جیدی سے شہرت پانے والے نامور اداکار اطہر شاہ خان مداحوں سے بچھڑ گئے

جاسم محمد

محفلین
انٹرٹینمنٹ
10 مئی ، 2020
ویب ڈیسک
جیدی سے شہرت پانے والے نامور اداکار اطہر شاہ خان مداحوں سے بچھڑ گئے
221020_7795334_updates.jpg

جیدی سے شہرت حاصل کرنے والے اطہر شاہ خان مداحوں سے بچھڑ گئے—فوٹو فائل

اردو دنیا کے ممتاز شاعر، ڈرامہ نگار، فلم ساز اور ٹیلی ویژن کے کردار جیدی سے شہرت حاصل کرنے والے نامور اداکار اطہر شاہ خان اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

اداکار اطہر شاہ خان جیدی طویل عرصے سے شگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور وہ رضائے الہی سے آج انتقال کر گئے۔

اطہر شاہ خان مرحوم نے سوگوارن میں اہلیہ اور چار بیٹے چھوڑے ہیں۔

مرحوم اطہر شاہ خان بھارت کے شہر رام پور میں پیدا ہوئے اور انتقال کے وقت ان کی عمر 77 برس سے زائد تھی۔ آپ 1947 میں خاندان کے ساتھ لاہور اور 1957 میں کراچی منتقل ہوئے۔

اطہر شاہ خان جیدی نے لاہور سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد پشاور سے سیکنڈری تک پڑھا اور پھر کراچی میں اُردو سائنس کالج سے گریجویشن کیا، بعدازاں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے صحافت کے شعبے میں ماسٹرز بھی کیا۔

ان کا شمار ٹیلی ویژن کے ابتدائی ڈرامہ نگاروں اور فن کاروں میں کیا جاتا ہے۔

اطہر شاہ خان کی سپرہٹ ڈرامہ سیریلز میں انتظار فرمائیے، ہیلو ہیلو، جانے دو، برگر فیملی، آشیانہ، آپ جناب، جیدی اِن ٹربل، پرابلم ہاؤس، ہائے جیدی، کیسے کیسے خواب، با اَدب با ملاحظہ ہوشیار اور دیگر شامل ہیں۔

انتظار فرمائیے، وہ سیریل تھی جس نے اطہر شاہ خان کو ’جیدی‘ بنا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔

2001ء میں انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا اور پاکستان ٹیلی ویژن نے جب اپنی سلور جوبلی منائی تو اطہر شاہ خان جیدی کو گولڈ میڈل عطا کیا۔
 

ایس ایس ساگر

لائبریرین
انا للہ و انا الیہ راجعون۔
رب کریم مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
 
انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحوم ایک عظیم فنکار تھے ۔اللہ انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ آمین
 

شمشاد خان

محفلین
انا للہ و انا الیہ راجعون۔
اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ مرحوم پر اپنی بے شمار رحمتیں اور برکتیں نازل فرمائے، آخرت کی منزلیں آسان فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
 

سید عاطف علی

لائبریرین
انا للہ و انا الیہ راجعون
مرحوم سے ایک تقریب میں ملاقات ہوئی تھی کوئی چھتیس یا سینتیس برس قبل کراچی میں ۔ جب میں کافی نو عمر تھا۔
ہم اس زمانے میں جمعے کی صبح ان کا پروگرام ریڈیو پر سنا کرتے تھے ۔
بہت اچھے فنکار اور صاحب ذوق انسان تھے ۔ اللہ تعالی غریقِ رحمت کرے ۔
 
Top