نعتِ پاک مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم
رُخ مہر ہے یا مہ لقا، یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں
ہاں حسن روئے مصطفیٰ، یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں
حسن دبستان جناں، نیرنگی کون و مکاں
گر وہ نہ ہوں جلوہ نما ، یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں
تاجِ سر کسریٰ کہاں، پیشانیِ زہرہ کہاں
نعلینِ پاکِ مصطفیٰ، یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں
برقِ جلالِ کبریا، وہ لن ترانی کی صدا
ہیں آپ اور عرشِ عُلا،یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں
اوروں نے جب نفسی کہا، اِذہب اِلیٰ غیری کہا
تم نے کہا انی لہا، یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں
مستِ مئے بغداد ہم، ہے غوثِ اعظم کا کرم
فکرِ الم، خوفِ بلا، یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں
طرز رضا کی پیروی، عاصم یہ تیری شاعری
حسنِ سخن، فکرِ رَسا، یہ بھی نہیں وہ بھی نہیں
نتیجہء فکر
حضرت علامہ مولانا اُسید الحق محمد عاصم قادری
خانقاہِ قادِرِیہ، بدایوں شریف، یو۔پی۔ الہند