دنیا کے 15 عجیب ترین گھر

ربیع م

محفلین
دنیا کے 15 عجیب ترین گھر

گھر کس کو پیارا نہیں لگتا اور اس کی ملکیت کا خواب تو ہر انسان ہی دیکھتا ہے ، یہ درحقیقت صرف چار دیواروں اور چھت نہیں ہوتا بلکہ اس میں رہنے والوں کی یادوں اور عادتوں سے بنتا ہے جو کہ اس رہائش گاہ کو جنت یا جہنم بنادیتے ہیں۔

مگر ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا گھر آس پاس رہنے والوں، گلی، علاقے ، شہر بلکہ ملک یا دنیا بھر میں سب سے منفرد ہو۔

گنبد سے غاروں تک، ٹری ہاﺅسز سے برفانی اگلوز تک دنیا بھر میں ایسے انوکھے گھروں کی کمی نہیں جو دیکھنے والوں کو حیرت میں مبتلا کردیں بلکہ ہوسکتا ہے کہ ان کے منہ کھلے کے کھلے رہ جائیں۔

اور ایسے ہی سب سے عجیب ترین گھر دیکھنا آپ کی زندگی کا بھی حیرت انگیز تجربہ ثابت ہوسکتا ہے۔

ایرو پلین ہاﺅس، نائیجریا
5499683113113.jpg

رائٹر فوٹو
ہوسکتا ہے دور سے دیکھنے پر آپ دھوکا کھا جائیں اور اسے ایک طیارہ ہی سمجھ لیں مگر نہیں یہ تو درحقیقت ایک جہاز کی شکل کا انوکھا گھر ہے۔

جسے نائیجریا کے شہر ابوجہ کے رہائشی سید جمال نے اپنی اہلیہ لیزا کی یاد میں تعمیر کرایا جسے سفر کرنا بہت پسند تھا اور اس کے گزر جانے کے بعد افسردہ شوہر کو اس سے اچھا خراج تحسین سمجھ نہیں آیا۔

ہیلی ڈوم، فرانس
5499690f8e5e4.jpg

رائٹرز فوٹو
ہیلی ڈوم نامی یہ شمسی گھر مشرقی فرانس میں اسٹروس برگ کے قریب تعمیر کیا گیا ہے اور اسے ایک بہت بڑی تھری ڈی دھوپ گھڑی کے طور پر ڈیزائن کیا گیا۔

یہ سورج کی حرکت کے ساتھ اپنا رخ بدلتا رہتا ہے تاہم بنیادی طور پر اسے موسم گرما کے دوران گرمی سے تنگ افراد کو چھاﺅں فراہم کرنے کے لیے تعمیر کیا گیا ہے کیونکہ اس کے اندر درجہ حرارت ٹھنڈا رہتا ہے جبکہ سردیوں میں سورج کی روشنی بڑی کھڑکیوں سے گھر کے اندر رہتی ہے کیونکہ ان دنوں آسمان پر سورج کی پوزیشن کافی نیچے ہوتی ہے جس سے اندر کا ماحول گرم رہتا ہے۔

کمر پر لدا گھر، چین




5499690ba2e10.jpg

رائٹرز فوٹو
ایسا گھر کون پسند کرے گا جو ہر وقت آپ کی کمر پر لدا رہے اور آپ جہاں جائے اسے ساتھ لے کر جائے مگر چین کے 38 سالہ لیو لنگ چاﺅ کو تو یہی پسند ہے۔

پانچ سال قبل لیو نے لیوزاﺅ نامی علاقے سے اپنے آبائی قصبے رونگن واپس جانے کا فیصلہ کیا جو کہ 462 میل کے فاصلے پر واقع تھا اور یہی سوچ کر اس نے بانسوں، پلاسٹک بیگ اور چادروں کی مدد سے پانچ فٹ چوڑا اور ساڑھے چھ فٹ لمبا سفری گھر تیار کرلیا جس کا وزن ساٹھ کلو کے قریب ہے اور وہ اسے کمر پر لاد کر روزانہ بارہ میل تک سفر کرتا ہے۔

دریا کے پتھر پر ٹکا گھر، سربیا
5499690bd4053.jpg

رائٹرز فوٹو
سربیا کے دریائے ڈریٹاکے عین وسط میں ایک ایسا انوکھا گھر موجود ہے جسے ایک ابھری ہوئی چٹان پر بنایا گیاہے۔لکڑی کی مدد سے تعمیر کیا جانیوالا یہ منفرد گھر 1968 میں چند نوجوانوں نے اس لیے تعمیر کیا تھا کیونکہ ان کے خیال میں یہ چٹان ایک چھوٹی پناہ گاہ کے لیے مثالی مقام ہے۔

