احمد ندیم قاسمی روشنی کا، افقِ شب پہ اشارہ کیوں ہے۔۔۔۔۔!

قرۃالعین اعوان

لائبریرین
روشنی کا ، افقِ شب پہ اشارہ کیوں ہے؟
رات امڈی ہے مگر ساتھ ستارہ کیوں ہے ؟

وہ جو گرداب سے لرزاں ہیں ذرا غور کریں
ہر بھپرتے ہوئے دریا کا کنارا کیوں ہے ؟

برف پگھلی ہے تو کیوں اس میں ہے تلوار کی کاٹ
راکھ ٹھنڈی ہے تو پھر اس میں شرارہ کیوں ہے ؟

زرِ محنت جو ہمارا ہے ، وہ سب کا ہے اگر
قصرِ مر مر جو تمہارا ہے ،تمہارا کیوں ہے ؟

راہ اگر کوئی نہ سوجھی تھی تو ہم سے کہتا
رہنما نے ہمیں دوراہے پہ مارا کیوں ہے ؟

یہ تصرف ہے ترا، یا مرا معیارِ وفا
ترکِ الفت پہ بھی تو اتنا ہی پیارا کیوں ہے ؟

عشق اگر کچھ بھی نہیں جزہوسِ جسم ندیم
اس نے الہام مرے دل میں اتارا کیوں ہے ؟
 
Top