جلد ریلیز ہونے والی پاکستانی فلمیں

محمد محبوب

محفلین
پاکستان کی فلمی صنعت آزادی کے بعد جس تیزی سے عروج پر گئی اور بولی وڈ کا بھرپور مقابلہ کیا اسی قدر رفتار سے وہ زوال کا بھی شکار ہوئی خاص طور پر گزشتہ دو، تین دہائیوں کے دوران لولی وڈ لگ بھگ ختم ہو کر ہی رہ گیا اس دوران کچھ اچھی فلمیں تو آئیں مگر گنڈاسہ فلموں کے کلچر کے سامنے کچھ نہ کرسکیں۔

تاہم 'خدا کے لیے' اور 'بول' جیسی فلموں کے بعد پاکستانی سینما میں تبدیلی کی ایک امید پیدا ہوئی جسے ٹی وی چینلز سے بڑی اسکرین میں نام بنانے کے خواہشمند فنکاروں نے آگے بڑھایا اور 'میں ہوں شاہد آفریدی، وار' اور دیگر کی کامیابی سے فلمی صنعت بظاہر بحالی نو کے قریب پہنچ چکی ہے۔

اس وقت نئے مگر باصلاحیت اداکاروں اور ڈائریکٹرز کی فلمیں تیاری کے مرحلے سے گزر رہی ہیں اور جلد سینما اسکرینوں پر نظر آئیں گی، جن کے بارے میں اکثر خبریں بھی سامنے آتی رہتی ہیں مگر پرستاروں کی آسانی کے لیے ہم نے چند آنے والی فلموں کی فہرست مرتب کرنے کے ساتھ ان کے ٹریلرز جمع کیے ہیں تاکہ وہ بھی اندازہ لگا سکیں کہ پاکستانی سینما کس حد تک آگے بڑھ چکا ہے۔

دختر
بچوں کی شادیوں کا مسئلہ پاکستان میں صدیوں پرانا ہے اور اکسیویں صدی میں بھی اوسطاً ایک ہزار ایسی بے جوڑ شادیاں منعقد ہوتی ہیں اور اسی مسئلے کو اٹھایا گیا ہے فلم 'دختر' میں۔ فارسی میں 'دختر' بیٹی کو کہتے ہیں اور دختر کی کہانی کا تانا بانا بھی ماں بیٹی کے گہرے اور اٹوٹ رشتے کے گرد بنایا گیا ہے، جس میں عورتوں کے ایثار اور قربانیوں کو بھی پیش کیا گیا ہے۔ 18 ستمبر کو ریلیز کے لیے پیش کی جانے والی اس فلم میں اداکار سمیعہ ممتاز، محب مرزا، آصف خان، عجب گل، عدنان شاہ ٹیپو، عمیر رانا اور ثمینہ احمد شامل ہیں جبکہ اسے تحریر اور ڈائریکٹر عافیہ نتھانیل نے کیا ہے۔

نا معلوم افراد
ٹی وی اسکرینوں پر اپنے آپ کو منوانے کے بعد فہد مصطفیٰ کا فلمی کریئر بھی شروع ہونے ہی والا ہے، عیدالاضحیٰ پر ان کی پہلی فلم 'نامعلوم افراد' ریلیز ہونے جا رہی ہے جسے نبیل قریشی نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اس کی پروڈیوسر فضا علی مرزا ہیں۔ یہ کامیڈی و طنزیہ فلم کراچی کے موجودہ حالات پر بنائی گئی ہے، جس میں فہد مصطفیٰ کے ساتھ جاوید شیخ، محسن عباس حیدر، عروا حسین، کبریٰ خان، سلمان شاہد، امبر واجد اور آئٹم سانگ میں مہوش حیات نظر آئیں گی۔

ماہِ میر
فہد مصطفیٰ کی ایک اور فلم جس کا لوگوں کو کافی انتظار ہے وہ 'ماہ میر' ہے، جو کہ معروف شاعر میر تقی میر کے کلام پر مبنی ہے، اس فلم میں کافی بڑے نام جیسے فہد مصطیٰ، ایمان علی، اعلیٰ خان، صنم سعید اور منظر صہبائی لوگوں کو اپنی جانب کھیچنے کے لیے موجود ہیں۔ اس فلم کو انجم شہزاد اور سرمد صہبائی نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ اس کے پروڈیوسر خرم رانا، ساحر رشید اور بدر اکرام ہیں۔ اس فلم کا ٹریلر دیکھ کر لگتا ہے کہ جیسے یہ کسی مسٹری پر بنائی گئی ہے۔

