زوال سلطنت کے اسباب

نبیل

تکنیکی معاون
حکیم مومن خان مومن کے شاگرد آغا محمود بیگ راحت نے ہندوستان میں اٹھارہویں اور انیسویں صدی کے مسلمان نوابوں کی معاشرت کے بارے میں حکایت کی صورت میں ایک دلچسپ کتاب "نتائج المعانی" لکھی تھی۔ اس کتاب سے ایک حکایت آپ بھی سن لیجیے:

ایک روز ابو نصر محمد اکبر شاہ ثانی کے دربار میں ذکر زوال سلطنت آ گیا۔ مفتی محمود خان نے عرض کی، "چار آدمیوں نے مملکت کو تباہ کر دیا: اول حکمیوں نے فرمانروایان بیدار مغز کو وہ مقویات کھلائیں کہ تاب تحمل نہ ہو سکی، مزاج عشرت طلب ہو گیا۔ دوسرے کلاونتوں نے، ان کے گھر میں جو نوخیز ہوئی اس کو پیش کیا اور اس میں اپنا افتخار پیدا کیا۔ سلاطین کو رقص و سرود میں مائل رکھا۔ ڈوم ڈھاڑی مدارالمہام ہوئے۔ جابجا خود سر ہو گئے۔ شرفا کو دربار میں مداخلت نہ ہوئی۔ ان کی بات کسی نے نہ سنی۔ وقت پر لوگوں نے طرح دی۔ غنیم کی بن آئی۔ تیرے کثرت عیال نے، ادھر ازواج کی کثرت ہوئی ادھر اولاد کی ترقی ہوئی۔ نزع خانگی سے خلش ہوئی۔ چوتھے مشائخ و پیر زادوں نے۔ جب کبھی حاضر ہوئے اور کبھی ذکر سلطنت آیا، اپنے تئیں عرش پر پہنچایا۔ مسائل تصوف بیان کرنے لگے۔ کنج عزلت کی خوبیاں عرض کرنے لگے۔ خون بندگان خدا سے ڈرانے لگے۔ دعاؤں کا لشکر حضور کی فتح و نصرت کو کافی ہے، دشمن ادھر منہ بھی نہیں کرنے کا، خود پامال سم سمندران لشکر دعائے دولت و اقبال ہوگا۔ فرمانروا ان کے دام میں آگئے۔ پیر جی کی دعا پر تکیہ کیا، چار بالش عشرت پر تکیہ نشین ہوئے۔ اراکین گوشہ نشین ہوئے، غنیم نے قابو پایا، اقلیم پر زور لایا۔ دعا کی فوج آتی رہی، حکومت جاتی رہی۔"

سقوط بغداد سے سقوط ڈھاکہ تک (میاں محمد افضل) سے اقتباس
 

نایاب

لائبریرین
السلام علیکم
محترم نبیل بھائی
خرگوش خواب سے کب جاگتا ہے ۔
پدرم سلطان بود ،،،،،،،،،،
کیا خماری ہے اس جملے میں ،،
اللہ میرے پاک وطن کو سدا سلامت رکھے آمین
نایاب
 

ابن جمال

محفلین
میرا خیال ہے کہ بحث موضوع سے ہٹ کر ہورہی ہے۔ موضوع ہے زوال سلطنت کے اسباب اوربات نکل چلی ہے طالبان پر، اصل موضوع پر میں اتنا ہی کہنا چاہوں گا بقول اقبال
آتجھ کو بتائوں میں تقدیر امم کیاہے
شمشیر وسناں اول طائوس ورباب آخر
 

شمشاد

لائبریرین
خالی دعاؤں کے زور پر دشمن پر فتح نصیب ہوتی تو رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو جنگ کے میدانوں میں جانے کی کیا ضرورت تھی۔ دعا کے ساتھ ساتھ عمل بھی تو اتنا ہی ضروری ہے۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
میں نے اس تھریڈ سے غیر متعلقہ پیغامات حذف کر دیے ہیں۔ میری گزارش ہے کہ یہاں صرف موضوع سے متعلقہ معلومات ہی فراہم کی جائیں۔ باقی ناظمین بھی اس جانب توجہ کریں کہ ہر تھریڈ پر ایک ہی جیسی لایعنی بحث نہ شروع ہو جایا کرے۔
 
Top