پیرزادہ قاسم زمانہ میری شکستِ دل کا سوال ہی کیوں اُٹھا رہا ہے - پیرزادہ قاسم

محمداحمد

لائبریرین
غزل

زمانہ میری شکستِ دل کا سوال ہی کیوں اُٹھا رہا ہے
ابھی مرے زخم ہنس رہے ہیں، ابھی مرا درد گا رہا ہے

میں کب سے اُس تندیء ہوا کے مقابلے پر ڈٹا ہوا تھا
مگر یہ اک دستِ محرمانہ جو آج مجھ کو بُجھا رہا ہے

عجیب بیگانگی کی رُت ہے، ہر ایک پہچان کھو گئی ہے
اب ایسے عالم میں دشتِ قاتل ہے ایک جو آشنا رہا ہے

میں بے سُخن اور مرا فسانہ بھی نا شنیدہ رہا ہے لیکن
یہ آج کیا ہے کہ جس کو دیکھو مری کہانی سُنا رہا ہے

نہ جانے دل کی شکستگی کے لئے ہے یا حوصلے کی خاطر
کوئی ہے جو خلوتِ سُخن میں مرے لئے مسکرا رہا ہے

کسی ہجومِ سُخن سرائی میں یاد اُس کو کبھی تو کیجے
جو گفتگو بے سُخن رہی ہے وہ نغمہ جو بے صدا رہا ہے

پیرزادہ قاسم
 
ابوشامل

محفلین
میں کب سے اُس تندیء ہوا کے مقابلے پر ڈٹا ہوا تھا
مگر یہ اک دستِ محرمانہ جو آج مجھ کو بُجھا رہا ہے
بہت اعلی سبحان اللہ۔ محمد احمد صاحب پیرزادہ قاسم کا مزید کلام بھی شیئر کیجیے گا۔
ویسے اس کو پڑھتے ہوئے مجھے اسی بحر میں لکھی گئی ایک حمد کا شعر یاد آ رہا ہے:
ہر ایک شے میں جھلک وہ اپنی ربوبیت کی دکھا رہا ہے
نظام اس کائنات کا وہ بحسن و خوبی چلا رہا ہے
 
فرحت کیانی

لائبریرین
کسی ہجومِ سُخن سرائی میں یاد اُس کو کبھی تو کیجے
جو گفتگو بے سُخن رہی ہے وہ نغمہ جو بے صدا رہا ہے

بہت خوب۔۔۔ بہت شکریہ محمد احمد :)
 
جیا راؤ

محفلین
میں بے سُخن اور مرا فسانہ بھی نا شنیدہ رہا ہے لیکن
یہ آج کیا ہے کہ جس کو دیکھو مری کہانی سُنا رہا ہے

بہت ہی خوب !
شکریہ آحمد صاحب اتنی اچھی غزل شئیر کرنے کا۔ :)

پیر زادہ قاسم جامعہ کراچی کے وائس چانسلر؟:confused::grin:
 
بہت شکریہ جیا۔

پیرزادہ قاسم بہت اچھے شاعر ہیں اور کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی ہیں۔ یہ ربط ملاحظہ فرمایئے۔

http://www.uok.edu.pk/administration/vc.php
 
Top