خواتین پر تشدد۔۔۔کون صحیح ہے ؟

نور وجدان

لائبریرین
دو دن پہلےپنجاب اسمبلی میں ایک بل منظور کیا گیا ہے جو کہ منظوری کے بعد سے اب تک ہر ٹی وی چینل پر زیر بحث ہے۔ اور اس بحث نے زور تب پکڑا جب جامعہ بنوریہ کے سربراہ مفتی نعیم کا یہ بیان سامنے آیا کہ اس قانون کی وہ شق جس میں خاتون پر تشدد کی صورت میں مرد کو چوبیس سے اڑتالیس گھنٹے گھر سے باہر رہنا ہوگا، اسلام کی تعلیمات کے منافی ہے۔ پھر کیا تھا،ہر ٹی وی چینل پر آج سارا دن ایک طرف مفتی صاحب اور دوسری طرف کبھی فرزانہ باری تو کبھی عاصمہ جہانگیر ۔مفتی صاحب کا موقف یہ ہے کہ اس طرح کے قوانین مغرب کی تقلید میں بنائے جا رہے ہیں اور ان کا مقصد اسلامی اقدار کو ہمارے معاشرے سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔جب کہ اس بل کے حامیوں کا یہ ماننا ہے کہ پاکستان میں خواتین پر تشددکی بڑھتی ہوئی شرح کی روک تھام کے لیے یہ بل پاس کیا گیاہے اور یہ اسلامی تعلیمات کے خلاف نہیں ہے۔ الغرض جتنے منہ اتنی باتیں۔یہ سب دیکھ کرجس بات کا مجھے شدت سے احساس ہوا وہ یہ تھی کہ مرد اورخصوصامولوی حضرات کس طرح اسلام کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ جب عورت پر تشدد ہوتا ہے، سر عام عورتوں کو کوڑے لگتے ہیں، غیرت کے نام پر آئے روز قتل ہوتے ہیں، ہزاروں معصوم کلیاں ونی اور سوارہ جیسی رسوم کی بھینٹ چڑھ جاتی ہیں تب کسی کو اسلام یاد کیوں نہیں آتا ؟ تب مفتی صاحب ٹیلی وی پر یہ چیخ چیخ کر یہ کیوں نہیں بتاتے کہ اسلام کی تعلیمات کی منافی ہے۔ تب وہ اس طرح کے غیر انسانی اور غیر اسلامی کام کرنے والوں کی مذمت کیوں نہیں کرتے؟ تب ان کو اسلام پر خطرے کے بادل منڈلاتے نظر کیوں نہیں آتے؟ میں سوچتی ہوں کہ ہمارے معاشرے میں مردوں کا اسلام عورت کی غلامی سے شروع ہو کر عورت کی غلامی پر ہی کیوں ختم ہو جاتا ہے؟ میرے نزدیک اس کی سب سے بڑی وجہ اسلام کی بنیادی تعلیمات سے لاعلمی اور مولوی حضرات کی زن مخالف سوچ ہے۔ چونکہ ہمارے ہاں اسلامی تعلیمات کی ترویج کا کوئی موثر نظام موجود نہیں، اس لیے گاؤں کے کسی ناخواندہ یا شہر کے کسی نیم خواندہ شخص کے لیے وہی حرف آٖخر ہو گا جو اسے مولوی صاحب بتائیں گے۔اب مولوی صاحبان اسے یہ تو بتا دیتے ہیں کہ عورت برائی کی جڑ ہے ، یا عورت اگر برائی کرے گی تو اس کی باز پرس مرد سے کی جائے گی مگر یہ بتانا بھول جاتے ہیں کہ مرد بھی اگر برائی کریں گے تو ان کو بھی اس کی سزا ملے گی۔ اگر عورت کو پردے اور فحاشی سے بچنے کا حکم ہے تو مرد کے لیے بھی یہ کہا گیا ہے کہ وہ اپنی نظروں کا پردہ کرے۔ یہ نہیں کہ خود اپنے گھر کی عورت کو آپ گھر میں قید کر کے رکھیں اور راہ چلتی عورت کو چاہے نظروں سے ہی نگل جائیں۔ اسی طرح اگر خانگی معاملات پر بات کی جائے تو بہت سے پاکستانی مرد یہ سمجھتے ہیں کہ عورت سے سختی برتنے کی اسلام میں اجازت ہے۔بلکہ کچھ لوگ تو اس اجازت کو ہدایت سمجھ بیٹھے ہیں۔ مگر ان لوگوں کو یہ نہیں معلوم کہ وہی اسلام ان لوگوں کو عورتوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی بھی ہدایت دیتا ہے۔ شوہر کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنی بیوی سے اچھی طرح پیش آئے ۔اس کے نان نفقہ کا خیال رکھے۔اور اگر علیحدگی بھی اختیار کرنی ہے تو وہ بھی باعزت طریقے سے کی جائے، کجا کہ خواتین پر تشدد کیا جائے۔
