جملہ جملہ! 1.5 نصب (انسٹال) کرنے کا طریقہ ۔اردو میں

باسم

محفلین
جملہ! کا تعارف
جملہ! ایک مفت سی ایم ایس (ویب اجزا سنبھالنے کا نظام) ہے جس کی مدد سے کسی ویب سائٹ کو منظم رکھنا آسان رہتا ہے، یہ سائٹ میں موجود مواد کو ترتیب دینے کیلیے ڈیٹابیس کا استعمال کرتا ہے، دوسرے سی ایم ایس پر جملہ! کی فوقیت اس کے استعمال میں وسعت، محفوظ ہونے اور ہزاروں ایکسٹنشنز کی دستیابی کی وجہ سے ہے۔

اردو جملہ!
جملہ! کی ریلیز 1.5.10 میں اردو زبان کو بھی انسٹالیشن میں شامل کردیا گیا ہے جبکہ سائٹ اور منتظم حصوں کیلیے اردو پیک الگ سے فراہم کیا گیا ہے جسے نصب کرکے جملہ! کو مکمل طور پر اردو زبان میں ڈھالا جاسکتا ہے۔
اردو پیک نصب کرنے کا طریقہ (شکریہ عمران حسینی)

جملہ! حاصل کرنا
7127988-0b8.gif

1. http://www.joomla.org/ سائٹ پر جاکر ڈاؤن لوڈ جملہ! کے ربط کو کلک کیجیے۔
7127979-971.gif

2. نیا صفحہ کھلنے پر جملہ! 1.5 کے تازہ ترین ورژن کا مکمل پیکج ڈاؤن لوڈ کجیے۔

اپ لوڈ کے قابل بنانا
7127980-1f4.gif

1. پیکج اپنے کمپیوٹر پر محفوظ کرنے کے بعد پیکج کو رائٹ کلک Extract All کرکے ان زپ کرلیجیے۔

اپ لوڈ کرنا
اس کیلیے کوئی ایف ٹی پی کلائنٹ مثلاً FileZilla اور درج ذیل معلومات ہونا ضروری ہیں:
ا۔ آپ کے ایف ٹی پی ہوسٹ کا پتہ جیسے : ftp://yourjoomlasite.com/
ب۔ آپ کا ایف ٹی پی یوزر نیم جیسے : joomlauser
ج۔ آپ کا ایف ٹی پی پاسورڈ جیسے : j1o2o3
7127981-019.gif

1. فائل زیلا کھولیے اور کنکٹ بار میں مانگی گئی معلومات لکھ کر سرور سے جُڑ جائیے۔
دائیں طرف آپ کو سرور اور بائیں طرف اپنے کمپیوٹر کے فولڈرز اور فائلیں نظر آرہی ہونگی
2. اپنے کمپیوٹر میں ان زپ کیا گیا جملہ! پیکج بائیں طرف کھولیے
3. اس میں موجود تمام فولڈر اور فائلیں منتخب کیجیے
4. رائٹ کلک کرکے اپ لوڈ کو دبادیجیے
پیکج اپ لوڈ ہونا شروع ہوجائے گا اور سب سے نیچے اپ لوڈ ہونے کی تفصیلات دی جارہی ہونگی اور کچھ دیر میں یہ عمل مکمل ہوجائے گا۔
اگر آپ لوکل سرور مثلاً wamp پر جملہ! نصب کررہے ہیں تو پیکج کو C:\wamp\www میں پیسٹ کردیں۔

ڈیٹابیس بنانا
7127989-886.gif

جملہ! کیلیے ڈیٹابیس بنانا ضروری ہے اس کے بغیر یہ کام نہیں کرتا ڈیٹابیس بنانے کیلیے اپنے ویب کنٹرول پینل یا لوکل سرور سے phpMyAdmin میں جائیے۔
1. ڈیٹابیس کا نام مثلاً joomla لکھیے۔
2. ڈیٹابیس کی کولیشن utf8_unicode_ci منتخب کیجیے۔
3. Create بٹن دبائیے۔
7127978-d29.gif

