رنگ شفق سے لے کرجیسے رُخ پہ مَلی ہے شام

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
صاحبو! جب زندگی کا دن ڈھلنے پر آجائے اور شام کے رنگ ہر طرف پھیلنے لگیں تو یکایک ہر احساسِ زیاں کچھ اور شدت سے چبھنے لگتا ہے ۔ ایسے میں اگر انسان پلٹ کر دیکھنے کے بجائے آگے دیکھے اور اپنے ہمسفر اور ہمقدم کی نعمت کا اعتراف کرے تو ڈھارس بندھتی ہے ۔ دل کچھ سنبھلنے لگتا ہے ۔ میں بھی اب شام کی سرحدوں میں داخل ہورہا ہوں ۔ کچھ احساسات ایک غزل کی صورت میں پیشِ خدمت ہیں ۔ (اپنے شریکِ سفر کی اجازت سے ۔)

رنگ شفق سے لے کرجیسے رُخ پہ مَلی ہے شام
اور نکھرتا جاتا ہے وہ جب سے ڈھلی ہے شام

دھوپ کنارہ زلفوں میں اور چاندنی گالوں پر
ایک افق پر چاند اور سورج ! کیسی بھلی ہے شام

پت جھڑ جیسے رنگوں میں ہے جگنو جیسی آنچ
عمر کی جھکتی ٹہنی پر اک کِھلتی کلی ہے شام

رنگ فضا میں بکھرے ہیں اور شہنائی کی گونج
کس آنگن سے ہنستی روتی آج چلی ہے شام

سائے بھی آخر ڈھلتے ڈھلتے چھوڑ گئے ہیں ساتھ
رات سے کیسے اُلجھے آخر ، چھاؤں جلی ہے شام

فکرِ جہاں کی بستی میں پُر پیچ سڑک ہے د ن
رات ہے روشن دروازہ اور تیر ی گلی ہے شام

رات اُترنے والی ہے اب کوئی ٹھکانہ ڈھونڈ
اک دفعہ سر پرآکر کس کے سر سے ٹلی ہے شام

ظہیر احمد ۔۔۔۔۔ ۲۰۱۵

(آخری شعر میں دفعہ کے اس طرح استعمال پر اہلِ علم سے معذرت خواہ ہوں ۔ یہ شعر ضائع کرنا نہیں چاہتا تھا ) ۔​
 
آخری تدوین:
بہت خوبصورت
رنگ شفق سے لے کرجیسے رُخ پہ مَلی ہے شام
اور نکھرتا جاتا ہے وہ جب سے ڈھلی ہے شام

دھوپ کنارہ زلفوں میں اور چاندنی گالوں پر
ایک افق پر چاند اور سورج ! کیسی بھلی ہے شام

پت جھڑ جیسے رنگوں میں ہے جگنو جیسی آنچ
عمر کی جھکتی ٹہنی پر اک کِھلتی کلی ہے شام

رنگ فضا میں بکھرے ہیں اور شہنائی کی گونج
کس آنگن سے ہنستی روتی آج چلی ہے شام

سائے بھی آخر ڈھلتے ڈھلتے چھوڑ گئے ہیں ساتھ
رات سے کیسے اُلجھے آخر ، چھاؤں جلی ہے شام

فکرِ جہاں کی بستی میں پُر پیچ سڑک ہے د ن
رات ہے روشن دروازہ اور تیر ی گلی ہے شام

رات اُترنے والی ہے اب کوئی ٹھکانہ ڈھونڈ
اک دفعہ سر پرآکر کس کے سر سے ٹلی ہے شام
 
جاسمن

لائبریرین
ایک شام شام سی غزل۔
اداسی بھری۔
غمگین سی ۔
دل کی گہرائیوں میں ایک احساس زیاں،کچھ کھونے کا ،کچھ چھوڑنے کا،بچھڑنے کا خدشہ لئے ہوئے۔۔۔۔
آہ!
اللہ آپ کی جوڑی کو صحت و عافیت،خوشیاں اور آسانیاں عطا فرمائے۔آمین!
 
بہت بہت شکریہ جاسمن ! آپ نے بالکل ٹھیک کہا ۔ شام کے استعارے کی مدد سے کچھ انہی کیفیات کا اظہار مقصود تھا ۔
دعاؤں کے لئے انتہائی شکر گزار ہوں ۔ دعاؤں میں یاد رکھا کیجئے ۔ اللہ کریم آپ کو اور اہلِ خانہ دونوں جہان کی بہترین نعمتیں عطا فرمائے اور ایمان و یقین کے سائے میں سلامت رکھے ۔ آمین ۔
 
Top