اس مسئلے میں جہاں ایک طرف مولوی حضرات قصوروار ہیں تو دوسری طرف وہ سوچ بھی برابر کی ذمہ دار ہے جو ہماری معاشرتی قدروں کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ہمارے ہاں خواتین کےحقوق کے لیے کام کرنے والی بہت سی این جی اوز ایسی ہیں جن کو نہ تو پاکستان میں خواتین کے بنیادی مسائل سے آگہی ہے اور نہ ہی ہمارے معاشرتی نظام کا علم۔ ان این جی اوز کو چلانے والی خواتین یا تو غیر ملکی ہیں یا پھر ہائی سوسائٹی ،یا ایلیٹ کلاس سے تعلق رکھتی ہیں۔ان کو کیا معلوم کہ عام عورت کے مسائل کیا ہیں؟ خودایل جی ایس یا کونونٹ میں پڑھنے والی ان خواتین کو کیا علم کہ جب ماں کے پاس ایک بچے کو اسکول میں داخلہ دلوانے کے پیسے ہوں تو اس کے لیےکتنا مشکل ہوتا ہے کہ وہ اس بیٹے کو داخلہ دلوائے جو کہ کل کو گھر سنبھالے گا، یا اس بیٹی کو جسے کل پرائے گھر جانا ہے ، اور اس کے لیے جہیز بھی تیار کرنا ہے۔پھر یہ کہتی ہیں کہ عورتوں کو تعلیم نہیں دی جاتی۔ کیا ان میں سے کبھی کسی نے سوچا ہے کہ ان کے گھر جو بچی کام کر رہی ہے وہ بھی اسکول جانے کی اتنی ہی مستحق ہے جتنی ان کی اپنی بے بی۔ جب انہی کی فیکٹریوں میں خواتین سے کم اجرت پر کام کروایا جاتا تو کیا تب ان کے حقوق پامال نہیں ہوتے؟ مگر اپنے گریبان میں جھانکتا کون ہے؟ان خواتین کی نظروں پر بھی مغرب کی تقلید کی ایسی پٹی بندھی ہے کہ ان کو لگتا ہے کہ عورت کے ہر مسئلے کا حل مرد سےبھڑ جانے میں ہے۔ شوہر اگر کسی بات سے منع کر رہا ہے تو اس کی بات اس لیے نہ سنو کہ وہ مرد ہے۔ یا پھر اگر ہاتھ اٹھا رہا ہے تو گھر کی بات کو تھانے کچہری تک لے جاؤ۔ جب کہ ہمارے ہاں لوگ اپنی جان سے زیادہ اپنی عزت کو ترجیح دیتے ہیں۔ تو اگر آپ ہر دوسرے دن کسی عزت دار شخص کے گھر کے باہر پولیس بلائیں گی تو کیا آپ کا رشتہ چل سکے گا؟ کیا مرد کے ہاتھ میں کڑا پہنا دینے سے مسئلے کا حل نکل آئے گا؟ اگر معاشرے میں مرد سے نفرت اور مقابلے کی سوچ حاوی کرنے کی کوشش کی جائے گی تو مرد اپنا دفاع کرنے کے لیے مزید سختی برتنے لگیں اور مرد اور عورت کی یہ جنگ معاشرے کے توازن کو بگاڑ دے گی۔
ہماری کوشش نہ صرف یہ ہونی چاہیے کہ خواتین کے حقوق کو پامال نہ ہو دیا جائے بلکہ یہ بھی ہونی چاہیے کہ ہمارے معاشرے میں خاندان کا تقدس بھی پامال نہ ہونے پائے۔اس کے لیے مولوی حضرات اور علماء کو چاہیے کہ وہ اسلام کی تعلیمات کو عام کریں اور مردوں کو یہ بتائیں کہ اسلام میں خواتین کو کس قدر حقوق دئیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ حکومت کو چاہیے کہ مردوں کے ہاتھوں میں کڑے پہنانے کی بجائے ان کی کونسلنگ کی جائے۔مسائل کبھی بھی زور زبردستی سے حل نہیں ہوتے، گھر کبھی بھی کورٹ کچہری میں نہیں بنتے۔ مسائل بات چیت سے حل ہوتے ہیں۔ گھر برداشت اور صبر سے بنتے ہیں۔ اپنے اندر اور معاشرے میں برادشت پیدا کریں۔آپ طالبان سے بات چیت کرنے پر رضامند ہیں مگر گھر کے اندر بات چیت پر پابندی کیوں لگا رہے ہیں؟


