حسابِ عمر میں گزری شبِ سیاہ تمام

La Alma

لائبریرین
حسابِ عمر میں گزری شبِ سیاہ تمام
کہ رات چھان لیا دفترِ گناہ تمام

بعید کیا ہے مجسم خطا ہی آئے نظر
وجودِ خاک پہ جب ڈالیے نگاہ تمام

کریں تو کیا کریں رندانِ تشنہ کام ترے
مئے تمام، مراسم تمام، چاہ تمام

نظامِ دہر ہمیشہ سے ہے رہینِ ستم
کہ ضربِ کُن سے کسی دم ہوئی نہ آہ تمام

چِھڑا جو ذکر کبھی حرفِ معتبر کا یہاں
مِری سخن وری کے چپ رہے گواہ تمام

رہِ حیات میں المٰی ہزار فتنے اُٹھے
غضب کی چال چلے رہروانِ راہ تمام
 
نور وجدان

لائبریرین
بہت خوب غزل ہے، لاجواب
کہ ضربِ کُن سے کسی دم ہوئی نہ آہ تمام

ضرب کن تو شاید خود ہی آہ ہے نا؟

چِھڑا جو ذکر کبھی حرفِ معتبر کا یہاں

حرف معتبر کی کچھ سمجھ نہیں آئی ... لفظ آپس میں بول رہے ہیں گویا مگر پھر بھی کچھ واضح کردیں پلیز
 
واہ!
ہمیشہ کی طرح لاجواب. بہت سی داد قبول فرمائیے.
چند گزارشات عرض کرنا چاہوں گا.
مئے تمام، مراسم تمام، چاہ تمام
مئے تمام مرکبِ توصیفی ہے جو یہاں کچھ غریب معلوم ہوتا ہے. اسے یوں کر لیں تو شاید بہتر رہے:
ہے مے تمام مراسم تمام چاہ تمام
مِری سخن وری کے چپ رہے گواہ تمام
سخن وری فارسی الاصل ہے اور اس کی 'ی' کا اسقاط غیر مستحسن. جو متبادل بآسانی میسر ہے اس میں بیان کچھ الجاؤ کا شکار ہو جاتا ہے لیکن میں بذاتِ خود اسے ترجیح دوں گا:
سخن وری کے مری چپ رہے گواہ تمام
 
آخری تدوین:

La Alma

لائبریرین
ہت خوب غزل ہے، لاجواب
بہت شکریہ نور!
حرف معتبر کی کچھ سمجھ نہیں آئی ... لفظ آپس میں بول رہے ہیں گویا مگر پھر بھی کچھ واضح کردیں پلیز
تعلی سمجھ کر نظر انداز کر دیجئے۔ وضاحت کی تو شرمندگی ہو گی۔
 
La Alma

لائبریرین
واہ!
ہمیشہ کی طرح لاجواب. بہت سی داد قبول فرمائیے.
چند گزارشات عرض کرنا چاہوں گا.
قدر افزائی کے لیے ممنون ہوں۔
مئے تمام مرکبِ اضافی ہے جو یہاں کچھ غریب معلوم ہوتا ہے. اسے یوں کر لیں تو شاید بہتر رہے:
ہے مے تمام مراسم تمام چاہ تمام
نشان دہی کے لیے شکریہ۔
"ہمے" تقطیع ہو گا۔کیا "سبو تمام" ٹھیک رہے گا؟
سخن وری فارسی الاصل ہے اور اس کی 'ی' کا اسقاط غیر مستحسن. جو متبادل بآسانی میسر ہے اس میں بیان کچھ الجاؤ کا شکار ہو جاتا ہے لیکن میں بذاتِ خود اسے ترجیح دوں گا:
سخن وری کے مری چپ رہے گواہ تمام
بہتر! بہت شکریہ۔
 
Top