دیکھیں کیا اب کے اسیری ہمیں دکھلاتی ہے ۔ مرزا محمد تقی ہوس

مرزا محمد تقی ہوس

دیکھیں کیا اب کے اسیری ہمیں دکھلاتی ہے
لوگ کہتے ہیں کہ پھر فصل بہار آتی ہے

غش چلا آتا ہے اور آنکھ مندی جاتی ہے
ہم کو کیا کیا مری بے طاقتی دکھلاتی ہے

کیا سنا اس نے کہیں رخصت گل کا مذکور
عندلیب آج قفس میں پڑی چلاتی ہے

طائر روح کو پرواز کا ہر دم ہے خیال
قفس تن میں مری جان یہ گھبراتی ہے

دیکھ روتے مجھے ہنس ہنس کہے جانا ہر دم
جان سے مجھ کو تو تیری یہ ادا بھاتی ہے

بزم ہستی میں تو بیٹھا ہے ہوس کیا غافل
کچھ جو کرنا ہے تو کر عمر چلی جاتی ہے
 
Top