جمہوریت مضبوط کیسے؟

الف نظامی

لائبریرین
بات یہ ہے کہ طاقت جب کسی ایک ہی ادارے میں یا ایک ہی شخص میں مرتکز ہوتی ہے تو یہ کئی خرابیاں پیدا کر دیتی ہے۔ پاکستان جمہوریت کی بنیاد پر بنا اور اس میں جمہوری طرزِ حکومت ہی جاری و ساری ہے۔ بد قسمتی سے جمہوریت لیکن ابھی تک یہاں مضبوط نہیں ہو سکی۔ سیاستدانوں کا اگرچہ شکوہ یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے جمہوریت کو قوی نہیں ہونے دیا، یہ لیکن پورا سچ نہیں۔ پورا سچ یہ ہے کہ کوئی کسی کو باہر سے نقصان نہیں پہنچا سکتا اور کمزور نہیں کر سکتا، جب تک کوئی اندر سے خود کمزور نہ ہو جائے اور شکست قبول نہ کر لے۔

دراصل بات یہ ہے کہ جس چیز پر کسی معاملے کی بنیاد ہو، اسے اگر توانا نہیں کیا جاتا تو کمزوری جا نہیں سکتی۔ جمہوریت کی بنیاد اگر جمہور کے حقوق پر ہے تو یہ کیسے ممکن ہے کہ چند خاندانوں اور ان کے وفاداروں کے مفاد کے تحفظ سے جمہوریت مضبوط ہو جائے۔ جمہور کے مفاد میں اصول اور آئین کی مضبوطی ہی دراصل جمہوریت کی مضبوطی ہے۔ اگر سیاستدان خود آئین پر عمل نہیں کریں گے تو پھر جن میں ان سے زیادہ طاقت ہوگی، وہ کہیں زیادہ قوت سے آئین توڑ ڈالیں گے۔ آئین شکنی کی جہاں روایت اور ریت پڑ جائے پھر اس میں کمتر پر اکتفا نہیں ہو سکتا۔
 
Top