خواتین شاعرات

محسن حجازی

محفلین
اردو شاعری غالبا اتنی ہی پرانی ہوگی جتنی کہ اردو۔ قیاس اس بنیاد کی اس تقین پر ہے کہ فارغ البال لوگ ہر دور میں ہوتے ہوں گے۔ اب اردو کی تاریخ سے تو ہم زیادہ آگاہ نہیں تاہم اردو کے اساتذہ پر نظر ڈالی جائے تو کسی خاتون شاعرہ کا نام کم ہی دکھائی دیتا ہے۔ تاہم اب خواتین شاعرات کی تعداد نہ صرف اچھی خاصی ہے بلکہ اب تو اس قدر بڑھ چکی ہے کہ ہرچوتھی خاتون شعر گوئی کی صلاحیت سے مالامال نظر آتی ہے۔

اگر شاعری کی بنیاد فراغت و فرصت سمجھا جائے تو اس تغیر زمانہ کے ڈانڈے مغرب کے صنعتی انقلاب سے جا ملتے ہیں کہ اردو ادب نسواں میں اس انقلاب کی اصل بنیاد غالبا جوسر، گرائنڈر، اوون اور بالخصوص خانساماں کی ایجاد سے پڑی۔ ظاہر ہے کہ چار سیر قیمہ کوٹنے، دو سیر پیاز کاٹنے، آدھ کلو ثابت سرخ مرچ سل پر پیسنے اور چولہے میں گھنٹہ بھر لکڑیاں جھونکنے اور دھونکنے کے بعد 'وہ جہاں بھی گیا لوٹ کر میرے پاس آیا' قسم کے خیالات کا امکان ویسا ہرگز نہیں رہتا بلکہ اس قسم کے خیالات 'وہ جہاں بھی گیا وہیں رہے' کی سمت میں بھٹکنے لگتے ہیں۔

ہماری بہت سی شاعرات سے بات چیت بھی ہوئی، ہم نے تخلیقی عمل کے حوالے سے سوالات بھی اٹھائے اور واردات قلبی کی بابت بھی استفسار رہا کہ اردو کے قریب قریب تمام جید شعرا نے نہ صرف اس کا وجود تسلیم کیا ہے بلکہ اسے محرک بھی قرار دیا ہے۔ تاہم خواتین شاعرات اس حاجت سے قطعی بے نیاز نظر آتی ہیں بلکہ بیشتر نے واردات قلبی سے یکسر انکار کیا۔ ہماری دانست میں واردات قلبی کے بغیر شاعری شہر کراچی میں ہونے والی بلا اشتعال فائرنگ کی مانند ہےجس میں راہ چلتوں کے گھائل ہونے کا اندیشہ بہرحال رہتا ہے تاہم اس سب سے بے نیاز بیشتر خواتین شاعرات اندھا دھند بلا اشتعال فائرنگ میں شب و روز ہمہ تن مصروف و مشغول نظر آتی ہیں۔

دوسرا معاملہ فعلن فعولن کا ہے اور یہ ہمارا مشاہدہ ہے کہ خواتین شاعرات خود خواہ کتنی ہی سبک رو نازک اندام کیوں نہ ہوں، اشعار بہرطور پیدائشی وزن میں ہوتے ہیں۔علم عروض کے اساتذہ بہ اصرار کہتے ہیں خواتین شعرا عموما عروضی غلطیاں بہت کم کرتی ہیں۔ ہماری رائے اس کے برعکس ہے اور وہ یہ کہ ہماری دانست میں اساتذہ علم عروض ایسی غلطی کم کرتے ہیں اور کسی سیانے کے بقول 'غلطی پر سرزنش میں سے آدمی یا سرزنش' کے انتخاب میں سے اول الذکر کو مقدم جانتے ہیں۔

