خاموش ہیں ششدر ہیں پریشان بہت ہیں- فرحان محمد خان

غزل
خاموش ہیں ششدر ہیں پریشان بہت ہیں
کیوں کر نہ ہوں دل ایک ہے ارمان بہت ہیں

ایسا یہاں کوئی نہیں اپنا جسے کہتے
یوں شہر میں کہنے کو تو انسان بہت ہیں

افسوس کہ ایمان کی بو تک نہیں آتی
یہ بات الگ صاحبِ ایمان بہت ہیں

کچھ علم کی دولت بھی عطا کر انھیں مولا
کہنے کو یہاں صاحبِ عرفان بہت ہیں

اخلاق و محبت سے یہ محروم ہے کیسے؟
اس شہر میں سنتے ہیں مسلمان بہت ہیں

لیتے نہیں ہم لوگ سبق اس سے کوئی بھی
قرآن میں حکمت کے تو فرمان بہت ہیں

بس میرؔ کا دیوان ہے گنجینۂ معنی
یوں شہر کی دکانوں پہ دیوان بہت ہیں

فرحان محمد خان
 
مدیر کی آخری تدوین:

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
واہ ! بہت خوب فرحان بھائی ۔ اچھے اشعار ہیں ۔ بہت داد آپ کے لئے !

اخلاق و محبت والے مصرع میں ہے کو ہیں کرلیجئے۔ اور آخری شعر کا دوسرا مصرع ایک نظر دیکھ لیجئے ۔ وزن کا مسئلہ ہے ۔
 
آخری شعر کا دوسرا مصرع ایک نظر دیکھ لیجئے ۔ وزن کا مسئلہ ہے ۔
مجھے تو درست معلوم ہوتا ہے۔ دکان کا اصل تلفظ ک مشدد کے ساتھ ہی ہے۔

ہر دم قدم کو اپنے رکھ احتیاط سے یاں
یہ کارگاہ ساری دکانِ شیشہ گر ہے

میر تقی میؔر
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
فہد بھائی ، دوکان لکھنا درست نہیں ۔ اصل عربی میں دکّان تھا لیکن فارسیوں نے دکان استعمال کیا اور نون غنے کے ساتھ دکاں بھی استعمال کیا ۔ وہیں سے اردو میں آیا ۔ دکان اور دکاں درست ہیں ۔ دکّان لکھنا اور بولنا اب درست نہیں ۔ متروک ہے۔ دوچار قدیم شعراء نے اس طرح استعمال کیا ہو تو ہو۔ اب متروک ہوگیا ہے ۔
 
واہ ! بہت خوب فرحان بھائی ۔ اچھے اشعار ہیں ۔ بہت داد آپ کے لئے !

اخلاق و محبت والے مصرع میں ہے کو ہیں کرلیجئے۔ اور آخری شعر کا دوسرا مصرع ایک نظر دیکھ لیجئے ۔ وزن کا مسئلہ ہے ۔
شکریہ سر
یہ تلفظ اب اردو میں متروک ہے۔ دکان بروزن مکان فصیح ہے ۔
معلوماتی
 

یاسر شاہ

محفلین
اچھی غزل ہے فرحان بھائی -
انیس بھائی یہ سرقہ نہیں توارد ہے -دراصل یہ مطلع مطالعے کی دین ہے- یاد داشت (long term memory) سے کاغذ پہ منتقل ہوگیا-

اس حوالے سے یہ مضمون پڑھنے لائق ہے :

Sarwar Alam Raz Sarwar -- Articles | ادبی مضامین

اس مطلع کو نکال دیں غزل سے -
 
آخری تدوین:

انیس جان

محفلین
آپ کی بات ٹھیک ہے یاسر بھائی لیکن فرحان بھائی کو چاہیے کہ مطلع کو تھوڑا سا ادھر اُدھر کردیں

ورنہ میرے جیسے کم فہم لوگ اس کو سرقہ سمجھیں گے
 
آپ کی بات ٹھیک ہے یاسر بھائی لیکن فرحان بھائی کو چاہیے کہ مطلع کو تھوڑا سا ادھر اُدھر کردیں

ورنہ میرے جیسے کم فہم لوگ اس کو سرقہ سمجھیں گے
بھائی تھوڑا ادھر اُدھر نہیں ان شاء اللہ مکمل تبدیل کروں گا
 
Top