جوڈیشل کمیشن نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے منظم دھاندلی کے الزامات مسترد کردیئے

جوڈیشل کمیشن نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے منظم دھاندلی کے الزامات مسترد کردیئے
اسلام آباد: عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے انتخابات میں دھاندلی سے متعلق تحریک انصاف کے تمام الزامات مسترد کردیئے۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں منظم دھاندلی کے تینوں الزامات مسترد کردیا۔ ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن میں کہا گیا ہےکہ کمیشن کی تمام کارروائی میں انتخابات میں منظم دھاندلی ثابت کرنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے اپنی رپورٹ 3 جولائی کو تیار کی جسے آج سیکریٹری قانون کو بھجوایا گیا اور سیکریٹری قانون نے رپورٹ کو وزیراعظم ہاؤس بھجوادیا۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ سیکریٹری قانون کی جانب سے سیل بند رپورٹ وزیراعظم ہاؤس کو بھیجی گئی جس کے بعد کل وزیراعظم کی جانب سے خصوصی اجلاس طلب کیے جانے کا امکان ہے جس میں رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا اور اسے عام کرنے کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کی جائے گی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں کام کرنے والے 3 رکنی کمیشن نے 8 اپریل سے اپنی کارروائی کا آغاز کیا، کمیشن کے دیگر 2 ممبران میں جسٹس امیر مسلم ہانی اور جسٹس اعجاز افضل شامل تھے، کمیشن نے 86 روز کام کیا اور اس کے 39 اجلاس ہوئے جس میں مجموعی طور پر 69 گواہان پیش ہوئے،تحریک انصاف کے 16 گواہوں نے بیانات ریکارڈ کرائے جب کہ 11 ریٹرننگ افسران کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے بلایا گیا۔ جوڈیشل کمیشن میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب شاہد حامد اور تحریک انصاف کے حفیظ پیرزادہ نے دلائل دیئے۔

دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہےکہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کا انتظار ہے اور رپورٹ کی کمیشن سے تصدیق کے بعد ہی اس پر کوئی رد عمل دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عام انتخابات میں تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی جانب سے مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد کیے گئے تھے جس کے بعد تحریک انصاف نے اسلام آباد میں 126 روزہ دھرنا دیا تھا۔
 
آزادی مارچ اور انقلاب مارچ تو اسی دن کامیاب ہوگیا تھا جب حکومت نے مشرف کے خلاف آئین شکنی کیس روک دیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مشرف کے ساتھیوں نے تو عمران کو استعمال کر کے اپنا مقصد پا لیا اور بعد میں عمران کو سیاسی رسوائی کے لئے چھوڑ دیا۔
 

جاسمن

لائبریرین
سادہ دِل عوام۔۔۔۔۔ہر ایک کو اپنا نجات دہندہ سمجھ کے جانی،مالی ہر طرح کی قُربانیاں دینے چل پڑتی ہے۔۔۔۔۔۔۔
 

جاسمن

لائبریرین
کس قدر پیسہ ،وقت،محنت اور جانیں ضائع ہوئیں۔ اور عورتوں،لڑکیوں کے اجتماع سے جو مسائل ہوئے وہ علیحدہ۔۔۔۔۔لاحول ولا قوۃ الا باللہ العلی العظیم۔
 
آخری تدوین:
Top