آپریشن 021
'وار' کی بے مثال کامیابی کے بعد یہ شان شاہد کی پہلی فلم ہے جس سے پاکستانی فلمی صنعت کو بہت زیادہ توقعات بھی وابستہ ہیں، عیدالاضحیٰ پر ریلیز کی جانے والی اس فلم کو سمر نکس نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ اس کی پروڈیوسر زیبا بختیار ہیں، تاہم اذان سمیع خان اور آمنہ شیخ بھی اس کے کو پروڈیوسرز میں شامل ہیں۔ دہشت گردی کے موضوع پر بنائی جانے والی اس فلم کی کاسٹ میں شان کے ساتھ شمعون عباسی، آمنہ شیخ، ایوب کھوسو، ایمان علی اور ایاز سومرو شامل ہیں، اس فلم کا ٹریلر دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے کسی ہالی وڈ فلم کو دیکھا جا رہا ہے۔

سایہ خدائے ذوالجلال
یہ فلم اس لیے بھی خاص ہے کہ اسے آئی ایس پی آر اور پاک فضائیہ کے تعاون سے بنایا جا رہا ہے، اس فلم کی ہدایات دی ہیں عمیر فضلی نے اور اس کے پروڈیوسرز جہان فلمز اور اے آر پروڈکشنز ہیں جبکہ اس کی کاسٹ میں شان شاہد، نور بخاری، ریشم، شفقت چیمہ، عمیر سلطان، نیئر اعجاز، ارباز خان اور ریمبو شامل ہیں۔ اس فلم میں پاکستانی تاریخ کے وہ باب دکھائے جائیں گے جو آج تک ٹی وی یا بڑی اسکرین پر نہیں دکھائیں گئے ہیں اور اس کا ٹریلر اس کا ثبوت ہے۔

ہجرت
فلم 'ہجرت' ایمان اور امید کے ایک سفر کی کہانی ہے، جسے تحریر اور ڈائریکٹ فاروق مینگل نے کیا ہے جبکہ اس کے پروڈیوسر ایف ایم پروڈکشن ہیں۔ اس فلم کی کہانی ان افراد کے گرد گھومتی ہے جو افغان جنگ سے متاثر ہوئے ہیں اور اس کی شوٹنگ پاکستان اور یورپ میں ہوئی ہے، اس کی کاسٹ میں اسد زمان، رابعہ بٹ، نعمان اعجاز، ندیم بیگ، سلمی آغا، ایوب کھوسو، زیب رحمان، جمال شاہ اور دردانہ بٹ شامل ہیں۔

مہلب
یہ ایک رومانوی فلم ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ بھوک اور سخت رسوم و رواج کے باوجود محبت کس طرح پروان چڑھتی ہے، اس فلم کے ڈائریکٹر اسد جبل ہیں جبکہ اسے تحریر کیا ہے ڈاکٹر خالد احمد نے۔ اس کی کاسٹ میں ایوب کھوسو، حنان سمید، صبور علی، دردانہ بلوچ، پاکیزہ خان اور آفتاب جبل شامل ہیں، اب تک اس فلم کا بہت ہی مختصر ٹریلر جاری ہوا ہے۔

کائٹس گراﺅنڈڈ
یہ فلم باقی سب سے بالکل مختلف ہے بلکہ دل کو چھو لینے والی ہے، اس فلم میں ایک بوڑھے شخص کی کہانی کو بیان کیا گیا ہے جو پتنگیں فروخت کر کے روزگار کماتا ہے، اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ پتنگ بازی پر حکومتی پابندی نے ایسے افراد کی زندگیوں کو کس حد تک متاثر کیا ہے۔ اس فلم کے ڈائریکٹر مرتضیٰ علی جبکہ پروڈیوسر سیما حمید ہیں، اس کی کاسٹ میں مرکزی کردار عرفان کھوسٹ نے نبھایا ہے جبکہ دیگر میں تسنیم کوثر، عابد کشمیری، طاہرہ بابر، زوہیب حیدر، ثناء سحر اور رضیہ ملک شامل ہیں۔

مور
مور ایک پشتو لفظ ہے جو ماں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، اس فلم کو تحریر اور ڈائریکٹ جمشید محمود رضا (جامی) نے کیا ہے اور اس کے پروڈیوسر مانڈی والا انٹرٹینمنٹ ہے۔ یہ فلم بلوچستان میں ریلوے سسٹم کے گرد گھومتی ہے خاص طور پر وادیٔ ژوب میں 1984 میں ریلوے کی بندش کو موضوع بنایا گیا ہے، جبکہ یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ کس طرح اپنے خاندانوں کے لیے خواتین کس طرح قربانیاں دیتی ہیں۔ اس فلم کی کاسٹ میں حمید شیخ، سمیعہ ممتاز، شاز خان، عبدالقدیر، سونیا حسین، ایاز سومو، نیئر اعجاز اور دیگر شامل ہیں۔