اقدس طلحہ
 
آخری تدوین:

نایاب

لائبریرین
جب عورت پر تشدد ہوتا ہے، سر عام عورتوں کو کوڑے لگتے ہیں، غیرت کے نام پر آئے روز قتل ہوتے ہیں، ہزاروں معصوم کلیاں ونی اور سوارہ جیسی رسوم کی بھینٹ چڑھ جاتی ہیں تب کسی کو اسلام یاد کیوں نہیں آتا ؟ تب مفتی صاحب ٹیلی وی پر یہ چیخ چیخ کر یہ کیوں نہیں بتاتے کہ اسلام کی تعلیمات کی منافی ہے۔ تب وہ اس طرح کے غیر انسانی اور غیر اسلامی کام کرنے والوں کی مذمت کیوں نہیں کرتے؟ تب ان کو اسلام پر خطرے کے بادل منڈلاتے نظر کیوں نہیں آتے؟ میں سوچتی ہوں کہ ہمارے معاشرے میں مردوں کا اسلام عورت کی غلامی سے شروع ہو کر عورت کی غلامی پر ہی کیوں ختم ہو جاتا ہے؟ میرے نزدیک اس کی سب سے بڑی وجہ اسلام کی بنیادی تعلیمات سے لاعلمی اور مولوی حضرات کی زن مخالف سوچ ہے۔ چونکہ ہمارے ہاں اسلامی تعلیمات کی ترویج کا کوئی موثر نظام موجود نہیں، اس لیے گاؤں کے کسی ناخواندہ یا شہر کے کسی نیم خواندہ شخص کے لیے وہی حرف آٖخر ہو گا جو اسے مولوی صاحب بتائیں گے۔اب مولوی صاحبان اسے یہ تو بتا دیتے ہیں کہ عورت برائی کی جڑ ہے ، یا عورت اگر برائی کرے گی تو اس کی باز پرس مرد سے کی جائے گی مگر یہ بتانا بھول جاتے ہیں کہ مرد بھی اگر برائی کریں گے تو ان کو بھی اس کی سزا ملے گی۔ اگر عورت کو پردے اور فحاشی سے بچنے کا حکم ہے تو مرد کے لیے بھی یہ کہا گیا ہے کہ وہ اپنی نظروں کا پردہ کرے۔ یہ نہیں کہ خود اپنے گھر کی عورت کو آپ گھر میں قید کر کے رکھیں اور راہ چلتی عورت کو چاہے نظروں سے ہی نگل جائیں۔ اسی طرح اگر خانگی معاملات پر بات کی جائے تو بہت سے پاکستانی مرد یہ سمجھتے ہیں کہ عورت سے سختی برتنے کی اسلام میں اجازت ہے۔بلکہ کچھ لوگ تو اس اجازت کو ہدایت سمجھ بیٹھے ہیں۔ مگر ان لوگوں کو یہ نہیں معلوم کہ وہی اسلام ان لوگوں کو عورتوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کی بھی ہدایت دیتا ہے۔ شوہر کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنی بیوی سے اچھی طرح پیش آئے ۔اس کے نان نفقہ کا خیال رکھے۔اور اگر علیحدگی بھی اختیار کرنی ہے تو وہ بھی باعزت طریقے سے کی جائے، کجا کہ خواتین پر تشدد کیا جائے۔
معاشرے میں رواں صدیوں پرانا دھندا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
صدیوں سے قران اور مسلمان کے درمیان " جو رابطے کے پل قائم ہیں ۔ ان پر پھیلائی گئی " علمائے سو " کی جانب سے مفاد پرستی کی راکھ نے قران کے پیغام کو مسلمان تک شفاف حالت میں پہنچنے ہی نہیں دیا ۔ مسلمان سمجھ ہی نہ پایا قران کے پیغام کو ۔ جو علمائے سو نے بتایا آنکھ بند یقین کیا ۔
انسان کم کم دکھتے ہیں اسی لیے ۔۔۔۔۔۔۔۔ اور شہر کے شہر مسلمان ہوئے پھرتے ہیں ۔
بہت دعائیں
 