ڈیٹابیس بن جانے کا پیغام ظاہر ہوگا اور بائیں طرف ڈیٹابیس بنا نظر آئے گا۔

جملہ! نصب (انسٹال) کرنا
ویب براؤزر سے اپنی سائٹ میں جہاں آپ نے جملہ اپ لوڈ کیا ہے مثلاً : http://www.yourjoomlasite.com یا سب ڈومین مثلاً : http://www.joomla.yoursite.com یا سب ڈاریکٹری مثلاً http://www.yoursite.com/joomla: پر جائیے۔
لوکل سرور مثلاً wamp سرور میں http://localhost/ پر جاکر Your Projects کے تحت جملہ پیکج کے لنک کو کلک کیجیے۔
جملہ! تنصیب کا صفحہ کھل جائے گا جس میں دائیں طرف تنصیب کے سات مراحل نمبروار لکھے ہونگے اور بائیں طرف ہر مرحلے میں مانگی گئی تفصیلات اور ان کے متعلق معلومات لکھی ہونگی جبکہ بائیں طرف اوپر اگلے پچھلے مرحلے پر جانے یا معلومات کے جانچنے کے بٹن دیے ہونگے۔

1. زبان کا انتخاب
7127991-047.gif

پہلا مرحلہ زبان کے انتخاب کا ہے
1.1 یہاں سے اردو زبان کے انتخاب کجیے
1.2 اور "آگے" کو دباکر اگلے مرحلے پر جائیے۔

2. قبل از تنصیب جانچ
7128005-76e.gif

دوسرا مرحلہ یہ جانچنے کیلیے ہے کہ آپ کا سرور جملہ! سے کس حد تک موافقت رکھتا ہے تاکہ آپ جملہ! کو اطمینان سے استعمال کرسکیں اگر کوئی کمی ہو تو اسے دور کرسکیں اور اگر ایسا ممکن نہ ہو تو دوسرے ہوسٹ کا انتخاب کرلیں عموماً اس کی ضرورت نہیں پڑتی۔
2.1 سرخ رنگ سے منتخب پہلی فہرست میں سب پر ہاں لکھا ہونا ضروری ہے اگر ایسا نہ ہو تو اسے درست کرنے کی کوشش کیجیے ورنہ آپ کو پریشانی ہوسکتی ہے۔
2.2 سبز نشان لگی دوسری فہرست میں مناسب حالت سے موافقت بہتر ہے لیکن اس کے بغیر بھی جملہ! کے عمل میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
2.3 اگلے مرحلے پر جائیے۔

3. اجازت نامہ
7127993-eb2.gif

تیسرا مرحلہ جملہ! استعمال کرنے کے اجازت نامے پر مشتمل ہے جو آپ کو منظور ہی ہوگا لہذا
3.1 اگلے مرحلے پر جائیے۔