اس مفروضے کی جانچ کے واسطے ہم نے ایک سادہ تجربہ کیا جو درج ذیل ہے۔
ہم نے ایک ایسی غزل گھڑ ڈالی جس میں واردات قلبی تو درکنار واردات عقلی کو بھی قطعی دخل اندازی کی اجازت نہ تھی۔ شعر سے شعر کا کوئی تعلق نہ ہونا تو یوں غزل کا خاصہ سمجھا جاتا ہے، یہاں ایک مصرعے کا دوسرے مصرعے سے بھی قطعی کوئی تعلق نہ تھا اور تیار ہونے پر بنام محسن حجازی ایک عروضی ماہر کے نام اس رقعے کے ہمراہ ارسال کر دی کہ صاحب اصلاح احوال کے واسطے پیش خدمت ہے نیز زانوئے تلمذ تہہ کرنے کی خواہش مند ہیں آپ سے نابغہ روزگار آدمی جاں بہ لب تہذیب مشرق کے چند آخری ٹمٹماتے چراغ ہیں جن کے واسطے قدرواحترام ہم پر لازم و واجب ہے وغیرہ وغیرہ الغرض جس قدر مکھن کا استعمال ممکن تھا کر ڈالا۔ جوابا جو غزل تقطیع اشعار کے واسطے بھیجی گئی تھی، تقطیع تعلق و گفتار پر منتنج ہوئی۔ مختصر جوابی مراسلے میں فرمایا کہ آپ کے اشعار میں وزن تو درکنار معنی بھی ڈھونڈے سے بھی نہیں ملتے۔ براہ کرم کوشش شعرگوئی پر اپنی کوششیں ترک کر دیجئے اور اپنی صلاحیتوں کو کسی اور سمت میں استعمال فرمائيے تاہم سمت کا تعین فرمانے سے گریزاں رہے۔

یوں تو ہمیں یقین کامل تھا کہ غزل موصوف نے غور سے نہ دیکھی ہوگی تاہم ان کی لوح حافظہ سے مکمل محو ہوجانے کے انتظار میں ہم نے دو ہفتے کے وقفے کے بعد وہی غزل کشش صدیقی کے نام سے موصوف کی خدمت میں ارسال کی تاہم اب کے رقعے کو نہ صرف مختصر رکھا بلکہ صیغہ تانیث میں معصومیت سمو کر اصلاح کے طالب ہوئے۔ جوابا ہمیں کوئی پندرہ صفحوں پر پھیلا توصیفی خط موصول ہوا جس میں فردا فردا ہمارے ہر شعر کی بابت وہ وہ تشریحات و تصریحات بیان تھیں جو خود وقت تحریر ہمارا منشا و مقصود تو کیا وہم و گمان میں بھی نہ تھیں۔ آخر میں فرمایا کشش صاحبہ آپ کے اشعار قدرتی طور پر اردو میں کثیرالاستعمال بحور پر از خود یوں منطبق ہوئے جاتے ہیں کہ آج سے پہلے اس مظہر کا مشاہدہ خاکسار کو نصیب نہیں ہوا۔ نیز شعر کے دومصرعوں میں بعد المشرقین رکھ کر کم سے کم گنجائش میں زیادہ سے زیادہ متنوالنوع مضامین سمیٹنے کی جو طرح آپ نے ڈالی ہے، اس تیز رفتار دور میں وہ خاکسار کی نظر میں اکیسویں صدی میں اردو غزل کو نہ صرف نئی جہت اور نیا چہرہ دینے کے ہم معنی بلکہ کاوش کے اعتبار سے ادبی اجتہاد کے مترادف ہے جس پر آپ مبارکباد کی مستحق ہیں۔ امید ہےکہ فن شعر گوئی کا سلسلہ جاری رہے گا اور آپ کے مزید فن پارے پرکھنے کی سعادت حاصل ہوتی رہے گی۔

ہم اس سادہ سے تجربے سے اس نتیجے پر پہنچے کہ غزل تو باوزن و باشرع و پابند بحر و ردیف تھی اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہمارا اسم گرامی خاصا بے ہنگم و بے وزن ہے اور ہمارے شعری سفر میں پا بہ زنجیر ہے۔ ہم اپنے شعری سفر کے لیے کیا قلمی نام اختیار کریں، یہ تجویز ہم آپ پر چھوڑتے ہیں۔
 
ہم اس سادہ سے تجربے سے اس نتیجے پر پہنچے کہ غزل تو باوزن و باشرع و پابند بحر و ردیف تھی اصل مسئلہ یہ ہے کہ ہمارا اسم گرامی خاصا بے ہنگم و بے وزن ہے اور ہمارے شعری سفر میں پا بہ زنجیر ہے۔ ہم اپنے شعری سفر کے لیے کیا قلمی نام اختیار کریں، یہ تجویز ہم آپ پر چھوڑتے ہیں۔
محسن سےحُسنہ بن جائین۔ ۔ حسینہ میں بھی کوئی برائی نہیں(حسینہ معین کی اجازت شائد درکار ہو)۔:grin:
 

