جینے نہیں دیا گیا۔۔۔ برائے اصلاح

شاہد شاہنواز

لائبریرین
جینے نہیں دیا گیا مرنے نہیں دیا گیا

ہم کو تو کوئی کام بھی کرنے نہیں دیا گیا

سوچا تھا اس کے گھر میں ہم جائیں گے تمکنت کے ساتھ

اس کی گلی میں پاؤں بھی دھرنے نہیں دیا گیا

مے تھی تو سامنے مگر اس کا بھی فائدہ نہ تھا

بزمِ وفا میں جام کو بھرنے نہیں دیا گیا

دنیا میں ہم نے سب کیا ، دنیا نے جو کہا ہمیں

بس جو ہمارے دل میں تھا کرنے نہیں دیا گیا

کیسے کہیں کسے کہیں کتنا عجیب تھا جہاں

ہم کو دیارِ خوف میں ڈرنے نہیں دیا گیا

(شاہدشاہنواز)
 
یاسر شاہ

محفلین
جینے نہیں دیا گیا مرنے نہیں دیا گیا
ہم کو تو کوئی کام بھی کرنے نہیں دیا گیا
واہ-کیا خوب

سوچا تھا اس کے گھر میں ہم جائیں گے تمکنت کے ساتھ
اس کی گلی میں پاؤں بھی دھرنے نہیں دیا گیا

شعر میں "مگر " کی کمی محسوس ہوتی ہے :

سوچا تھا تمکنت سے ہم جائیں گے اس کے گھر مگر
اس کی گلی میں پاؤں بھی دھرنے نہیں دیا گیا

مے تھی تو سامنے مگر اس کا بھی فائدہ نہ تھا
بزمِ وفا میں جام کو بھرنے نہیں دیا گیا

شعر دولخت لگ رہا ہے -

دنیا میں ہم نے سب کیا ، دنیا نے جو کہا ہمیں
بس جو ہمارے دل میں تھا کرنے نہیں دیا گیا

واہ

کیسے کہیں کسے کہیں کتنا عجیب تھا جہاں
ہم کو دیارِ خوف میں ڈرنے نہیں دیا گیا

یہاں بھی دونوں مصرعوں کا آپسی ربط کمزور ہے -
 
الف عین

لائبریرین
تمکنت والے شعر میں یاسر کی تجویز اچھی ہے قبول کر لو

مے تھی تو سامنے مگر اس کا بھی فائدہ نہ تھا
بزمِ وفا میں جام کو بھرنے نہیں دیا گیا
. . مطلب سمجھ تو نہیں سکا لیکن روانی کے اعتبار سے 'جام کو' اچھا نہیں ۔ 'جام تک' کر دو تو زیادہ بہتر ہے

دنیا میں ہم نے سب کیا ، دنیا نے جو کہا ہمیں
بس جو ہمارے دل میں تھا کرنے نہیں دیا گیا
... دو بار دنیا کا استعمال گراں گزرتا ہے
دنیا نے جو کہا ہمیں، کام وہ ہم نے سب کیے/کیا
یا اس قسم کا کوئی مصرع بہتر رہے گا
باقی اشعار اچھے ہیں
 
شاہد شاہنواز

لائبریرین
جینے نہیں دیا گیا مرنے نہیں دیا گیا
ہم کو تو کوئی کام بھی کرنے نہیں دیا گیا

سوچا تھا تمکنت سے ہم جائیں گےاس کے گھر مگر
اس کی گلی میں پاؤں بھی دھرنے نہیں دیا گیا

مے تھی تو سامنے مگر اس کا بھی فائدہ نہ تھا
بزمِ وفا میں جام تک بھرنے نہیں دیا گیا

دنیا نے جو کہا ہمیں، کام وہ ہم نے سب کیے
بس جو ہمارے دل میں تھا کرنے نہیں دیا گیا

کیسے کہیں کسے کہیں کتنا عجیب تھا جہاں
ہم کو دیارِ خوف میں ڈرنے نہیں دیا گیا

۔۔۔ یہاں اس بحث کو تمام کرتے ہیں ۔۔

بہت بہت شکریہ
۔۔۔محترم یاسر شاہ ۔۔۔ اور جناب الف عین
 
Top