4. ڈیٹابیس کی ترتیب
7128001-921.gif

چوتھا مرحلہ تمام مراحل میں سب سے اہم ہے لہذا اسے دھیان سے طے کیجیے۔
جملہ! ڈیٹابیس کی بنیاد پر مضامین وغیرہ سنبھالتا ہے اس لیے اسے ڈیٹابیس کی معلومات درکار ہیں جو آپ یہاں فراہم کریں گے یہ معلومات آپ کا ہوسٹ آپ کو فراہم کرتا ہے یا پھر ڈیٹابیس بناتے وقت آپ خود درج کرتے ہیں، یہ دو حصوں پر مشتمل ہیں۔
بنیادی ترتیبیں
4.1 سب سے پہلے ڈیٹابیس کی قسم چنیے، یہ عموماً mysql ہوتی ہے۔
4.2 ہوسٹ کا نام لکھیے، یہ عموماً localhost ہوتا ہے۔
4.3 ڈیٹابیس کا صارف نام لکھیے، لوکل سرور میں عموماً "root" ہوتا ہے۔
4.4 اپنے ڈیٹابیس کا خفیہ لفظ لکھیے، اگر آپ نے ڈیٹابیس بناتے وقت نہیں لکھا تو اسے خالی چھوڑدیں۔
4.5 اپنے ڈیٹابیس کا نام لکھیے، اگر آپ کا ہوسٹ صرف ایک ڈیٹابیس نام فراہم کرتا ہے تو اعلٰی ترتیبوں میں ٹیبل سابقہ ڈال کر جملہ! کے ڈیٹابیس کو جدا کرسکتے ہیں۔
اعلٰی ترتیبیں
یہاں آپ کو دو اختیار دیے گئے ہیں
4.6 پرانے ٹیبل ہٹانے کیلیے پہلے اختیار "موجود ٹیبل ہٹائیے" کو منتخب کیجیے، دھیان رہے اس سے تمام ٹیبلز حذف ہوجائیں گے اور آپ انہیں واپس نہیں لاسکیں گے۔
4.7 یا ان کا بیک اپ بنانے کیلیے دوسرا اختیار چنیے اور ٹیبل سابقے میں کوئی سابقہ لکھ دیجیے جو آپ کے پرانے جملہ! ٹیبلز کے شروع میں لگ جائے گا اور آپ بوقت ضرورت انہیں واپس لا سکیں گے۔
4.8 اگلے مرحلے پر جائیے۔

5. ایف ٹی پی ترتیب
7128002-f84.gif

اس مرحلے میں ایف ٹی پی اکاؤنٹ کی تفصیلات لکھی جائیں گے تاکہ جملہ! فائل سسٹم کو بہتر طریقے سے سنبھال سکے۔
بنیادی ترتیبیں
اگر آپ کا سرور ونڈوز پر ہے تو
5.1 "ایف ٹی پی فائل سسٹم کی لیئر فعال کجیے" میں نہیں کو اختیار کرکے اگلے مرحلے پر جاسکتے ہیں۔
اگر آپ کا سرور لینکس پر ہے تو
5.2 "ایف ٹی پی فائل سسٹم کی لیئر فعال کجیے" میں ہاں کو اختیار کیجیے۔
5.3 ایف ٹی پی صارف لکھیے۔
5.4 ایف ٹی پی خفیہ لفظ لکھیے۔
5.5 ایف ٹی پی روٹ پاتھ خود لکھیے یا پہلا بٹن دبا کر خود کار طریقے سے تلاش کروائیے۔
5.6 یہ جاننے کیلیے کہ درج کی گئی معلومات درست ہیں یا نہیں "ایف ٹی پی ترتیبوں کی توثیق کیجیے" کا بٹن دبائیے درست نہ ہوں تو انہیں درست کرلیجیے۔
اعلٰی ترتیبیں
ضرورت ہو تو یہ معلومات لکھیے
5.7 ایف ٹی پی ہوسٹ لکھیے یہ آئی پی کی صورت میں ہوسکتا ہے۔
5.8 ایف ٹی پی پورٹ لکھیے۔
5.9 ایف ٹی پی خفیہ لفظ محفوظ رکھنا چاہتے ہیں یا نہیں اسے ہاں یا نہیں کے ذریعے اختیار کیجیے۔ نہیں کی صورت میں آپ کو ہر بار دوبارہ لکھنا پڑے گا اور محفوظ طریقہ یہی ہے۔
5.10 اگلے مرحلے پر جائیے۔

