محمداحمد
لائبریرین
کہتے ہیں کہ نصیحت ایسی چیز ہے جس کی عقلمندوں کو ضرورت نہیں ہوتی اور یہ "ہم جیسوں" پر اثر نہیں کرتی لیکن پھر بھی نصیحت کرنے والے ان چھوٹی چھوٹی باتوں کی پرواہ نہیں کرتے ۔ مزے کی بات یہ ہے کہ اُن کے مخاطبین بڑی بڑی باتوں کی بھی پرواہ نہیں کرتے۔ سو اس طرح سب کے معاملات چلتے رہتے ہیں۔ آپ نے اکثر لوگوں کو شکوہ کرتے سُنا ہوگا کہ نصیحت کی بات کسی کو سمجھ نہیں آتی۔ ہم نے بھی سُنا تو تھا لیکن اُس وقت تک یہ بات ہمیں ہضم نہیں ہوئی جب تک ہمارے بہت ہی پیارے مغل بھائی کی درج ذیل نصیحت "باصرہ نواز" نہ ہوئی۔
"احباب سے التماس گزار ہوں لڑی کو اکھاڑہ بنانے سے اجتناب کیا جائے ۔ امید ہے دوست احباب خارجی و داخلی پرداخت کے لیے مہذب طریقِ گفتگو اختیار کریں گے ۔ الخ"
سچ پوچھیے تو ہمیں یہ نصیحت بالکل سمجھ نہیں آئی اور اس طرح اُن کی بات سچ ثابت ہوئی جو کہتے ہیں کہ نصیحت کسی کی سمجھ نہیں آتی۔ چلیے ہمیں سمجھ میں نہ آنے کی وجہ تو ہم تحریر کے شروع میں بھی بیان کرچکے ہیں لیکن خاکسار کا خیال ہے کہ اس قسم کی نصیحت دیکھ کر تو وہ آہوانِ دشت بھی رم کرتے نظر آئیں گے جو سالہا سال نصیحت کے حصول کے لئے صدیوں پرانے قصے سنتے ہیں اور کبھی حکیم لقمان اور کبھی شاہ بلیغ الدین کے حقّوں میں چلم بھرتے نظر آتے ہیں۔ ایک ہمارے سعود بھائی ہیں کہ جن کا "انتہائی انتباہ" بھی کچھ ایسا لگتا ہے جیسے کہہ رہے ہوں کہ اگر آپ نے ہوم ورک نہیں کیا تو آپ کو ٹافی نہیں ملے گی۔ اب ظاہر ہے ایسی باتوں پر لوگ ذرا دھیمے سُروں میں مسکراتے ہیں اور پھر باقی ماندہ "کام" نمٹانے لگتے ہیں۔
بہر حال ہمیں نصیحت وغیرہ سے کیا کام ۔ ہم تو بقول فیض یہی کہتے نظر آتے ہیں کہ:
جو تمہاری مان لیں ناصحا تو رہے گا دامنِ دل میں کیا
نہ کسی عدو کی عداوتیں نہ کسی صنم کی مُروّتیں
اور اگر اتنا سننے کے باوجود بھی وہ نہ مانیں تو دل کو بہلانے کے لئے دل ہی دل میں گنگناتے رہتے ہیں کہ :
میری جان آج کا غم نہ کر، کہ نہ جانے کاتبِ وقت نے
کسی اپنے کل میں بھی بھول کر، کہیں لکھ رکھی ہوں مُسرّتیں
اگر آپ بھی یہ نسخہ استعمال کریں تو آپ کو پتہ چلے گا کہ یہ "اس مرض" کے لئے "اکثیر" ہے۔ارے ہاں کام کی بات تو رہ ہی گئی جو ہم کہنے آئے تھے اور وہ یہ کہ تمام اہلِ محفل اگر کوشش کریں کہ ایک موضوع کے تحت اُبھرنے والے اشتعال کو "کیری فارورڈ" نہ کریں یعنی اگر کسی کی کوئی بات کسی خاص موضوع میں اچھی نہیں لگی تو اُسے اس موضوع میں ہی نمٹا دیں اور اگر خاطر خواہ جواب دینے سے پہلے ہی لڑی مقفل ہوجائے تو آپ بھی مذکورہ ڈیٹا ڈسکارڈ کردیں۔ ہاں اگر واقعی آپ کو "کیری فارورڈ" کرنے کا شوق ہے تو پھر وہ باتیں ضرور کریں جن سے محبتوں کو فروغ ملے۔ ایک بات اور بھی کہ ضروری نہیں کہ سب ویسا ہی سوچیں جیسا ہم سوچتے ہیں پھر بھی ہمیں دوستوں کی ضرورت تو ہوتی ہی ہے نا۔۔۔! دوستی کے لئے چند قدرِ مشترک کا ہونا ہی کافی ہوتا ہے کہ مشترک باتیں لوگوں کو قریب لاتی ہیں اور اختلافی مباحث تلخیاں پیدا کرتے ہیں۔ سو ہم اگر محفل کے دوستوں اور خود میں میں قدرِ مشترک تلاش کریں تو اتنی بہت سی مل جائیں گی کہ عمر ختم ہو جائے گی دوستی ختم نہیں ہوگی۔
ارے بھائی چلے کہاں ؟ یہ نصیحت ہر گز نہیں ہے۔ یہ تو بس یوں ہی۔
ہاں اگر یہ آپ کو واقعی نصیحت لگ رہی ہے تو پھر آپ بھی "ہم جیسوں " کی "کلاس" میں شامل ہوجائیں۔ بہت فائدے میں رہیں گے۔