زیک

مسافر
اکثر یہ آسان لگتا ہے کہ دو انتہائیں ڈیفائن کر کے درمیانی راہ لی جائے۔ مگر یہ ضروری نہیں کہ درمیانی راہ ہی درست ہو۔ ظالم اور مظلوم کے درمیان درمیانی راہ عام طور سے ظلم کو تقویت پہنچاتی ہے۔
 

نور وجدان

لائبریرین
اکثر یہ آسان لگتا ہے کہ دو انتہائیں ڈیفائن کر کے درمیانی راہ لی جائے۔ مگر یہ ضروری نہیں کہ درمیانی راہ ہی درست ہو۔ ظالم اور مظلوم کے درمیان درمیانی راہ عام طور سے ظلم کو تقویت پہنچاتی ہے۔
رائٹر نے مثالی سوچ کا مشورہ دیا ہے ۔ معاشرہ مثالی ہو تو اسلامی تعلیمات کی سمجھ بوجھ بھی ہو۔۔۔۔۔۔۔ اسلام تو درمیانی راہ کا ہی کہتا ہے مگر ہمارے پاکستانی معاشرے میں انتہائیں ہی ہیں ۔
 

arifkarim

معطل
پاکستان میں جب بھی خواتین کے حقوق کیلئے کوئی بل پارلیمان سے منظور ہوتا ہے تو مُلا ٹولا اسکی مخالفت میں میدان سجا لیتا ہے۔ آخر یہ غیر جمہوری عمل کب تک چلے گا؟ اگر ملک کے تمام قوانین مُلا ٹولے سے ہی منظور کروانا مقصود ہیں تو تمام عوامی نمائندوں کی چھٹی کرا کر گھر بھیج دیں۔ ایرانی یا سعودی طرز کی شریعت ملک میں نافظ کریں اور مُلا ٹولے کو دائمی اقتدار منتقل کر دیں۔
 

یاز

محفلین
مقامِ شکر ہے کہ گزشتہ ایک ڈیڑھ سال میں پاکستان نے اپنی تاریخ کے کچھ اہم اور شاندار ترین فیصلے کئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی سے اس بِل کی منظوری بھی ان میں سے ایک ہے۔
اس پہ کچھ طبقات کی بے چینی نہ خارج از امکان تھی اور نہ باعثِ حیرت ہے۔
ہندو مت کے بارے میں کہیں مذاق میں لکھا دیکھا تھا کہ ان کے عقیدے کے مطابق "ڈھول، ہریجن اور عورت پیٹنے کے لئے ہیں"۔ بدقسمتی سے ہندو مت کا مذاق ہمارے کچھ طبقات سنجیدگی سے اپنے اوپر لاگو کئے ہوئے ہیں۔
 
آخری تدوین:
یہ بل اسمبلی میں پیش ہونے سے پہلے میڈیا میں یا علمائے دین کے ساتھ زیر بحث کیوں نہیں آتے؟

یہ بحث (چخ چخ زیادہ بہتر لگ رہا ) اب جاری رہنی ہے، جاری رکهیں۔
 

یاز

محفلین
یہ بل اسمبلی میں پیش ہونے سے پہلے میڈیا میں یا علمائے دین کے ساتھ زیر بحث کیوں نہیں آتے؟

یہ بحث (چخ چخ زیادہ بہتر لگ رہا ) اب جاری رہنی ہے، جاری رکهیں۔

میڈیا یا علماء کے ساتھ زیرِ بحث آنے سے آج تک کسی چیز کا نتیجہ نکلا ہو یا کسی یکساں موقف پہ اتفاقِ رائے پیدا ہوا ہو تو پھر اس موضوع کو بھی ضرور زیرِ بحث آنا چاہئے تھا۔

ہو سکتا ہے کہ میرے خیالات غلط ہوں، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ایک جمہوری ملک میں اسمبلی ہی بہترین فورم ہے کسی قانون کے بارے میں بحث کرنے یا اس کی منظوری کے لئے۔
 
پاکستان میں مرد عموما مظلوم ہے۔ پہلے وہ ماں کی مار، تھپڑ، چمٹے کھاتا رہتا ہے۔ پھر بہنوں کی بے وقت غیرضروری فرمائیشں پوری کرتا رہتا ہے۔ دن رات لگا کر ان کے جہیز بناتا رہتا ہے لوگوں کے ہاتھ پیر جوڑ کر اس کی شادی کرواتا ہے پھر تمام عمر ان کے سسرال کی فرمائش پوری کرتا رہتا ہے۔ شادی ہوجاوے تو بیوی اور اس کے گھر والوں کی فرمائشیں پوری کرتا ہے۔ اکثر اوقات بیوی کی غلامی کرتا رہتا ہے۔ پھر اولاد ہوجاوے تو بہو کی جھڑکیاں کھاتارہتا ہے عموما گھر سے نکال ہی دیا جاتا ہے۔ بیٹیوں کے گھر جانہیں سکتا۔ پاکستانی مرد کدھر جاوے
 
