رمضان المبارک میں روزانہ 25 قرآن کی تلاوت کا ثواب حاصل کیجئے

یوسف-2

محفلین
رمضان المبارک اور قرآن مجید کی تلاوت
ہم مسلمان سارا سال قرآن مجید کی تلاوت کریں یا نہ کریں، رمضان المبارک میں ایسا ضرور کرتے ہیں۔ ہم میں سے ہر ایک کی کوشش ہوتی ہے کہ پورے رمضان المبارک میں ایک قرآن تو ضرور ختم کرلیں۔ بعض لوگ تو دو دو، تین تین قرآن بھی ختم کر لیتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ثواب حاصل کرسکیں۔ لیکن اگر کوئی آپ سے یہ کہے کہ آپ روزانہ 25 قرآن مجید اور پورے ماہ مبارک میں 750 قرآن مجید کی تلاوت کا ثواب حاصل کیجئے تو آپ حیران ہوں گے کہ بھلا ایسا کیسے ممکن ہے۔ گوآپ یہ ثواب حاصل ضرور کرنا چاہیں گے مگر کیسے؟

جامع ترمذی کی ایک حدیث میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ثواب میں سورۃ اذا زلزلت نصف قرآن، سورۃ اخلاص ایک تہائی قرآن اور سورۃ الکافرون چوتھائی قرآن کے برابر ہے۔ گویا ہم ہر نماز کے بعد کم از کم تین مرتبہ سورۃ اخلاص پڑھ کر ایک قرآن مجید کی تلاوت کا ثواب حاصل کرسکتے ہیں۔ اس تلاوت میں وقت بھی ایک منٹ سے زیادہ نہیں لگے گا اور ثواب بھی ایک مکمل قرآن ختم کرنے کا ملے گا۔ ترمذی شریف کی ایک حدیث کا مفہوم ہے کہ: ہر چیز کا دل ہوتا ہے اور قرآن کا دل سورۃ یاسین ہے۔ جس نے ایک بار سورۃ یاسین کی تلاوت کی، اللہ تعالی اس کے عوض دس بار قرآن مجید پڑھنے کا چواب لکھیں گے۔ سورۃ یاسین کو پڑھنے مین 5 سے 10 منٹ لگتے ہیں۔ گویا ہم سونے سے قبل اور صبح سویرے ایک ایک مرتبہ سورۃ یا سین کی تلاوت بآسانی کرکے دس دس قرآن مجید کی تلاوت کا ثواب حاصل کرسکتے ہیں۔

گویا ہر نماز کے بعد تین مرتبہ سورۃ اخلاص اورصبح و شام ایک ایک مرتبہ سورۃ یاسین پڑھنے سے ہم روزانہ 25 قرآن مجید کی تلاوت کا ثواب حاصل کرسکتے ہیں۔ اس طرح پورے رمضان المبارک میں 750 قرآن مجید کی تلاوت کا ثواب بہت آسانی سے حاصل کرسکتے ہیں۔ کیا روازنہ ایک ایک پارہ کی تلاوت کے ذریعہ پورے ماہ مبارک میں صرف ایک قرآن مجید کی تلاوت سے یہ بہتر سودا نہیں ہے۔ سورۃ یاسین کی تلاوت کا یہ بھی فائدہ ہے کہ: جو بندہ علی الصباح سورۃ یاسین پڑھے گا، اللہ تعالیٰ اس کی حاجتیں پوری فرمائے گا (سنن دارمی)۔ اللہ کی خوشنودی کے لئے رات کو سورۃ یاسین پڑھ کر سونے والوں کو بخش دیا جاتا ہے (طبرانی)

قرآن مجید کی تلاوت سے ثواب بھی حاصل کیا جاسکتا ہے اور اس سے دنیا و آخرت کے لئے رہنمائی بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ ہم عجمی مسلمان بالعموم روزانہ آدھ سے ایک گھنٹہ یومیہ فی پارہ کی تلاوت کے ذریعہ پورے رمضان المبارک میں ایک مکمل قرآن کی تلاوت کا ثواب حاصل کرتے ہیں۔ جبکہ عربی زبان سے ناواقفیت کی وجہ سے اس تلاوت کے ذریعہ کوئی رہنمائی حاصل کرنے سے قاصر رپتے ہیں۔ کیا ہی اچھا ہو کہ ہم ہر نماز کے بعد 3 مرتبہ سورۃ اخلاص اور صبح و شام دورۃ یاسین کی تلاوت کے ذریعہ پورے ماہ میں 750 قرآن مجید کی تلاوت کا ثواب حاصل کریں اور روزانہ آدھ سے ایک گھنٹہ کی مروجہ تلاوت قرآن کے اوقات میں کم از کم ایک پارہ کا ترجمہ پڑھ لیا کریں تاکہ ہم پورے ماہ میں مکمل قرآن کے پیغام سے بھی آگہی حاصل کرسکیں۔ اور اگر اس میں سے کچھ وقت بچ سکے تو بخاری یا مسلم شریف سے حدیث کی ایک آدھ کتاب بھی پڑھ لیں۔ قرآن اور حدیث سمجھ کر پڑھنے کے لئے ہے تاکہ ہم اپنی زندگیوں کو اس کے مطابق گزار کر جنت الفردوس مین داخلہ کے اہل بن سکین۔ اللہ ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے آمین۔ ثم آمین
 

شمشاد

لائبریرین
جزاک اللہ یوسف بھائی۔

قرآن پاک کی تلاوت بلاشبہ ایک سچا سودا ہے۔ جتنا بھی پڑھا جائے کم ہے۔

لیکن بہتر یہ ہے کہ قرآن کو ٹھہر ٹھہر کر اور سمجھ کر پڑھا جائے اور اس کی تعلیمات پر عمل کیا جائے۔ کہ یہی آخرت کی کنجی اور کامیابی ہے۔

اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ ہمیں اس مبارک مہینے میں زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کا موقع عطا فرمائے۔
 
Top