زندگی دشتِ انا ہے یہاں کس کا سایا

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
زندگی دشتِ انا ہے یہاں کس کا سایا
اپنے سائے کے علاوہ نہیں ملتا سایا

دور جائیں جوشجرسے تو جھلس جانے کا ڈر
چھاؤں میں بیٹھیں تو اپنا نہیں بنتا سایا


بڑھ گئی میری تھکن اور بھی اے شہر ِ امان
آزما کر تری دیوار کا دیکھا سایا

عکس شیشے کے گھروں میں نظر آتے ہیں ہزار
دھوپ آجائے تو ڈھونڈے نہیں ملتا سایا

اُس کے آنچل کی دھنک کو تو ذرا کُھلنے دو
جلتا سورج بھی پکارے گا کہ سایا سایا

ایک دیوارِ عداوت تھی کہ گرتے گرتے
شہر میں چھوڑ گئی خوف کا گہرا سایا

جب بھی کاندھے پہ اٹھاتا ہوں میں بچوں کو ظہیر
میری قامت سے بھی بڑھ جاتا ہے میرا سایا

ظہیر احمد ظہیر ۔ ۔۔ ۔ ۔ ۔ جولائی ۲۰۰۷​
 
کیا ہی خوب کہا ہے ظہیر بھائی، کیا تخیل ہے۔
دور جائیں جوشجرسے تو جھلس جانے کا ڈر
چھاؤں میں بیٹھیں تو اپنا نہیں بنتا سایا
بہت خوبصورت پیرایۂ اظہار
جب بھی کاندھے پہ اٹھاتا ہوں میں بچوں کو ظہیر
میری قامت سے بھی بڑھ جاتا ہے میرا سایا
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
عکس شیشے کے گھروں میں نظر آتے ہیں ہزار
دھوپ آجائے تو ڈھونڈے نہیں ملتا سایا

اُس کے آنچل کی دھنک کو تو ذرا کُھلنے دو
جلتا سورج بھی پکارے گا کہ سایا سایا

ایک دیوارِ عداوت تھی کہ گرتے گرتے
شہر میں چھوڑ گئی خوف کا گہرا سایا

جب بھی کاندھے پہ اٹھاتا ہوں میں بچوں کو ظہیر
میری قامت سے بھی بڑھ جاتا ہے میرا سایا

واہ واہ واہ
سرکار کیا اشعار کہے ہیں۔
خاص طور پہ مقطع کے تو کیا کہنے
سبحان اللہ
بہت سی داد
واہہہہہہہہہ
 
Top