6. اہم ترتیب
7128003-41d.gif

یہ آخری اور اہم مرحلہ ہے جس میں آپ کچھ انتظامی اور ڈیٹابیس کی تفصیل بتاکر تنصیب مکمل کرلیں گے۔
6.1 یہاں سب سے اوپر سائٹ کا نام لکھیے۔
6.2 پھر اپنا ای میل کا پتہ لکھیے۔
6.3 اب اپنا انتظامی خفیہ لفظ لکھیے اور نیچے اس کی توثیق کیجیے۔
جملہ! ڈیٹابیس
6.4 اگرآپ جملہ! کا استعمال جانتے ہیں اور بالکل خالی تنصیب چاہتے ہیں تو اگلے مرحلے پر جائیے۔
6.5 اگر آپ جملہ! پہلی بار استعمال کررہے ہیں تومناسب ہوگا کہ آپ نمونہ ڈیٹا نصب کرلیں تاکہ آپ کو جملہ! کے استعمال کا اندازہ ہوسکے، اس کیلیے "نمونہ ڈیٹا نصب کیجیے" کا اختیار چنیے۔
6.6 اگر آپ کے پاس جملہ! کا محفوظ شدہ ڈیٹابیس موجود ہے اور اسے لانا چاہتے ہیں تو دوسرے اختیار "مائگریشن اسکرپٹ لوڈ کیجیے" کو اختیار کیجیے۔
6.7 انتہائی اپ لوڈ حجم میں وہ مقدار نظر آرہی ہوگی جس کے برابر ڈیٹابیس فائل آپ اپنے سرور پر اپ لوڈ کرسکتے ہیں اس سے بڑی ہونے کی صورت میں آپ کو فائل تقسیم کرنی پڑے گی۔
6.8 نیچے اپنی پرانی سائٹ کا ڈیٹابیس ٹیبل سابقہ لکھیے۔
6.9 پرانی سائٹ کی ڈیٹابیس انکوڈنگ ڈالیے۔
6.10 لوکل سرور یا کمپیوٹر سے مائگریشن اسکرپٹ ڈھونڈیے اگر پہلے سے اپ لوڈ ہے تو نچلے چیک باکس کو منتخب کیجیے۔
6.11 اگر سائٹ جملہ! کے ورژن 1.0 کے ذریعے بنائی گئی تھی اور اس کا مائگریشن اسکرپٹ استعمال کررہے ہیں تو اس کی نشاندہی کیجیے۔
6.12 "اپ لوڈ اور پھر عملدرآمد کیجیے" کو دبائیے۔
6.13 عمل مکمل ہونے پر اگلے مرحلے پر جائیے۔

7. تکمیل
7128004-a38.gif

یہاں آپ کو صرف یہ اطلاع دینا مقصود کہ آپ کا جملہ! کامیابی سے نصب ہوگیا ہے۔
7.1 اپنی سائٹ کی انتظام گاہ ( جہاں آپ مضمون لکھنا، اردو زبان نصب کرنا، روابط بدلنا وغیرہ کرسکیں ) میں داخل ہونے کیلیے منتظم کو کلک کیجیے اور نیا صفحہ کھلنے پر مانگی معلومات لکھ کر داخل ہوجائیے۔
7.2 اپنی جملہ! سائٹ کے صفحہ اول پر جانے کیلیے بائیں طرف اوپر سائٹ کے بٹن کو کلک کیجیے۔
7127982-873.gif

توجہ: اب آپ کو اپنے سرور سے انسٹالیشن فولڈر حذف کرنا ہے اس کے بغیر جملہ! کا صفحہ اول دکھائی نہیں دے گا ایف ٹی پی کلائنٹ کی مدد سے سرور سے جڑ جائیے اور installation فولڈر حذف کردیجیے۔
7127990-ee0.gif

اگر آپ انسٹالیشن فولڈر حذف کیے بغیر صفحہ اول پر جائیں گے تو اوپر والا پیغام ظاہر ہوگا۔
(اگر کہیں کوئی غلطی ہو تو براہ کرم اطلاع کردیجیے اور اشاعت کی عام اجازت ہے)
 

نبیل

تکنیکی معاون
جزاک اللہ خیر باسم۔ میں نے اس ٹیوٹوریل کو یہاں منتقل کر دیا ہے۔ اگر آپ اپنے مضمون میں ترمیم کرکے اس میں جملہ کا اردو ترجمہ شامل کرنے کا طریقہ بھی شامل کر دیں تو اس سے بھی اس ٹیوٹوریل کی افادیت میں اضافہ ہو جائے گا۔ میں نے آپ کے تیار کردہ ترجمے کو استعمال کرکے جملہ 1.5.10 کو لوکل ہوسٹ پر انسٹال کیا ہوا ہے۔ ابھی اس کی ٹیمپلیٹس کی اردو کسٹمائزیشن پر کام باقی ہے۔ کچھ پراجیکٹس سے فارغ ہو کر اس پر بھی توجہ دوں گا۔ اگر کوئی دوست جملہ 1.5 کی ٹیمپلیٹس کی اردو کسٹمائزیشن کرکے فراہم کر دیں تو اس سے بھی جملہ کے اردو پیکج کی تیاری میں مدد مل سکتی ہے۔
 