آزاد
آزاد اگرچہ اسٹار کاسٹ یا بڑے بجٹ کی فلم نہیں تاہم اس کا ٹریلر بہت زبردست ہے، یہ پاکستان کی اپنی طرز کی پہلی فلم ہے جس میں ایک سیریل کلر کی ذہنیت کو بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور اس کہانی کی ٹیگ لائن ہی یہ ہے کہ ہر شخص سیریل کلر پیدا نہیں ہوتا۔ اس فلم کو تحریر، ڈائریکٹ اور پروڈیوس کیا ہے حسام خان نے جبکہ اس کی کاسٹ میں حسام خان، حماد صدیق،ارسل حسن، روز محمد، ثمین خان اور نتاشا بیگ شامل ہیں۔

پرائس آف آنر
اس فلم کو تحریر اور پروڈیوس کیا ہے افضل ایم خان اور سید نور اس کے ڈائریکٹر ہیں، اس فلم میں ہمارے معاشرے خاص طور پر دیہات میں نچلے طبقے میں خواتین کی حالت و زار کو بیان کیا گیا ہے، بنیادی طور پر یہ روایتی لولی وڈ فلم ہی لگتی ہے۔

کمبخت
'کمبخت' دلچسپ کاسٹ کی فلم ہے جس میں ناظرین اپنے پسندیدہ ٹی وی ستاروں کو پہلی بار بڑی اسکرین پر دیکھ سکیں گے، اس کی کاسٹ میں ہمایوں سعید، شفقت چیمہ، شہریار منور صدیقی، سوہا علی ابڑو، فضا زہرہ، حمزہ علی عباسی، صبا قمر اور یوسف بشیر قریشی شامل ہیں۔ حمزہ علی عباسی، محمد عاطف صدیقی اور جواد رانا نے اسے تحریر کیا ہے جبکہ اس کی ہدایات بھی حمزہ علی عباسی نے دی ہیں، اس کے پروڈیوسرز میں عباد ابراہیم، شرمین خان، سعد انور عباسی، اے آر وائی فلمز اور کہانی فلمز شامل ہیں۔ یہ فلم حمزہ علی عباسی کے ذہن کی تخلیق ہے جنھوں نے اسکرین پلے بھی خود لکھا ہے جبکہ شہریار منور صدیقی نے کمبخت شخص کا کردار ادا کیا ہے۔

سوا رنگی
یہ فلم آسٹریلیا اور پاکستان کی کو پروڈکشن کے تحت بن رہی ہے، جس کے پروڈیوسرز مظہر عباس اور سمر نکس ہیں جبکہ اس کی ڈائریکشن فدا حسین دے رہے ہیں۔ اس فلم میں ریشم، ایوب کھوسو، نوید اکبر، وسیم منظور، ذوالفقار گل شاہی، آفتاب نثار، حمزہ مشتاق اور شاہ زیب جوہر اہم کردار نبھا رہے ہیں۔

عبداللہ
فلم 'عبداللہ' کی شوٹنگ بلوچستان میں ہو رہی ہے، اس کی ڈائریکشن ہاشم ندیم خان دے رہے ہیں جنھوں نے اسے تحریر بھی کیا ہے، اس فلم کی کہانی ہاشم ندیم خان کے مشہور ناول عبداللہ پر مبنی ہے۔ اس کی کاسٹ میں عمران عباس اور سعدیہ خان شامل ہیں، پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ اس فلم کو 2013 میں ریلیز کیا جائے گا تاہم یہ ابھی تک سینما اسکرینوں تک پہنچ نہیں سکی ہے۔

جلیبی
اس فلم کے پروڈیوسرز میں اے آر وائی فلمز اور ری ڈرم فلمز شامل ہیں جبکہ اس کی کاسٹ عدنان جعفر، علی سفینہ، دانش تیمور، عزیر جسوال، وقار علی خان اور ژالے سرحدی پر مشتمل ہے۔ اے آر وائی کے مطابق اس فلم کو ایچ ڈی کیمروں پر فلمایا جا رہا ہے، یہ کیمرے ہالی وڈ فلموں جیسے 'سکائی فال، گریوٹی اور آئرن مین تھری' جیسی فلموں کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔ اس فلم کے ڈائریکٹر یاسر جسوال ہیں۔
ربط
 
آخری تدوین:

mohsin ali razvi

محفلین
559625_770474323012494_3689712491137061782_n.jpg

پرانے اداکار زیادہ مقبول ہوتے ہیں،محمد یوسف
لاھور:لالی وڈا داکار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سینئر اداکارائوں کے ساتھ کام کرنے سے کیرئیر میں زیادہ تیزی سے عروج ملتا ہے کیونکہ پرانے اداکار زیادہ مقبول ہوتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد وسف نے کہا کہ اگر آپ نئے اور نوجوان اداکاروں کے ساتھ کام کریں تو بلندی کی سیڑھی چڑھنے میں بہت وقت لگتا ہے۔ انھوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب میں انڈسٹری میں داخل ھوا تہا تو انھوں نے ۱۹۸۶ء میں اپنی فلم بابرا کے ساتھ کا م کیا تھاانھوں نے کہا کہ ان کے آنے والی فلم عشق حقیقت عشق خدا شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔
 
Top