حساب دل کا بہت ہی پختہ نکالنا ۔۔۔۔۔ برائے اصلاح

استادِ محترم الف عین سر اور احبابِ محفل سے اصلاح کی درخواست ہے۔۔۔
افاعیل : مَفاعلاتن مَفاعلاتن مَفاعلاتن

حساب دل کا بہت ہی پختہ نکالنا ہے
ترے تصرف میں ہے جو رقبہ نکالنا ہے

گرا ہے تالاب میں جو چہرہ نکالنا ہے
چمک رہا ہے جو تہہ میں سکہ نکالنا ہے

فریم کر لوں میں ذہن پر ان کی مسکراہٹ
الگ، ملاقات سے یہ لمحہ نکالنا ہے

تمھاری تصویر جلد واپس نہیں کریں گے
ترستی آنکھوں کو اپنا حصہ نکالنا ہے

جواب دیتے ہو مختصر اتنے، کچھ تو سوچو
کہ شاعری کے لیے بھی قصہ نکالنا ہے

جو مجھ سے ناراض ہو کے اندر سے بند کر لے
وہی تو نقشے سے گھر کے کمرہ نکالنا ہے

ہمارے بچوں کے واسطے بھی جو کم ہیں اصلاََ
انھیں وسائل میں گھر کا خرچہ نکالنا ہے

جو ذہن ماضی میں کھینچتا ہے ہمارا جبراََ
کسی طرح وہ خراب پرزہ نکالنا ہے

جو زندگی بھر کی رائگانی پہ سوچنا ہو
تو سر کے نیچے سے پہلے تکیہ نکالنا ہے

تمھاری پیشانی کس طرف ہے، اِدھر تو آؤ
تمھارے حصے کا ایک بوسہ نکالنا ہے

تمھاری مشکل پہ شعر لکھے، بنا بتائے
ہمیں بھی کچھ اپنا ذہنی خرچہ نکالنا ہے

بچا کے لایا ہوں عمر سے چند خواب کاشف
یہاں نئے شہر میں بھی جزیہ نکالنا ہے

سیّد کاشف

شکریہ
 

La Alma

لائبریرین
دلچسپ !
ایک الگ ہی آہنگ میں کہی گئی غزل ہے۔ کہیں کہیں مزاحیہ شاعری کا گمان ہوا۔
گرا ہے تالاب میں جو چہرہ نکالنا ہے
صرف چہرہ تالاب میں کیسے گر گیا؟ کیا کسی نے محبوب کا سر کاٹ کر تالاب میں۔ پھینک دیا ہے۔ :)
تمھاری پیشانی کس طرف ہے، اِدھر تو آؤ
لگتا ہے عاشق اندھا ہے۔ :):)
 
دلچسپ !
ایک الگ ہی آہنگ میں کہی گئی غزل ہے۔ کہیں کہیں مزاحیہ شاعری کا گمان ہوا۔

صرف چہرہ تالاب میں کیسے گر گیا؟ کیا کسی نے محبوب کا سر کاٹ کر تالاب میں۔ پھینک دیا ہے۔ :)

لگتا ہے عاشق اندھا ہے۔ :):)
مطلع کی بابت عرض ہےکہ مصرع ثانی شعر اور خیال کو مکمل کر رہا ہے ۔۔۔

دوسرا شعر میرے بیٹے کی روزہ کشائی پر ہوا تھا ۔۔۔ یہاں ایک باپ کی شفقت اور فخر دونوں کا اظہار ہے ۔۔۔ اور میرے خیال میں مناسب الفاظ کے ساتھ ہے ۔۔۔۔ ہمارے یہاں شاعری کب تک صرف محبوب اور محبوبہ کی گرد گھومتی رہے گی ۔۔۔۔ آگے بڑھیں بھائی ۔۔۔ بہت میدان دستیاب ہیں ۔۔:)
غزل کی پسندیدگی کے لئے شکریہ ۔۔۔
 

الف عین

لائبریرین
خوب ہے غزل اچھی زمین میں ماشاء اللہ
المی! میں تو یہ سمجھا ہوں کہ شاعر کو تالاب کے پانی میں خود اپنا چہرہ نظر آ رہا ہے (سوئمنگ پول ہو گا، ورنہ آج کل ایسے تالاب کم از کم ہند و پاک میں کہاں؟) اس لیے مجھے تو مصرع درست لگ رہا ہے البتہ دوسرے مصرعے سے ربط کمزور ہے

جواب دیتے ہو مختصر اتنے، کچھ تو سوچو
کہ شاعری کے لیے بھی قصہ نکالنا ہے
... سوال کا جواب یا خط کا، یا خطوط کا (اتنے کے استعمال سے ایک سے زائد سوالات/خطوط کا پتہ چلتا ہے)، لیکن واضح نہیں ہوا

جو مجھ سے ناراض ہو کے اندر سے بند کر لے
وہی تو نقشے سے گھر کے کمرہ نکالنا ہے
... واضح نہیں ہو سکا کہ کمرے کی جگہ مخصوص کرنا مراد ہے یا موجود/پلان کے مطابق جو کمرہ ہے/بنانے کا منصوبہ ہے، اس سے دست بردار ہو جانا ہے۔ کمرہ نکالنا سے دونوں مطالب نکلتے ہیں

ہمارے بچوں کے واسطے بھی جو کم ہیں اصلاََ
انھیں وسائل میں گھر کا خرچہ نکالنا ہے
... پہلے مصرع کی روانی مخدوش ہے
.... جو کم پڑیں گے
بہتر ہے روانی میں

جو ذہن ماضی میں کھینچتا ہے ہمارا جبراََ
کسی طرح وہ خراب پرزہ نکالنا ہے
... یہ بھی جبراً کی وجہ سے رواں نہیں لگتا، کچھ الفاظ بدل کر دیکھو

جو زندگی بھر کی رائگانی پہ سوچنا ہو
تو سر کے نیچے سے پہلے تکیہ نکالنا ہے
.. پہ سوچنا؟ اچھا نہیں،... 'کے بارے میں ' لا َسک تو اچھا ہے.
باقی درست اور اچھے ہیں اشعار
 
Top