونوں کو ربط کرنے کی ضرورت ہے، روضۂ رسول، رسول /نبی کا روضہ/ سبز گنبد، گنبدِ خضرا وغیرہ استعمال کر کے

امُت میں ہو کے آپ کی پھر بھی گنہ کئے
ایسا ہی دل میں سوچ کے چہرہ چھپا لیا
---------
کس سے چھپا لیا چہرہ؟ واضح نہیں

آقا شفیق باپ ہیں آیا خیال تو
قدم میں ان کے بیٹھ کے سر کو جھکا لیا
------دوسرا مصرع بحر میں ہی نہیں! قدموں ہو سکتا ہے
شفیق باپ کس کے؟

چوکھٹ کو ان کی چوم کے آیا ہوں آج میں
اس بے قرار دل نے مرے چین پا لیا
-----------درست

میرے نبی کے شہر میں اتنا سکون ہے
جیسے کہ غم نے خوف سے چہرہ چھپا لیا
-------- درست

ارشد ترے نصیب میں لکھا تھا یہ سفر
تجھ کو درِ حبیب پہ رب نے بلا لیا
... درست
 
الف عین
(اصلاح شدہ اشعار)
____________
جس نے بھی ان کی ذات کو دل میں بسا لیا
------
جس نے مرے رسول کو دل میں بسا لیا
اس کو مرے حضور نے اپنا بنا لیا
----------
دیکھا درِ حبیب کو ، تب دل نے یہ کہا
آقا نے مجھ حقیر کو در پر بلا لیا
--------
امُت میں ہو کے آپ کی پھر بھی گنہ کئے
یہ سوچ کر ہی شرم سے سر کو جھکا لیا
-----------
قدموں میں ان کے بیٹھ کے دل کو سکوں ملا
میں سوچتا ہوں آج تو منزل کو پا لیا
 

صابرہ امین

لائبریرین
امُت میں ہو کے آپ کی پھر بھی گنہ کئے
یہ سوچ کر ہی شرم سے سر کو جھکا لیا
-----------
ارشد بھائی کچھ متبادل ذہن میں آئے۔ شائد کچھ کام کے ہوں۔

میں امتی ہوں آپ کا پھر بھی گنہ کیے
یہ سوچ کر ہی شرم سے سر کو جھکا لیا

ہوں امتی میں آپ کا پھر کیوں گنہ کیے!
یہ سوچ کر ہی شرم سے سر کو جھکا لیا

قدموں میں ان کے بیٹھ کے دل کو سکوں ملا
میں سوچتا ہوں آج تو منزل کو پا لیا
قدموں میں ان کے بیٹھ کے ایسا لگا مجھے
میں نے سکونِ قلب کی منزل کو پا لیا

قدموں میں ان کے بیٹھ کے ایسا سکوں ملا
میں سوچتا ہوں عشق کی منزل کو پا لیا
 
Top