حدیثِ دوست.....فرامین رسول صلی اللہ علیہ و سلم

فلک شیر

محفلین
سیدنا سلمان بن عامررضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسوال اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا
’’مسکین پر صدقہ صرف صدقہ ہے، جب کہ رشتہ دار پر صدقہ، صدقہ بھی ہے اور صلہ رحمی بھی ہے‘‘
(سنن ترمذی،کتاب الزکاۃ658 )
 

فلک شیر

محفلین
سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے کہ :
"تمام اعمال کا دارومدار نیت پر ہے اور ہر عمل کا نتیجہ ہر انسان کو اس کی نیت کے مطابق ہی ملے گا۔ پس جس کی ہجرت ( ترک وطن ) دولت دنیا حاصل کرنے کے لیے ہو یا کسی عورت سے شادی کی غرض ہو۔ پس اس کی ہجرت ان ہی چیزوں کے لیے ہو گی جن کے حاصل کرنے کی نیت سے اس نے ہجرت کی ہے"
(صحیح بخاری، کتاب الوحی 1)
 

فلک شیر

محفلین
سیدنامغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ:
"رسول اللہﷺ نے نمازپڑھی یہاں تک کہ آپ کے پیرسوج گئے توآپ سے عرض کیاگیا: کیا آپ ایسی زحمت کرتے ہیں حالاں کہ آپ کے اگلے پچھلے تمام گناہ بخش دئے گئے ہیں؟ توآپ نے فرمایا:'' کیا میں شکرگزار بندہ نہ بنوں؟''
(سنن الترمذی،192باب ما جاء فی الاجتہاد فی الصلاۃ)​
 

فلک شیر

محفلین
سیدنا ابو ہریرہ﷜ سے مروی ہے کہ نبی کریمﷺ نے فرمایا:
’’بے شک اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
اے آدم کے بیٹے!
میری عبادت کیلئے فارغ ہوجا ،
میں تیرے سینے کو غنا سے بھر دوں گا اور تیری محتاجگی ختم کر دوں گا۔
اور اگر تو نے ایسا نہ کیا (یعنی ہر وقت اپنی دُنیا میں ہی مشغول رہا) تو
میں تیرے ہاتھ کو مصروفیت سے بھر دوں گا اور (اتنی محنت اور مصروفیات کے باوجود) تیری محتاجگی کو (کبھی) ختم نہ کروں گا۔‘‘

(صحيح الترمذی: 2466)​
 

فلک شیر

محفلین
سیدنا انس﷜ سے مروی ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
’’کیا میں تمہیں جنتی مردوں کے بارے میں نہ بتاؤں؟‘‘ ہم نے عرض کیا: کیوں نہیں یا رسول اللہ! فرمایا: ’’1. نبی جنتی ہے، 2. صدیق جنتی ہے، 3. وہ آدمی جو شہر کے دوسرے کونے میں کسی کو صرف اللہ کیلئے ملنے جاتا ہے وہ جنتی ہے۔‘‘
(پھر فرمایا) ’’کیا میں تمہیں جنتی عورتوں کے بارے میں نہ بتاؤں؟‘‘ ہم نے عرض کیا: کیوں نہیں یا رسول اللہ! فرمایا: ’’1. ہر بہت محبت کرنے والی، 2. زیادہ بچے جننے والی، 3. جب وہ ناراض ہو یا اس سے برا معاملہ کیا جائے یا اس کا شوہر اس پر غصے ہو تو وہ (شوہر سے) کہے: یہ میرا ہاتھ تمہارے ہاتھ میں ہے، میں اس وقت تک نہیں سوؤں گی جب تک آپ مجھ سے راضی نہ ہوجائیں۔‘‘
(السلسلة الصحيحة: 3380)
 

فلک شیر

محفلین
سیدنا سفیان بن عبداللہ ثقفی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:
کہ میں نے کہا یا رسول اللہ ! مجھے اسلام میں ایک ایسی بات بتا دیجیے کہ پھر میں اس کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعدکسی سے نہ پوچھوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ کہہ میں اللہ پر ایمان لایا پھر اس پر قائم رہ۔ ‘‘
(صحیح مسلم، بَابٌ : فِي الْاِيْمَانِ بِاللّهِ وَالْإِسْتِقَامَةِ،19)
 

x boy

محفلین
اللہ تبارک وتعالی کافرمان ہے :
۔اورتیرے رب نےفیصلہ کردیاہےکہ اس کی عبادت کےعلاوہ کسی کی عبادت نہ کرواور والدین کےساتھ احسان اوراچھاسلوک کرو۔۔۔۔۔۔۔۔الاسراء ۔(23)