میڈیا یا علماء کے ساتھ زیرِ بحث آنے سے آج تک کسی چیز کا نتیجہ نکلا ہو یا کسی یکساں موقف پہ اتفاقِ رائے پیدا ہوا ہو تو پھر اس موضوع کو بھی ضرور زیرِ بحث آنا چاہئے تھا۔

ہو سکتا ہے کہ میرے خیالات غلط ہوں، لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ایک جمہوری ملک میں اسمبلی ہی بہترین فورم ہے کسی قانون کے بارے میں بحث کرنے یا اس کی منظوری کے لئے۔
آپ کی بات بہت حد تک صحیح ہے
 
آخری تدوین:
آپ کی بات بہت حد تک صحیح ہے
یہ مراسلہ میں نے کافی سارا لکها تها پتہ نہیں اس نوں کہیڑی موت پے گئی کہ ادهی لین ای بچی۔:(:sad:

جا او موبائلاں تیراککه نا رووے تے نال تیری اک دیہاڑی اچ ترے ترے واری بیٹری چارج ہووے تے تو ہر ویلے تپیا ای روویں۔
:p
 

سید عمران

محفلین
محترمہ نور سعدیہ شیخ صاحبہ کے مراسلے اور باقی قارئین کی آراء پڑھی۔ ہم دوسروں کو انتہاء پسند کہتے کہتے خود بھی اس کا شکار ہوجاتے ہیں۔ محترمہ نے یہ تو صحیح لکھا ہے کہ ظلم عورت کی جانب سے ہو یا مرد کی، قابل مذمت ہے۔
لیکن ہم لوگ فوراً علماء کو جو ملا اور مولوی کہہ کر ان کی تذلیل کرتے ہیں یہ نہایت خطرناک بات ہے ۔ عوام تو چھوڑیے علماء کے احترام کی قرآن و حدیث نے ترغیب دی ہے ۔
کسی ایک آیت یا حدیث میں اس بات کی اجازت نہیں کہ علماء کو ذلیل کیا جائے یا ان کا مذاق اڑایا جائے۔
خود زبان درازی کرنے کے بجائے ان کی غلطیوں پر انتباہ ان ہی کی برابری والے کسی عالم کے ذریعے کروایا جاسکتا ہے۔
آج ہم میں سے جس جس کے پاس جتنا بھی دین ہے وہ ان ہی علماء کے ذریعے پہنچا ہے۔ اپنی ساری زندگی دنیا کے مال و متاع سے بے نیاز ہوکر ان علماء ہی نے قرآن اور حدیث سیکھا اور نسل در نسل دوسروں کو پہنچایا۔
علماء کے دین سیکھنے اور اس کی حفاظت میں اٹھانے والے مجاہدات اور سختیوں سے تاریخ بھری پڑی ہے۔ اس میدان میں کسی ڈاکٹر انجینئر یا اکاؤنٹنٹ وغیرہ کا کوئی رول نہیں ۔
چند علماء کی غلطیوں کی سزا سب کو ہرگز نہیں دی جاسکتی۔
اور کسی فرد واحد کی چند غلطیوں سے وہ یکسر علماء سوء کے زمرے میں بھی نہیں آجاتا۔
آج بھی ہمیں جب کسی بڑے دینی مسئلے کے حل کی ضرورت پڑتی ہے علماء ہی کی طرف رجوع کرتے ہیں، کسی ڈاکٹر انجینئر ووغیرہ سے مسئلہ نہیں پوچھتے۔
ہم میں سے اکثر کی تو اتنی اہلیت بھی نہیں ہے کہ دوسروں کا تو چھوڑیے خود اپنے والدین کا جنازہ ہی پڑھا سکیں۔
حالاں کہ ماں باپ کا جنازہ پڑھانے کا سب سے پہلا حق بیٹے کا ہوتا ہے۔ لیکن جنازے میں بیٹا کھڑا رہتا ہے اور امام مسجد جنازہ پڑھاتے ہیں۔
دوسروں کے عیوب پر انگلیاں اٹھانے سے پیشتر اپنی کم مائیگی ضرور پیش نظر رہنی چاہیے۔
 
Top