دل کا سکون

نیلم

محفلین
دل کا سکون

مجھے یہاں دنیا کے نامور نفسیات دان سگمنڈ فرائیڈ کا ایک واقعہ یاد آرہا ہے، فرائیڈ کے پاس شہر کا امیر ترین شخص آیا اور اس سے کہنے لگا " فرائیڈ میرے پاس دنیا کی تمام نعمتیں موجود ہیں لیکن میرے دل میں قرار نہیں،مجھے سکون اور خوشی کا احساس نہیں ہوتا، تم میرا علاج کرو "

فرائیڈ مسکرایا اور اسے مشورہ دیا "آپ روزانہ سو مارک کے پھول خریدا کریں اور یہ پھول بچوں اور بوڑھوں میں تقسیم کردیا کریں آپ کو خوشی بھی مل جائے گی اور سکون بھی"

وہ شخص گیا اور اس نے پھول تقسیم کرنا شروع کر دیے وہ ایک ماہ بعد واپس آیا تو اس کے چہرے پر خوشی بھی تھی اور سکون بھی-

فرائیڈ نے اس وقت اسے بتایا خوشی ہمیشہ چھوٹی چھوٹی بے لوث خدمتوں میں ملتی ہے،لیکن لوگ اسے بڑے کاموں اور بڑی نیکیوں میں تلاش کرتے رہتے ہیں لہٰذا لوگ عمر بھر اس سے محروم رہتے ہیں-

مجھے یہاں اپنے ایک دوست بھی یاد آرہے ہیں، میرے یہ دوست جب مایوس ہوتے ہیں تو یہ بازار سے فٹ بال،کرکٹ کی گیندیں اور جاگرز خریدتے ہیں اور کچی آبادیوں میں جا کر بچوں میں تقسیم کر دیتے ہیں اور جب یہ کچی آبادی سے باہر نکلتے ہیں تو ان کا دل خوشی سے لبریز اور چہرہ سکون کی دولت سےمالا مال ہوتا ہے-

وہ اکثر کہا کرتے ہیں ،الله تعالیٰ جو سکون دس روپے کی گیند سے دیتا ہے ،وہ سو سال کی عبادت میں نہیں ملتا، وہ کہا کرتے ہیں بڑی نیکیوں کے راستے لمبے اور چھوٹی نیکیوں کی مسافتیں چھوٹی ہوتی ہیں چناچہ الله تعالیٰ تک پہنچنے کے لئے چھوٹی نیکیاں کرو وہ تمہیں فورا مل جائے گا -

از جاوید چودھری ، زیرو پوائنٹ 5
 
Top