داغ راہ پر اُن کو لگا لائے تو ہیں باتوں میں ۔ داغ دہلوی

فرخ منظور

لائبریرین
غزل

راہ پر اُن کو لگا لائے تو ہیں باتوں میں
اور کھُل جائیں گے دو چار ملاقاتوں میں

یہ بھی تم جانتے ہو چند ملاقاتوں میں
آزمایا ہے تمہیں ہم نے کئی باتوں میں

غیر کے سر کی بلائیں جو نہیں لیں ظالم
کیا مرے قتل کو بھی جان نہیں ہاتھوں میں

ابرِ رحمت ہی برستا نظر آیا زاہد
خاک اڑتی کبھی دیکھی نہ خراباتوں میں

یارب! اس چاند کے ٹکڑے کو کہاں سے لاؤں
روشنی جس کی ہو ان تاروں بھری راتوں میں

تمہیں انصاف سے اے حضرتِ ناصح کہہ دو
لطف اُن باتوں میں آتا ہے کہ اِن باتوں میں

دوڑ کر دستِ دعا ساتھ دعا کے جاتے
ہائے پیدا نہ ہوئے پاؤں میرے ہاتھوں میں

جلوۂ یار سے جب بزم میں غش آیا ہے
تو رقیبوں نے سنبھالا ہے مجھے ہاتھوں میں

ایسی تقریر سنی تھی نہ کبھی شوخ و شریر
تیری آنکھوں کے بھی فتنے ہیں تری باتوں میں

ہم سے انکار ہوا، غیر سے اقرار ہوا
فیصلہ خوب کیا آپ نے دو باتوں میں

ہفت افلاک ہیں لیکن نہیں کھُلتا یہ حجاب
کونسا دشمنِ عشّاق ہیں ان ساتوں میں

اور سنتے ابھی رندوں سے جنابِ واعظ
چل دئیے آپ تو دو چار صلٰواتوں میں

ہم نے دیکھا انہیں لوگوں کو ترا دم بھرتے
جن کی شہرت تھی یہ ہرگز نہیں ان باتوں میں

بھیجے دیتا ہے انہیں عشق متاعِ دل و جاں
ایک سرکار لُٹی جاتی ہے سوغاتوں میں

دل کچھ آگاہ تو ہو شیوۂ عیاری سے
اس لئے آپ ہم آتے ہیں تری گھاتوں میں

وصل کیسا وہ کسی طرح بہلتے ہی نہ تھے
شام سے صبح ہوئی اُن کی مداراتوں میں

وہ گئے دن جو رہے یاد بتوں کی اے داغ
رات بھر اب تو گزرتی ہے مناجاتوں میں

(داغ دہلوی)
 
فاتح

لائبریرین
فرخ صاحب! ایک اور انتہائی خوبصورت کلاسیکی غزل ارسال کرنے پر شکریہ!
اس کا مشہورِ زمانہ مطلع تو بچپن سے پڑھتے آئے تھے مگر آج مکمل غزل بھی پڑھ لی۔
 
فرخ منظور

لائبریرین
فرخ صاحب! ایک اور انتہائی خوبصورت کلاسیکی غزل ارسال کرنے پر شکریہ!
اس کا مشہورِ زمانہ مطلع تو بچپن سے پڑھتے آئے تھے مگر آج مکمل غزل بھی پڑھ لی۔

بہت شکریہ فاتح صاحب۔ لیکن کچھ دنوں سے مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ اردو محفل کے احباب کی "اردو شاعری" سے دلچسپی شاید ختم ہوتی جا رہی ہے۔ بہرحال شکریہ ادا کرنے والے احباب کا بھی بہت شکریہ!
 
جیہ

لائبریرین
ارے نہیں! میری تو دلچسپی اب بھی برقرار ہے۔ واقعی خوبصورت غزل ہے مطلع کا پہلا مصرع میں نے پہلی بار سنا
 
فرخ منظور

لائبریرین
ارے نہیں! میری تو دلچسپی اب بھی برقرار ہے۔ واقعی خوبصورت غزل ہے مطلع کا پہلا مصرع میں نے پہلی بار سنا

بہت شکریہ جویریہ۔ چونکہ کسی پوسٹ کی گئی شاعری پر اگر کوئی تبصرہ نہ ہو تو مزید پوسٹ کرنے کو بعض اوقات دل نہیں چاہتا۔ اس لئے یہ بات کہی تھی۔ اگر کوئی گہما گہمی ہو تو نت نئی پوسٹ کرنے کی تحریک رہتی ہے۔ :)
 
شمشاد

لائبریرین
دوڑ کر دستِ دعا ساتھ دعا کے جاتے
ہائے پیدا نہ ہوئے پاؤں مرے ہاتھوں کے

صاحب یہاں ردیف بدل دیا آپ نے یا ٹائپو ہے؟
 
فاتح

لائبریرین

بہت شکریہ فاتح صاحب۔ لیکن کچھ دنوں سے مجھے محسوس ہو رہا ہے کہ اردو محفل کے احباب کی "اردو شاعری" سے دلچسپی شاید ختم ہوتی جا رہی ہے۔ بہرحال شکریہ ادا کرنے والے احباب کا بھی بہت شکریہ!
تمہیں انصاف سے اے حضرتِ ناصح کہہ دو
لطف اُن باتوں میں آتا ہے کہ اِن باتوں میں;)
 
جیہ

لائبریرین

بہت شکریہ جویریہ۔ چونکہ کسی پوسٹ کی گئی شاعری پر اگر کوئی تبصرہ نہ ہو تو مزید پوسٹ کرنے کو بعض اوقات دل نہیں چاہتا۔ اس لئے یہ بات کہی تھی۔ اگر کوئی گہما گہمی ہو تو نت نئی پوسٹ کرنے کی تحریک رہتی ہے۔ :)

واقعی۔ کلاسیکی شاعری کو نئی نسل اتنی اہمیت نہیں دیتی یا سمجھ نہیں سکتی حالانکہ میرے خیال میں کلاسیکی شاعری کو پڑھے اور سمجھے بغیر شاعری کا اچھا ذوق پیدا نہیں کیا جاسکتا

اگر ایسا سلسلہ شروع کیا جائے کہ بعض شعروں کی تھوڑی سی تشریح کی جائے تو میرا خیال ہے وہ سلسلہ کامیاب رہے گا۔
 
شکریہ جویریہ۔ اگر کسی کو کچھ اشعار کو سمجھنے میں مشکل پیش آرہی ہے تو ان اشعار کی تشریح کے لئے مناسب فورم میں نیا دھاگہ یا اسی دھاگے میں پوچھا جا سکتا ہے۔ لیکن شاید سبھی کو سمجھ آجاتی ہے کیونکہ کبھی بھی کسی نے کسی شعر کو سمجھنے کی خواہش ظاہر نہیں کی۔ لہٰذا یہی سمجھا جاتا ہے کہ کسی کو سمجھنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آرہی۔ اور نئی نسل تو ایک طرف نئے شعرا بھی کلاسیکی شاعری پڑھنا وقت کا ضیاع سمجھتے ہیں اور اپنے آپ کو بغیر اساتذہ کی شاعری کو پڑھے کامل دیکھنا چاہتے ہیں۔
 
Top