حفظ قرآن میں دلچسپپی رکھنے والوں کے لئے چند تجاویز

باذوق

محفلین
حفظ قرآن میں دلچسپپی رکھنے والوں کے لئے چند تجاویز

بشکریہ : عبداللہ حیدر

قرآن کریم کو یاد کرنے والوں کےلیے میں چند تجاویز پیش کرتا ہوں۔
1۔ عربی زبان سے کم از کم اتنی واقفیت پیدا کریں کہ آیت سامنے آنے پر اس کا مفہوم سمجھ میں آ جائے۔ صرف و نحو میں مہارت حاصل کرنا ضروری نہیں، بس اتنی استعداد پیدا کیجیے کہ سادہ عربی عبارت کا مطلب سمجھ میں آ جائے ۔ اپنی آسانی کے مطابق تین یا چھے مہینے کا ٹارگٹ مقرر کیجیے۔اس مسئلے کا آسان حل یوں ہو سکتا ہے کہ قرآن کریم کے پہلے تین یا پانچ پاروں کو ترجمے اور تفسیر سے پڑھ لیجیے اور لفظی ترجمہ یاد کرنے کی کوشش کریں۔ پانچ پاروں کا لفظی ترجمہ یاد ہو جائے تو ان شاءاللہ پورے قرآن کریم کی کچھ نہ کچھ سمجھ آنے لگے گی۔
2۔ جس سورت کو یاد کرنے کا ارادہ ہو، اسے ترجمے اور تفسیر سے دوبارہ پڑھ لیں۔ اس میں بیان کی گئی باتوں پر تھوڑا تدبر کریں۔
3۔ کسی اچھے قاری کی آواز میں چند بار سورت کی تلاوت سنیں۔ (میں الشیخ سدیس کی تلاوت تجویز کرتا ہوں)۔
4۔ اس مرحلے پر سورت کا اجمالی خاکہ اور اس کے مضامین اور الفاظ کے کچھ نقوش آپ کے ذہن نشین ہو چکے ہوں گے۔ ابتدائی آیات کو یاد کریں اور یاد کی ہوئی آیات کی تعداد میں بتدریج اضافہ کرتے چلے جائیں۔
5۔ اٹھتے بیٹھے، چلتے پھرتے، سفر کے دوران اور جب بھی موقع ملے یاد کیے ہوئے حصے کو دہراتے رہیں۔
6۔ امکانی غلطی سے بچنے کے لیے یاد کیے ہوئے حصے کو سنانا مفید ہے۔ ایسا نہ ہو سکے تو ٹیپ ریکارڈر یا کمپیوٹر میں اپنی تلاوت ریکارڈ کر لیں اور پھر مصحف کھول کر اسے سن لیں۔
7۔ سب سے اہم کام اللہ تعالیٰ سے دعا کرنا ہے کہ وہ اس منزل کو آپ کے لیے آسان کر دے۔ اس سے صبر اور توفیق مانگتے رہیے۔اپنے اندر مستقل مزاجی اور ہمت جیسی صفات کو پروان چڑھائیے۔ مایوسی کو قریب نہ آنے دیجیے۔ گناہوں سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کیجیے۔



------
میری طرف سے ایک مفید مشورہ ان کے لئے جو کمپیوٹر کمپوزنگ کا بھی علم رکھتے ہیں :

اپنی آسانی کے مطابق تین یا چھے مہینے کا ٹارگٹ مقرر کیجیے۔ اس عرصے میں قرآن کریم کے پہلے تین یا پانچ پاروں کو ترجمے اور تفسیر سے پڑھ لیجیے اور لفظی ترجمہ یاد کرنے کی کوشش کریں۔ پانچ پاروں کا لفظی ترجمہ یاد ہو جائے تو ان شاءاللہ پورے قرآن کریم کی کچھ نہ کچھ سمجھ آنے لگے گی۔

آپ کسی ایک مترجم کا ترجمہ منتخب کر لیں۔
جس سورہ سے ابتداء کرنی ہو ، اس کو کمپوز کر کے یاد کریں۔ اس کے لئے آپ مائیکرو سوفٹ‌ ایکسل استعمال کر سکتے ہیں۔ ہر row میں ایک آیت کمپوز کریں۔
ماہرین کہتے ہیں کہ لکھ کر یاد کرنے سے ہر بات ذرا جلدی یاد ہو جاتی ہے۔
اس طرح دو کام ساتھ ساتھ انجام پا جاتے ہیں۔ آپ کی مقرر کردہ مدت میں آپ کو قرآن بھی حفظ ہو جاتا ہے اسی کے ساتھ ساتھ اس ترجمے کی سافٹ کاپی بھی تیار ہو جاتی ہے جو آپ کے اور دوسروں کے کام آنے اور ثواب جاریہ کے حصول کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
 
Top