رنگا رنگ اردو یونیکوڈ فونٹس کی دنیا (جہانِ قلم)

بلال

محفلین
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اردو سے محبت کرنے والوں نے جدید ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے کئی کارنامے سر انجام دیئے ہیں اور آج بھی اپنی لگن، محبت اور محنت سے دن رات اردو کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔ کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی دنیا میں اردو فورمز، بلاگز اور دیگر اردو ویب سائٹس بنانے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے کوشاں شاکرالقادری، نبیل اور ان جیسے دیگر لوگ تاریخ میں ہمیشہ اچھے الفاظ سے یاد کیے جائیں گے۔
یونیکوڈ اردو کی ترقی کے ساتھ ساتھ جہاں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو لکھنے کے دیگر مسائل کو حل کیا گیا وہاں دوستوں کی محنت سے بے شمار یونیکوڈ اردو فونٹس بھی تخلیق ہوئے۔ جیسے جیسے اردو فونٹس بنتے گئے وہ سب کے سامنے پیش ہوتے رہے اور ہر فونٹ بنانے والا انہیں اپنی مرضی کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کرتا گیا۔ یوں دن بدن فونٹ بنتے گئے اور بکھرتے گئے۔ کئی دوستوں نے فرمائش کی کہ ان بکھرے ہوئے اردو فونٹس کو ایک جگہ اکٹھا کیا جائے اسی فرمائش کو پورا کرتے ہوئے محترم شاکرالقادری بھائی اور القلم کی ٹیم نے ایک ویب سائٹ "جہانِ قلم" کے نام سے بنائی ہے۔ جہانِ قلم ویب سائٹ بنانے کا مقصد اردو کی خدمت اور یونیکوڈ اردو فونٹس تک آسانی سے رسائی، اردو ٹائپوگرافی کے شعبہ میں کام کرنا اوراب تک سامنے آنے والے تمام آزاد مصدر اردو خطوط کو یکجا کر کے مفاد عامہ کے پیش نظرمہیا کرنا ہے۔
شاکرالقادری بھائی اور القلم کی ٹیم نے حتی المقدور کوشش کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ اردو فونٹس کو جہانِ قلم پر جمع کیا جائے اور یوں کافی سارے فونٹس کو جہانِ قلم پر جمع کر دیا ہے۔
جہانِ قلم کی کئی ایک خصوصیات میں سے چند ایک درج ذیل ہیں۔
1:- فونٹس کو ان کے زمرہ کے اعتبار سے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ فونٹ کی تلاش میں آسانی ہو۔
2:- عام طور پر اردو ویب سائٹس پر استعمال ہونے والے فونٹس کے لئے الگ زمرہ "اہم فونٹس" کے نام سے بنایا گیا ہے۔
3:- فونٹ بنانے والا یا کوئی دوسرا بھی کوئی نیا فونٹ "خط شامل کریں" والا صفحہ استعمال کرتے ہوئے بھیج سکتا ہے جو جہانِ قلم کے قوانین کو مدِ نظر رکھتے ہوئے جہانِ قلم میں شامل کر دیا جائے گا۔
4:- ہر فونٹ کا تصویری نمونہ لگایا گیا ہے تاکہ فونٹ ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے ہی اس کا سٹائل پتہ چل سکے۔
5:- فونٹ کے اردو نام کے ساتھ ساتھ رومن نام، فونٹ بنانے والے کا نام اور سائز بھی بتایا گیا ہے۔
6:- جہانِ قلم پر سرچ باکس بھی لگایا گیا ہے تاکہ کسی فونٹ کو آسانی سے تلاش کیا جا سکے۔
نوٹ:- تمام فونٹس کو ان کے نام کی ترتیب سے رکھنے کا سلسلہ ابھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

