روحانی بیوٹی پارلر ٭ شاہین اقبال اثر

روحانی بیوٹی پارلر ٭ شاہین اقبال اثر

اہل تقویٰ کی صورت بنالیجئے
نورِ سُنت سے چہرہ سجا لیجئے

روز محشر شفاعت سے محروم ہوں
اپنی مونچھیں اتنی نہ بڑھا لیجئے

بال سر پر نہ انگریزی رکھیے جناب
اس کو سُنت سمجھ کر کٹا لیجئے

ٹخنے ڈھکنا گناہ کبیرہ ہے جی
اپنی شلوار اوپر اُٹھا لیجئے

ہو اگر غیر محرم مقابل کوئی
اپنی نظروں کو فورا جُھکا لیجئے

دل بھی گندے خیالات سے پاک ہو
اپنے مولا کو دل میں بسا لیجئے

اپنے کانوں سے گانے نہ سُنئے کبھی
ان کو قہر خدا سے بچا لیجئے

اپنے قابو میں رکھیے خود اپنی زباں
اس سے مت کام بے فائدہ لیجئے

اشک جاری نہیں ہوں اگر آنکھ سے
رونے والوں کی صورت بنالیجئے

پڑھ کے دو رکعتیں آپ حاجات کی
اپنے مولا کو رو کر منا لیجئے

جن کی رحمت کے ہیں آپ امید وار
اُن کے پیاروں کی صورت بنا لیجئے

اے اثر قرب حق چاہیے تو جگہ
اہل تقویٰ کے دل میں بنا لیجئے


(شاہین اقبال اثر)
خلیفہ مجاز الشاہ مولانا حکیم محمد اختر صاحب رحمہ اللہ
 
Top