حسرت موہانی روشن جمال ِیار سے ہے انجمن تمام - حسرت موہانی

فرخ منظور

لائبریرین
روشن جمال ِیار سے ہے انجمن تمام
دہکا ہوا ہے آتش ِگُل سے چمن تمام

حیرت غرور ِحسن سے شوخی سے اضطراب
دل نے بھی تیرے سیکھ لیے ہیں چلن تمام

اللہ ری جسمِ یار کی خوبی کہ خود بخود!
رنگینیوں میں ڈوب گیا پیرہن تمام

دل خون ہوچکا ہے جگر ہو چکا ہے خاک
باقی ہوں میں مجھے بھی کر اے تیغ زن تمام

دیکھو تو چشم ِیار کی جادو نگاہیاں
بیہوش اِک نظر میں ہوئی انجمن تمام

ہے ناز ِحُسن سے جو فروزاں جبین ِیار
لبریز آب ِنور سے ہے چاہ ِذقن تمام

نشوونمائے سبزہ و گُل سے بہار میں
شادابیوں نے گھیر لیا ہے چمن تمام

اُس نازنیں نے جب سے کیا ہے وہاں قیام
گلزار بن گئی ہے زمین ِ دکن تمام

اچھا ہے اہلِ جور کیے جائیں سختیاں
پھیلے گی یوں ہی شورش ِ حُبّ ِ وطن تمام

سمجھے ہیں اہل ِمشرق کو شاید قریب ِ مرگ
مغرب کے یوں ہیں جمع یہ زاغ و زغن تمام

شیرینئی نسیم* ہے سوز و گداز ِمیر*
حسرت * ترے سخن پہ ہے لطفِ سخن تمام


* نسیم اور میر شاعروں کے تخلص
* حسرت - خود مولانا حسرت موہانی کا تخلص
 

محمد وارث

لائبریرین
واہ واہ واہ، سبحان اللہ کیا خوب غزل پوسٹ کی ہے آپ نے فرخ صاحب اور کیا خوب یاد دلا دی آپ نے ان بیتے دنوں کی جب پہروں بیٹھے شہنشاہِ غزل کی آواز میں یہ غزل سنا کرتے تھے، آہ آہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بہت شکریہ حضور (نمک پاشی کیلیئے نہیں ;)) بلکہ رنگا رنگ بزم آرائیوں کی یاد تازہ کروانے کیلیئے۔
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت شکریہ وارث صاحب! ہمارا دل بھی ایسے ہی داغوں کی بہار سے چراغاں ہے - ;)

یاد تھیں ہم کو بھی رنگا رنگ بزم آرائیاں
لیکن اب نقش و نگار ِ طاق ِ نسیاں ہو گئیں
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت شکریہ محمد شیراز صاحب! لیکن یوں محسوس ہوتا ہے کہ آپ اگست کے بعد آج ہی آئے ہیں -بہرحال خوش آمدید- براہِ مہربانی تعارف سیکشن میں‌اپنا تعارف ضرور کروائیے گا -
 

فرخ منظور

لائبریرین
بہت شکریہ زونی! اور یہ بھی

اچھا ہے اہلِ جور کیے جائیں سختیاں
پھیلے گی یوں ہی شورش ِ حبّ ِ وطن تمام
 

حسان خان

لائبریرین
537749_312866028823907_358743253_n.jpg
 
اللہ ! جسمِ یار کی خوبی کہ خود بخود!
رنگینیوں میں ڈوب گیا پیرہن تمام
روشن جمال ِیار سے ہے انجمن تمام
دہکا ہوا ہے آتش ِگُل سے چمن تمام
 
ش

شہزاد احمد

مہمان
حیرت غرور ِحسن سے شوخی سے اضطراب
دل نے بھی تیرے سیکھ لیے ہیں چلن تمام

عابدہ پروین کی آواز میں یہ غزل سنی تھی ۔۔۔ کیا بات ہے! واہ!
 
Top