دنیا سے جدا کیسی یہ اپنی طبیعت ہے

Sarwar A. Raz

محفلین
یاران محفل: تسلیمات
ایک مدت کے بعد حاضر محفل ہو رہا ہوں۔ایک غزل پیش خدمت ہے۔ دیکھئے شاید کسی قابل ہو:
سرور عالم راز سرور
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دنیاسے جدا کیسی یہ اپنی طبیعت ہے
میں‌محو محبت ہوں، وہ محو سیاست ہے

ہر سانس مرے حق میں الزام ہے ، تہمت ہے
زندہ ہوں‌ترے غم میں‌،اتنا بھی غنیمت ہے

اے اشکِ سحر گاہی، یہ کیسی مصیبت ہے؟
بولوں تو ہے رسوائی، چپ ہوں تو قیامت ہے!

بے فیض‌یہ آنسو ہیں‌شاید تری نظرو‌ں‌میں
لیکن مرے مذہب میں‌نام ان کا عبادت ہے!

غم حاصل ہستی ہے، غم منزل ہستی ہے
ہے عشق میں‌غم تو کیا، غم ہی تو محبت ہے

اے یادِ شبِ ہجراں! لےآئی کہاں‌مجھ کو؟
حیرانی سے حیرانی، وحشت سی یہ وحشت ہے!

الزامِ جنوں پر میں بد دل ہوں تو کیسے ہوں؟
الزامِ جنوں‌ہی تو انعام محبت ہے!

بدحالیئ قسمت کا الزام کسے دوں میں؟
کچھ میری ہے کوتاہی، کچھ تیری مشیت ہے

دنیا مجھے دیوانہ کہتی ہے اگر سرور
کچھ جھوٹ نہیں‌اس میں‌واللہ حقیقت ہے
 

نبیل

تکنیکی معاون
باز خوش آمدید سرور عالم راز صاحب، آپ کو ایک طویل مدت بعد یہاں دیکھ کر خوشی ہوئی۔ امید کرتا ہوں کہ اب آپ یہاں آتے رہیں گے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
واہ واہ سبحان اللہ، لا جواب سرور صاحب، کیا خوبصورت اور لا جواب غزل ہے۔ سبھی اشعار بہت اچھے ہیں لیکن یہ اشعار تو بہت ہی اچھے لگے مجھے۔


اے اشکِ سحر گاہی، یہ کیسی مصیبت ہے؟
بولوں تو ہے رسوائی، چپ ہوں تو قیامت ہے!

غم حاصل ہستی ہے، غم منزل ہستی ہے
ہے عشق میں‌غم تو کیا، غم ہی تو محبت ہے

بدحالیئ قسمت کا الزام کسے دوں میں؟
کچھ میری ہے کوتاہی، کچھ تیری مشیت ہے

دنیا مجھے دیوانہ کہتی ہے اگر سرور
کچھ جھوٹ نہیں‌اس میں‌واللہ حقیقت ہے


واہ واہ، سبحان اللہ، لاجواب۔

اور یقین مانیئے مجھے بہت خوشی ہوئی آپ کو اس محفل پر دوبارہ دیکھ کر، میرا آپ سے تعارف نہ سہی، لیکن میں آپ کا معتقد ضرور ہوں اور آپ کی شاعری اور استادانہ حیثیت کا معترف بھی۔

امید کرتا ہوں کہ آپ محفل پر گاہے گاہے تشریف بھی لاتے رہیں گے اور ہمیں اپنے خوبصورت کلام سے فیض یاب بھی کرتے رہیں گے۔
 

الف عین

لائبریرین
زہے نصیب۔۔۔۔ سرور بھائی تشریف لائے ہیں۔۔۔ اہلیانِ محفل کو ان کی باز آمد مبارک ہو۔ سرور بھائی غزل کی کیا تعریف کروں۔ انتہائی استادانہ غزل ہے جو آپ کے لہجے کی پہچان ہے۔
اور اگر مجھے نہ پہچانیں ہو تو عرض کر دوں کہ یہ ہزار آنکھوں والا کوئ جن نہیں، الف سے اعجاز ، عین سے عبید ہے۔
 

شمشاد

لائبریرین
خوش آمدید جناب سرور صاحب۔ مجھے بہت خوشی ہوئی آپ کو اردو محفل میں دیکھ کر۔ تفسیر بھائی کے ذریعے آپ سے غائبانہ تعارف ہے۔ آپ سے درخواست ہی کر سکتا ہوں کہ آتے رہیے گا۔
 
Top