طلعت زہرا

محفلین
بہت اچھی بات لکھی ہے۔ جو کہ بالکل درست بھی ہے۔ شاعر چونکہ حسن جمالیات کے کچھ زیادہ ہی قائل ہوتے ہیں اس لئے وہ کوئی موقع ہاتھ سے گنوانا نہیں چاہتے۔ یقین کیجیئے کہ آپ کا مضمون پڑھ کر خوشی ہوئی کہ کوئی تو ہے جو ہمارے دکھ کو بھی سمجھتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔(ویسے پانچوں انگلیاں برار نہیں ہوتیں یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیئے )
 

آبی ٹوکول

محفلین
شکر ہے کہ محسن بھائی کی بھی کوئی تحریر پڑھنے کو ملی ۔ ۔ ۔ ۔ کیا بات ہے ہم تو پہلے سے ہی فین ہیں بھائی کے ۔ ۔ ۔ ۔
 

محسن حجازی

محفلین
نبیل بھائی بلاگ لکھنے کے لیے جس باقاعدگی کی ضرورت ہے جو ہم میں مفقود ہے اس واسطے اردو محفل ہی ہمارا بلاگ ہے۔ بلکہ یوں کہیے کہ ہمارا 'سرکاری' یا 'دفتری' بلاگ ہے۔ ہماری تمام تحاریر یہیں پر موجود ہیں، یہیں پر لکھنا شروع کیا یہیں لکھتے رہیں گے۔ :)
 

نبیل

تکنیکی معاون
شکریہ محسن۔۔
ویسے بلاگ لکھنے کے لیے پابندی کی کوئی شرط نہیں ہے، اس کا ثبوت میرا بلاگ ہے۔۔ :)
 

شمشاد

لائبریرین
بہت اچھی بات لکھی ہے۔ جو کہ بالکل درست بھی ہے۔ شاعر چونکہ حسن جمالیات کے کچھ زیادہ ہی قائل ہوتے ہیں اس لئے وہ کوئی موقع ہاتھ سے گنوانا نہیں چاہتے۔ یقین کیجیئے کہ آپ کا مضمون پڑھ کر خوشی ہوئی کہ کوئی تو ہے جو ہمارے دکھ کو بھی سمجھتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔(ویسے پانچوں انگلیاں برار نہیں ہوتیں یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیئے )

اردو محفل میں خوش آمدید۔

اپنا تعارف تو دیں۔
 

مغزل

محفلین
محسن کُش چنگیزی صاحب، ۔۔ ماشا اللہ ، فی الحال رسید حاضر ہے ، اجمالی جائزہ پیش کرنے سے قبل ایک بار پھر قراءت کرنا چاہوں گا۔ والسلام
 

ظفری

لائبریرین
اور ایسی شاندار تحریر لکھنے والا جب بلاگنگ نہ کرے تو افسوس ہوتا ہے !!!
لاجواب تحریر

میں تو بارہا محسن بھائی کو کہہ چکا ہوں کہ آپ کی تحریریں خالص ادبی معیار کی ہوتیں ہیں ۔ ( جن کو نظرانداز کرنا کسی بےادب کے لیئے بھی ممکن نہیں ۔ ) ۔ لہذا درخواست کرچکا ہوں کہ آپ لکھیں اور اس کو کسی تصنیف کی شکل دیں ۔ تاکہ اس میدان کے کہنہ مشق استاتذہ اور پیر و مرشُدوں کو یقین آجائے کہ ان کے جانشین پیدا ہوچکے ہیں ۔
یہ بات میں بہت سنجیدگی سے کہہ رہا ہوں ۔ امید ہے محسن بھائی اس بارے میں سوچیں گے ۔
 

محسن حجازی

محفلین
محمود احمد غزنوی صاحب، پسندیدگی کے لیے ممنون ہوں۔
فہد بھائی، میرا اردو بلاگ موجود تو ہے تاہم اس پر تحاریر کہ سلسلہ کچھ ایسا نہیں۔ مجھے بتائیے گا کہ یہ بلاگستان کا کیا سلسلہ ہے۔

