عبد الرحمٰن
محفلین
مجھ گنہگار پہ ، سب تیری عطا ہے مالک
میری اوقات سے بڑھ کر ہی دیا ہے مالک
ہے کرم تیرا ، مرے درد کا درماں جو بنا
تیری رحمت سے ہر اک زخم سِلا ہے مالک
تیرے ہی ذکر سے مٹتا ہے ہر اک رنج مرا
تیرا ہی نام ۔۔ مجھے ردِ بلا ہے مالک
تیرگی میں ، یہی رستہ مجھے دکھلاتا ہے
دل میں ایماں کا جو اک دیپ جلا ہے مالک
شرمساری سے بچا لینا مجھے محشر میں
مجھ گنہگار کی ، پل پل یہ دعا ہے مالک
تیری مرضی ہے تُو جس حال میں چاہے رکھے
مجھ کو درکار ۔ فقط تیری رضا ہے مالک
اللهم صل على سيدنا محمد النبي الأمي
وعلى آلہ وازواجہ واھل بیتہ واصحٰبہ وبارك وسلم ❤
اللھم ربّنا آمین