سودا جی مرا مجھ سے یہ کہتا ہے کہ ٹل جاؤں گا ۔ مرزا رفیع سودا

فرخ منظور

لائبریرین
جی مرا مجھ سے یہ کہتا ہے کہ ٹل جاؤں گا
ہاتھ سے دل کے ترے اب میں نکل جاؤں گا

لطف اے اشک کہ جوں شمع گھُلا جاتا ہوں
رحم اے آہِ شرر بار! کہ جل جاؤں گا

چین دینے کا نہیں زیرِ زمیں بھی نالہ
سوتوں کی نیند میں کرنے کو خلل جاؤں گا

قطرہء اشک ہوں پیارے، مرے نظّارے سے
کیوں خفا ہوتے ہو، پل مارتے ڈھل جاؤں گا

اس مصیبت سے تو مت مجھ کو نکال اب گھر سے
تُو کہے آج ہی جا، میں کہوں کل جاؤں گا

چھیڑ مت بادِ بہاری کہ میں جوں نکہتِ گُل
پھاڑ کر کپڑے ابھی گھر سے نکل جاؤں گا

میری صورت سے تو بیزار ہے ایسا ہی تو دیکھ
شکل اس غم سے کوئی دن میں بدل جاؤں گا

نطق کہتا ہے مرا آج یہ ہر ناطق سے
آن کر ہونٹ ابھی طوطی کے مل جاؤں گا*

کہتے ہیں وہ جو ہے سودا کا قصیدہ ہی خوب
اُن کی خدمت میں لیے میں یہ غزل جاؤں گا

(مرزا رفیع سودا)

* آن کر ہونٹ ابھی طوطی کے سے مل جاؤں گا
کلیاتِ سودا میں یہ مصرع ایسے درج ہے جبکہ متغیرات میں یہ مصرع بھی شامل ہے جو غزل میں درج کیا گیا ہے۔ وارث صاحب کے مطابق یہ مصرع وزن میں نہیں ہے اس لئے اسے متغیرات سے بدل دیا گیا ہے۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
شکریہ فرخ صاحب خوبصورت غزل شیئر کرنے کیلیے۔



اس شعر کے دوسرے مصرعے میں کوئی مسئلہ ہے، پلیز پھر دیکھ لیں۔

شکریہ وارث صاحب! یہ شعر ایسے ہی کلیاتِ سودا میں درج ہے۔ البتہ حاشیے میں اس مصرعے کے کچھ متغیرات لکھے ہیں۔

آن کر ہونٹ ابھی طوطی سے مل جاؤں گا

آن کر ہونٹ ابھی طوطی کے مل جاؤں گا

آپ کو جو پسند ہے وہ بتا دیں میں تبدیلی کر دیتا ہوں۔
 

فرحت کیانی

لائبریرین
چین دینے کا نہیں زیرِ زمیں بھی نالہ
سوتوں کی نیند میں کرنے کو خلل جاؤں گا


واہ۔ :)
بہت شکریہ سخنور۔ کیا خوب انتخاب ہے :)
 

محمد وارث

لائبریرین
کے اور سے دونوں نہیں ہو سکتے، وزن خراب ہو جاتا ہے، نہ جانے مرتب نے کیسے لکھ دیا۔ متغیرات صحیح ہیں، لیکن کونسا لفظ ہو اس کیلییے آپ میری پسند چھوڑیں، اپنی پسند کا لکھ دیں اور فٹ نوٹ میں دوسرا مصرع لکھ دیں :)
 

فرخ منظور

لائبریرین
کے اور سے دونوں نہیں ہو سکتے، وزن خراب ہو جاتا ہے، نہ جانے مرتب نے کیسے لکھ دیا۔ متغیرات صحیح ہیں، لیکن کونسا لفظ ہو اس کیلییے آپ میری پسند چھوڑیں، اپنی پسند کا لکھ دیں اور فٹ نوٹ میں دوسرا مصرع لکھ دیں :)

حضور جیسا آپ حکم فرمائیں۔ :)
 
Top