طلعت زہرا حوصلہ افزائی کے لیے ممنون ہوں۔ اپنا تعارف تو کروائیے۔

آبی ٹوکول، آپ کی محبت اور پسندیدگی کے لیے شکرگزار ہوں۔

شمشاد بھائی بے حد شکریہ۔ یہ اتنا سارا ٹائم قسطوں میں نکالا گیا ہے اور بظاہر ایک نظر آنے والی تحریر پورے دسمبر میں تھوڑی تھوڑی کر کے لکھی گئی ہے۔

ماسی آپ کا بھی بے حد شکریہ۔

وارث بھائی ہمارا کوئی حال نہیں سو تحریر کا بھی وہی ہے۔

م م مغل صاحب، اردو محفل کی تاریخ گواہ ہے کہ آپ رسیدیں ہی کاٹا کیے ادائیگی محض نصیب پر منحصر ہے۔ قرات کیجیے ضرور کیجیے اور بقول عامر لیاقت بہت بار بار کیجیے۔

ظفری بھائی آپ کی حوصلہ افزائی کے لیے بے حد ممنون ہوں، اسی قسم کا مشورہ شمشاد بھائی اور فرخ بھائی بھی دے چکے ہیں۔ آپ اور فرخ بھائی کی حوصلہ افزائی کے سبب ہی ایک نشست میں لکھنے کی بجائے اسے کئی نشستوں میں قلم بند کیا ہے۔
 

مغزل

محفلین
حجازی بھیا، رسیدسے مراد آپ کے حساب سے کچھ اور ہوگا، میرے نزدیک ایک پوری تاریخ پڑی ہے اس باب میں ، بہرحال ، طبیعت پر بار گزرنے پر دست بستہ معافی کا خواستگار ہوں‌۔
 

ساجد

محفلین
محسن ، بہت خوب لکھا آپ نے۔ اسے اتفاق سمجھئیے یا خواتین کے ساتھ بجلی کی تانیثی نسبت کا کرشمہ کہ جب بھی آپ کو داد دینے کے لئیے لکھنا شروع کیا ، بجلی داغَ مفارقت دے گئی۔ اگر یہ مراسلہ محفل تک پہنچ گیا تو میری چوتھی کوشش کی کامیابی ہو گی۔
مزاح اب معدوم ہوتا جا رہا ہے کہ اس کی جگہ طنز نے لے لی ہے لیکن آپ کی تحریر کی شگفتگی اور بہترین مزاح نے طبیعت تازہ کر دی۔ لکھتے رہئیے کہ آج کے وقت میں مزاح لکھنا بھی عبادت سے کم نہیں۔
 

تیشہ

محفلین
نبیل بھائی بلاگ لکھنے کے لیے جس باقاعدگی کی ضرورت ہے جو ہم میں مفقود ہے اس واسطے اردو محفل ہی ہمارا بلاگ ہے۔ بلکہ یوں کہیے کہ ہمارا 'سرکاری' یا 'دفتری' بلاگ ہے۔ ہماری تمام تحاریر یہیں پر موجود ہیں، یہیں پر لکھنا شروع کیا یہیں لکھتے رہیں گے۔ :)



آپکا جواب پسند آیا ۔۔بھانجے :battingeyelashes:

:party:
 

ملائکہ

محفلین
میں تو بارہا محسن بھائی کو کہہ چکا ہوں کہ آپ کی تحریریں خالص ادبی معیار کی ہوتیں ہیں ۔ ( جن کو نظرانداز کرنا کسی بےادب کے لیئے بھی ممکن نہیں ۔ ) ۔ لہذا درخواست کرچکا ہوں کہ آپ لکھیں اور اس کو کسی تصنیف کی شکل دیں ۔ تاکہ اس میدان کے کہنہ مشق استاتذہ اور پیر و مرشُدوں کو یقین آجائے کہ ان کے جانشین پیدا ہوچکے ہیں ۔
یہ بات میں بہت سنجیدگی سے کہہ رہا ہوں ۔ امید ہے محسن بھائی اس بارے میں سوچیں گے ۔

میں ظفری انکل کی بات سے سو فیصد متفق ہوں:battingeyelashes:
 
Top