جو حقِ ثنائے خدائے جہاں ہے - مولانا کفایت علی کافی مراد آبادی (شہید)

الف نظامی

لائبریرین
جو حقِ ثنائے خدائے جہاں ہے
زبان و دہاں میں وہ طاقت کہاں ہے

لکھوں وصف کیا اپنے منعم خدا کا
کیا اس نے انعام و احسان کیا کیا

عدم سے کیا اس نے موجود ہم کو
دیا خلعتِ زندگانی عدم کو

عطا کر کے علم و خرد ، فہم و بینش
بشر کو کیا زیورِ آفرینش

کہاں تک کرے کوئی نعمت شماری
کہاں تک کرے کوئی اوصافِ باری

کرے کوئی تشریح و تفصیل کیا کیا
کہ عاجز ہے یاں عقلِ تشریح پیرا

بھلا کس کو مقدورِ حمدِ خدا ہے
تحیر تحیر تحیر کی جا ہے

(مولانا کفایت علی کافی)​
 
Top