شاکر القادری بھائی اور القلم کی ٹیم نے اردو کی خدمت کرتے ہوئی رنگا رنگ اردو یونیکوڈ فونٹس کی دنیا "جہانِ قلم" کے نام سے سجا دی ہے۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم جہانِ قلم کو مزید بہتر سے بہتر کریں اور اگر کوئی فونٹ رہ گیا ہویا کوئی نیا فونٹ بنے وہ جہانِ قلم کو ارسال کریں یا پرانے فونٹ کی اپڈیشن کے ساتھ ہی جہانِ قلم کو بھی اطلاع دیں۔ اس کے علاوہ اگر کسی کو فونٹس کی ضرورت ہو تو اسے جہانِ قلم کا بتائیں اور جہانِ قلم کی زیادہ سے زیادہ تشہیر کریں تاکہ یونیکوڈ اردو فونٹس زیادہ سے زیادہ لوگ آسانی سے حاصل کر سکیں۔
اگر آپ جہانِ قلم کی تشہیر اپنے بلاگ یا ویب سائیٹ پر کرنا چاہیں تو اس کے لئے ایک انیمیٹڈ تصویر م۔ م۔ مغل نے تیار کی ہے۔ جس کا یو آر ایل http://fonts.alqlm.org/images/qalamd.gif ہے اور تصویر یہ ہے۔۔۔
qalamd.gif

شکریہ
 

نبیل

تکنیکی معاون
شکریہ بلال۔ شاکرالقادری صاحب نے کافی عرصہ قبل مجھے اس سائٹ کے بارے میں بتایا تھا۔ میں انہیں اس کے بارے میں تفصیل سے تجاویز پیش کرنا چاہتا تھا لیکن مجھے اس کا وقت نہیں ملا۔ اردو ٹائپوگرافی کے لیے ایسی سائٹ کی اشد ضرورت ہے جو باقاعدگی سے اپڈیٹ ہوتی رہے اور جہاں تمام نمایاں اردو فونٹ سازی کے ماہرین معلومات شئیر کریں۔
 

شہزاد وحید

محفلین
ہاں فونٹس کیا باقاعدہ ایک سائیٹ ہونی ہی چاہیے۔ ایسے فارمز پر ریلیز کرنے سے بعض اوقات دیر سے آنے والوں کی نظر سے نہیں گزرتا تھریڈ۔
 

ابوشامل

محفلین
بہت زبردست ویب سائٹ ہے۔ چند روز قبل عارف کریم سے گفتگو ہوئی تو میں نے ان سے مطالبہ کیا تھا کہ اردو ٹائپوگرافی کے حوالے سے ایک بلاگ یا ویب سائٹ ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا چند روز انتظار کریں، کام چل رہا ہے۔
دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔
ایک تجویز ساتھ میں دینا چاہوں گا کہ صرف فونٹس کے علاوہ اس میں فونٹس بنانے کے حوالے سے مددگار ٹیوٹوریل وغیرہ بھی شامل کیے جائیں۔ یہیں محفل پر چند ٹیوٹوریل لکھے گئے تھے انہیں اس بلاگ کی زینت بنایا جا سکتا ہے۔
 

محمداحمد

لائبریرین
"جہانِ قلم" کے لئے کی جانے والی سعی لائقِ تحسین ہے اور یہ اردو زبان کی بہت بڑی خدمت ہے۔

جزاک اللہ۔۔۔!
 

بلال

محفلین
شکریہ بلال صاحب، شامل کرنے کو۔
یہ اینیمیٹڈ تصویر ، بندہ ناچیز نے بنائی ہے۔ (وضاحت)

جی شکریہ۔۔۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ آپ نے تیار کی ہے۔ بس جہانِ قلم پر یہ تصویر دیکھتا تھا تو سوچا اس کو بھی شامل کر دوں کیونکہ میں اپنے بلاگ پر جہانِ قلم کی تشہیر کے لئے اسے استعمال کر رہا ہوں۔۔۔ تو یہاں بھی شامل کر دی۔۔۔ اب میں نے اس تصویر کے ساتھ آپ کا حوالہ بھی دے دیا ہے۔۔۔
 
نا صرف یہ سائیٹ بڑی کارآمد ہے بلکہ ساتھ ساتھ بڑی دیدہ زیب بھی ہے۔ شاکر القادری صاحب اور دیگر متعلقہ احباب کو مبارک ہو۔
 
Top