"جامعہ عثمانیہ" یعنی عثمانیہ یونیورسٹی کی سرچنگ سب سے پہلے وائس آف امریکہ کی اردو ویب سائٹ کے اس مضمون تک کھینچ لے جاتی ہے جس کا عنوان ہے : "جامعہ عثمانیہ : قیام کے 90 سال مکمل : اردو ذریعۂ تعلیم سے آغاز لیکن آج ۔۔۔" مضمون کے مصنف کے طور پر "رشید الدین" کا نام درج ہے۔ مولانا آزاد اردو یونیورسٹی کے پروفیسر مصطفیٰ علی سروری نے تصدیق کی ہے کہ یہ حیدرآباد کے صحافی رشید الدین صاحب کا تحریر کردہ مضمون ہے۔
اردو محفل فورم پر "جامعہ عثمانیہ" کے عنوان سے علیحدہ سیکشن تو ضرور موجود ہے جس کا لنک گوگل سرچ میں بھی نمودار ہوتا ہے مگر وہاں "فرہنگ اصطلاحاتِ جامعہ عثمانیہ" کے زیرعنوان صرف ایک مضمون [thread] ہے ، امید تھی کہ وہاں سے یہ اہم لغت پی۔ڈی۔ایف یا یونیکوڈ میں دستیاب ہو جائے گی مگر نومبر 2008 میں شروع کیا گیا یہ کام وہاں ادھورا ہی پڑا ہے۔
ہاں، جامعہ عثمانیہ کی اس گوگل تلاش نے ایک ایسی اہم دینی کتاب تک رسائی دی ہے جس کے لیے ادارہ محدث لاہور کی جانب سے قائم کردہ آن لائن "کتاب و سنت لائبریری" یقیناً تعریف و تحسین کی حقدار ہے۔ یہ 8 جلدوں پر مشتمل محمد بن سعد کی ضخیم کتاب "
طبقات کبیر" کا اردو ترجمہ ہے۔ "سلسلہ نصاب تعلیم جامعہ عثمانیہ" کے تحت دارالطبع جامعہ عثمانیہ سرکار عالی حیدرآباد دکن کی جانب سے 1944 میں شائع شدہ مولانا عبداللہ العمادی صاحب (رکن سررشتہ تالیف و ترجمہ جامعہ عثمانیہ) کا یہ اردو ترجمہ ہے۔ اور یہ آٹھ کی آٹھ جلدیں پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں ویب سائٹ "کتاب و سنت لائبریری" سے مفت میں ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہیں۔