اوران حقوق میں والدہ کاحق سب سےزیادہ اورعظیم ہےکیونکہ والدہ ہی ہےجس نے اس کاحمل اٹھایااورپھروہی ہےجس نےاسےجنااوروہی ہےجس نےاسےدودھ پلایا ۔

۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کےپاس ایک شخص آکرپوچھنےلگااےاللہ تعالی کےرسول صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں میں سےسب سےزیادہ میرےحسن سلوک اورصحبت کاکون مستحق ہے ؟ تونبی صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا تیری والدہ اس نےپھرپوچھااس کےبعدکون ؟ تونبی صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا : تیری والدہ اس نےپھرپوچھااس کےبعدکون ؟ تونبی صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا : تیری والدہ ، اس نےپھرپوچھااس کےبعدکون ؟ تونبی صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایا : تیراوالد، ) صحیح بخاری اورمسلم اورلفظ بخاری کےہیں (الادب / ۔7
 

فلک شیر

محفلین
سیدنا عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے:
کہتے ہیں کہ ایک شخص نے کہا کہ یارسول اللہ ! اللہ کے نزدیک بڑا گناہ کونسا ہے؟ آ پ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’یہ کہ تو کسی کو اللہ تعالیٰ کا شریک ٹھہرائے حالانکہ تجھے اللہ (ہی) نے پیدا کیا۔‘‘ اس نے کہا پھر کونسا (گناہ بڑا ہے)؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’یہ کہ تو اپنی اولاد کو اس ڈر سے قتل کرے کہ وہ تیرے ساتھ کھائے گی۔‘‘ اس نے کہا پھر کونسا (گناہ بڑا ہے)؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’یہ کہ تو اپنے ہمسایہ کی عورت سے زنا کرے۔‘‘
(صحیح مسلم،بَابٌ : أَيُّ الذَّنْبِ أَكْبَرُ،52)
 

فلک شیر

محفلین
سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنھما کہتے ہیں:
’’ ایک شخص نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا کہ یارسول اللہ! دو واجب کر دینے والی چیزیں کیا کیا ہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس کو اس حال میں موت آئے کہ وہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرتا ہو، وہ جنت میں جائے گا اور جس کو اس حال میں موت آئے کہ اللہ کے ساتھ کسی کو شریک کرتا ہو، وہ جہنم میں داخل ہو گا۔‘‘
(صحیح مسلم،بَابٌ : مَنْ مَاتَ لاَ يُشْرِكُ بِاللَّهِ شَيْئًا دَخَلَ الْجَنَّةَ،53)​
 

فلک شیر

محفلین
سیدنا ابومسعود رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جو سورہ بقرہ کی آخری دو آیتیں پڑھے تو وہ اسے رات بھرکفایت کریں گی۔ ‘‘
(صحیح مسلم، بَابٌ : فِيْ خَوَاتِيْمِ سُوْرَةِ الْبَقَرَةِ ،2114)​
 

فلک شیر

محفلین
سیدناابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’دنیا مومن کے لیے قید خانہ اور کافر کے لیے جنت ہے۔‘‘
(صحیح مسلم،2098 )​
 

فلک شیر

محفلین
ام المومنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں:
’’ رسول اللہ ﷺ نے نہ کبھی کسی خادم کو مارا، اور نہ کبھی کسی عورت کو ‘‘
(سنن ابی داؤد، 4786)​
 

فلک شیر

محفلین
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’مومن بھولا بھالا اور شریف ہوتا ہے اور فاجر فسادی اورکمینہ ہوتا ہے‘‘
(سنن ابی داؤد،4790)
 

فلک شیر

محفلین
ام المومنین عائشہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:
نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ’’اے عائشہ! لوگوں میں سب سے بد ترین لوگ وہ ہیں ،جن کا احترام و تکریم ان کی زبانوں سے بچنے کے لئے کیا جائے‘‘
(سنن ابی داؤد، 4793)​
 
آخری تدوین:

فلک شیر

محفلین
سیدنا حارثہ بن وہب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ،آ پ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے :

’’ کیا میں تمہیں جنت کے لوگوں کے متعلق نہ بتاؤں؟‘‘ لوگوں نے کہا کہ بتلائیے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ہر کمزور ، لوگوں کے نزدیک ذلیل لیکن اگر اللہ کے بھروسے پر قسم کھالے تو اللہ تعالیٰ اس کو سچا کر دے۔‘‘ اور پھر فرمایا: ’’ کیا میں تمہیں دوزخ والوں کے بارے میں نہ بتاؤں؟ ‘‘ لوگوں نے عرض کی کہ کیوں نہیں! بتلائیے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ہر جھگڑالو، بڑے پیٹ والااور مغرور یا ہر مال جمع کرنے والا مغرور۔‘‘

(صحیح مسلم، 1991)
 
Top