یہ گھر نہ صرف آرٹ کا نمونہ ہے بلکہ اپنے انوکھے طرزِ تعمیر کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا بھی خاص مرکزبنا رہتا ہے۔

ٹری ہاﺅس، فرانس
5499691141385.jpg

رائٹرز فوٹو
درختوں پر تو گھر بنانا زمانہ قدیم سے ہی انسانوں کا شوق رہا ہے مگر جنوبی فرانس کے علاقے لی پیان میڈوک میں واقعہ یہ گول ٹری ہاﺅس اپنی مثال آپ ہے۔

اور سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کسی کی ملکیت نہیں بلکہ ایک کمپنی ماحولیاتی تعطیلات کے خواہشمند افراد کو کرائے پر رہنے کے لیے دیتی ہے تاکہ وہ قدرتی مناظر اور ماحول میں رہ کر لطف اندوز ہوسکیں۔

نقلی چٹانوں سے بنا گھر، چین
5499690fc68a0.jpg

رائٹرز فوٹو
چین کے دارالحکومت بیجنگ کی ایک 26 منزلہ رہائشی عمارت کی چھت پر ایک منچلے نے ایک انوکھا گھر تعمیر کرڈالا جسے اس نے مصنوعی پتھروں سے تعمیر کیا تھا۔

کسی پرانے مقبرے کی شکل کے اس گھر کے ساتھ باغ بھی تھا تاہم اسے غیرقانونی طور پر تعمیر کیا گیا تھا لہذا اگست 2013 میں تعمیر کیے جانے کے بعد محض 15 روز میں ہی اسے گرا دیا گیا۔

ظروف میں بنا گھر، اسپین
5499690bd0b15.jpg

رائٹرز فوٹو
وسطی اسپین کے علاقے سوکیولاموس میں جیسے ہی کوئی جاتا ہے وہاں موجود گھروں کو دیکھ کر حیران رہ جاتا ہے جو کہ ایک مشروب کے لیے استعمال کیے جانے والے بہت بڑے برتنوں یا ظروف میں تعمیر کیے گئے ہیں۔

یہ گھر بلغاریہ سے آنے والے ترک افراد نے تعمیر کیے جو یہاں ہر سال چھ ہفتے کے لیے پھلوں کو چننے کے لیے آتے ہیں اور اس دوران وہ اپنی راتیں ان عجیب گھروں میں گزارتے ہیں۔

کنکریٹ کے یہ بیرل نما گھر ان ورکرز کے لیے کسی جنت سے کم نہیں۔

چٹان تراش کا بنایا گیا گھر، میکسیکو
5499690f5529b.jpg

رائٹرز فوٹو
میکسیکو کی شمالی ریاست کواہیلیا میں ایک شخص بنتو ہرنانڈز نے ایک بہت بڑے چٹانی پتھر کو تراش کر ایک منفرد گھر کی شکل دے دی۔

بنتو اور اس کا خاندان گزشتہ تیس برسوں سے اس 131 فٹ بڑی چٹان کو اپنی رہائش گاہ کے طور پر استعمال کررہا ہے جس کا نظارہ دیکھنے والوں کو حیران کردیتا ہے۔

کروکو ڈائیل ہاﺅس، آئیوری کوسٹ
5499690c4c284.jpg

رائٹرز فوٹو
ہوسکتا ہے کہ آئیوری کوسٹ جانے پر اگر آپ اس گھر کے پاس سے گزرے تو ایک جھٹکا لگے کہ اتنا بڑا مگرمچھ یہاں کیا کررہا ہے مگر یہ تو ایک آرٹسٹ موسیٰ کالاﺅ کی تخلیقی صلاحیت کا شکاہکار ہے جو انہوں نے تھیری عطا نامی شخص کے لیے ڈیزائن کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے ڈیزائن کرنے والے موسیٰ اس کی تعمیر مکمل ہونے سے پہلے ہی اس دنیا سے چل بسے تھے جسے بعد میں عطا نے مکمل کیا۔