ذیشان حیدر

محفلین

بہت شکریہ بھائی جان!
لیکن یہ تو بتلائیے کہ اردو جملہ کس کام آتا ہے اورہم اس سے کیا فائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کی افادیت بتا دیں‌نوازش ہوگی۔
جزاک اللہ خیرا و الحسن الجزا
 

باسم

محفلین
میرے بھائی تحریر کے شروع میں ہی لکھا تھا
جملہ! کا تعارف
جملہ! ایک مفت سی ایم ایس (ویب اجزا سنبھالنے کا نظام) ہے جس کی مدد سے کسی ویب سائٹ کو منظم رکھنا آسان رہتا ہے، یہ سائٹ میں موجود مواد کو ترتیب دینے کیلیے ڈیٹابیس کا استعمال کرتا ہے، دوسرے سی ایم ایس پر جملہ! کی فوقیت اس کے استعمال میں وسعت، محفوظ ہونے اور ہزاروں ایکسٹنشنز کی دستیابی کی وجہ سے ہے۔
مزید کوئی سوال ہو تو ضرور پوچھیے
 

باسم

محفلین
جملہ بھی بطور بلاگ استعمال ہوسکتا ہے مگر بلاگ کیلیے یہ ورڈپریس کا متبادل نہیں ہوسکتا
جملہ کیلیے اردو ایڈیٹر ابھی تک دستیاب نہیں ہوسکا ہے
 

شکاری

محفلین
میں پھر بھی اسے تجرباتی طور پر بلاگنگ کے لیے استعمال کرکے دیکھوں گا۔

کوئی نیا تجربہ ہی صیحیح ۔ ۔ ۔ ۔
 

شکاری

محفلین
یہاں آپ دو اختیار دیے گئے ہیں
4.6 پرانے ٹیبل ہٹانے کیلیے پہلے اختیار "موجود ٹیبل ہٹائیے" کو منتخب کیجیے، دھیان رہے اس سے تمام ٹیبلز حذف ہوجائیں گے اور آپ انہیں واپس نہیں لاسکیں گے۔
4.7 یا ان کا بیک اپ بنانے کیلیے دوسرا اختیار چنیے اور ٹیبل سابقے میں کوئی سابقہ لکھ دیجیے جو آپ کے پرانے جملہ! ٹیبلز کے شروع میں لگ جائے گا اور آپ بوقت ضرورت انہیں واپس لا سکیں گے۔
4.8 اگلے مرحلے پر جائیے۔

-------------------------------------------------------------------------------------------------------------------

جس ہوسٹ پر میرا بلاگ انسٹال ہے اسی پر میں اس کا تجربہ کرنا چاہتا ہوں اگر میں ایک الگ سے مائی ایس کیو ایل ڈیٹا بیس انسٹال کرکے اس پر اگر جملہ انسٹال کروں تو کونسا آپشن منتخب کروں جو میرے بلاگ کے ٹیبلز کو ڈسٹرب نہ کرے۔
 

باسم

محفلین
اگر نئے نام سے ڈیٹابیس بنے یا ایک ہی نام کے ڈیٹابیس کو استعمال کرنے کی اجازت ہو دونوں صورتوں میں دوسرا اختیار منتخب کیا جائے گا
الگ بنے تو پرانے ٹیبلز کو کچھ بھی نہیں ہوگا اگر ایک ہی نام سے ہوتو جملہ کے ٹیبلز اسی ڈیٹابیس میں الگ سابقے کے ساتھ بنیں گے
 
Top