اس کا دوسرا مصرع دیکھ لیجے گا، شاید مجھے ہی تسامح ہو رہا ہے لیکن رباعی کی بحر میں نہیں لگ رہا۔
وارث صاحب۔ زہے نصیب کہ آپ سا صاحب علم مخاطب ہوا۔ آپ کی تحریروں سے یہ عاجز خوب کسبِ فیض کرتا رہا ہے۔
جہاں تک رباعی کے وزن کا تعلق ہے، تو اس معاملے میں میں کافی سے زیادہ بدعتی واقع ہوا ہوں۔ میں نے ابتدا میں ہی یہ قاعدہ بنا لیا کہ کبھی رباعی کہہ کر اس کی تقطیع نہ کروں گا۔ سو جو اپنے کانوں کو بھلا لگتا، ویسا لکھ ڈالتا۔ ساتھ ہی ذہن میں یہ بات تھی کہ "رباعی" دراصل ایک "
معنوی" صنف ہے، جو ایک خاص موڈ اور مقصد کو ظاہر کرتی ہے۔ اور وہی موڈ اس کی بحروں میں بھی جھلکتا ہے۔ بس یہ تھی میری فکر اورساتھ خوش فہمی یہ تھی کہ ایک دن ایسی رباعیات زبانِ اردو میں لکھوں گا کہ عروضی اور مستقبل کے شاعر قائل ہو جائیں گے اور پچھلے چوبیس اوزان چھوڑ کر ، رباعی کے موڈ کے مطابق، نئی نئی بحروں میں رباعی لکھیں گے ۔ پھر یہ بھی سوچا کیا کہ چوبیس اوزان بھی تو ہم جیسے انسانوں ہی نے بنائے ہیں۔ تو ہم کیوں نہ مناسب اضافہ کریں۔ بس اسی سرمستی میں مگن رباعی کہتا رہا۔ پھر میں ان معاملات میں انگریزی شاعروں کی روش کا تتبع کرتا ہوں جو معنی اور موڈ کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں۔ آپ ذرا
فٹزجیرالڈ کے خیام کی رباعیات کے تراجم دیکھیں۔ کسی اردو شاعر کی رباعیات میں ہے وہ دم؟
مزید، غالب کی "دل رک رک کر بند ہو گیا ہے غالب" والی رباعی بھی ابتدا ہی سے ذہن میں رہی۔ مجھے یقین ہے کہ غالب نے صد فیصد وہی روش اپنائی ہو گی جو میرا قاعدہ ہے۔ یعنی رباعی کو چوبیس اوزان میں محدود نہ سمجھا۔ غالب کے لیے شاید اپنے دور کی مناسبت سے کھل کر ایسا کرنا ممکن نہ تھا۔ اور وہ یہیں پر رک گیا۔ پھر وہ رباعی کا شاعر بھی نہ تھا۔ مگر مجھے یقینا اس نئے دور میں ایسی کسی پابندی کا سامنا نہیں۔ اور میں خود کو رباعی کے بڑا قریب بھی پاتا ہوں۔ اسی سبب سے میں اس ضمن میں غالب کی نسبت تجربات کا زیادہ مشتاق ہوں۔
اب تو زمانہ ہوا شعر لکھنا موقوف کیا مگر ارادہ اب بھی یہی ہے کہ اگر پھر رباعی لکھی، تو پچھلی روش پر ہی چلوں گا۔ اگر مقصد میں کامیاب رہا، تو زہے عزوشرف۔ وگرنہ پھر کیا فرق پڑتا ہے!
اب آپ خود بتائیں، جب سر مستی و جذب و شو ق کا یہ عالم ہو تو تقطیع کیوں کر ہو گی!
البتہ آپ سے ایک گزارش کرتا ہوں کہ تقطیع کو ذہن سے نکال کر اس رباعی کو دو چار مرتبہ پڑھیں۔ براہِ کرم پھر مجھے مطلع فرمائیں کہ اب بھی کانوں کو بری لگتی ہے کہ بھلی۔ آپ کی رائے کا منتظر رہوں گا۔
فقط آپ کا خادم۔