دنیا کا سب سے پتلا گھر، پولینڈ
5499690b21125.jpg

رائٹرز فوٹو
پولینڈ کے علاقے وارسا میں دنیا کا سب سے پتلا گھر موجود ہے جو محض چھتیس انچ چوڑا اور سینتالیس انچ لمبا۔

درحقیقت پولینڈ میں جگہ کی کمی کے باعث ایک ہی خاندان کے کئی لوگ ایک گھر میں رہا ئش پزیر ہو تے ہیں اس لئے ایک فنکار ایڈگر کیرٹ نے دوعمارتوں کے درمیان بچ جانےو الی جگہ کو استعمال میں لا کے اس خوبصورت اور ننھے گھر کو ڈیزائن اور تعمیر کیا۔

اپنی شکل بدل لینے والا گھر، ہانگ کانگ
5499690c4138d.jpg

رائٹرز فوٹو
ہانگ کانگ کے آرکیٹیکٹ گیری چانگ نے اپنے لیے 330 اسکوائر فٹ کا اپارٹمنٹ تعمیر کررکھا ہے۔

مگر اسے کوئی عام گھر مت سمجھیں درحقیقت گیری اس جگہ تیس سال تک مقیم رہے اور پھر انہوں نے اسے ماحول دوست اور گنجائش کے لحاظ سے انتہائی موثر بنایا کیونکہ اس کی دیواروں کو جب مرضی یہاں وہاں منتقل کرکے اپنی مرضی کی شکل دے کر جگہ بنائی جاسکتی ہے۔

الٹا سیدھا گھر، روس
5499690c44278.jpg

رائٹرز فوٹو
اگر اس گھر کو آپ کو اپنی بنیائی یا دماغ پر شبہ ہونے لگے تو غلط نہیں کیونکہ روس کی ریاست سائبریا کے علاقے کرانسویارسک میں تعمیر کیا گیا الٹا سیدھا ہے۔

یعنی اسے اس انداز میں تعمیر کیا گیا ہے کہ یہ الٹا نظر آتا ہے اور اس کے اندر جانے والوں کا تو دماغ ہی گھوم جاتا ہے کیونکہ بستر اور کرسیاں چھت پر پڑی ہوتی ہیں اور پنکھا فرش پر ، مگر یہ محض آنکھوں کا دھوکا ہوتا ہے، اس چیز نے اس گھر کو مقامی افراد سمیت بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں میں بہت مقبول بنادیا ہے۔

چٹانی بنگلہ، امریکا
5499690b0b28e.jpg

رائٹرز فوٹو
اگر امریکی ریاست یوٹاہ میں کوئی دی راک کا نام لے تو اس کا مطلب یہاں کے ایک خاندان مورون کی ملکیت میں موجود انتہائی انوکھا گھر ہے جو ایک بھربھری چٹان کو تراش کر 35 سال پہلے تعمیر کیا گیا تھا۔

اس گھر کی تعمیر کے لیے اس چٹان میں دھماکے کرکے کمروں اور گودامز وغیرہ کو تعمیر کیا گیا اور اب یہ دیکھنے والوں کو حیران کردیتا ہے۔

آئس ہاﺅس، جرمنی
5499690af3ab6.jpg

رائٹرز فوٹو
جرمن شہر برلن میں 2005 میں ایک بینک نے اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ایک گھر تعمیر کیا گیا جو مکمل طور پر برف سے تیار کیا گیا۔

اس گھر کی تعمیر کے لیے ایک ہزار کے لگ بھگ برف کی سلیں استعمال کی گئیں جبکہ اس میں موجود تمام سامان اور سجاوٹ وغیرہ کو بھی برف سے ہی ممکن بنایا گیا ہے تاہم یہاں اتنی ٹھنڈک ہوتی ہے کہ بہت زیادہ دیر تک رہنا ممکن نہیں ہوتا۔

گنبد نما گھر، انڈونیشیا
5499690c0c058.jpg

رائٹرز فوٹو
انڈونیشیاءکے تاریخی شہر یوگیا کترا میں زلزلے کے بعد بے گھر ہونے والے افراد کے لیے یہ گنبد یا مقبرے نما گھر تعمیر کیے گئے۔

یہ انوکھا ڈیزائن ایک امریکی کمپنی ڈومز کا تھا جس نے بے گھر افراد کے لیے ستر ایسے گھر تعمیر کیے جو دور سے دیکھنے پر بہت ہی عجیب نظر آتے ہیں۔

ماخذ
 
Top