سابق برٹش اوپن اسکواش چیمپئن اعظم خان کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

پاکستان کے لیے 4 مرتبہ اسکواش کا برٹش اوپن جیتنے والے اعظم خان کورونا وائرس کے باعث لندن میں انتقال کرگئے۔

اعظم خان کے خاندانی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اعظم خان کا انتقال کورونا وائرس کے سبب ہوا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے ایلنگ اسپتال لندن میں 95 سالہ اعظم خان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا تھا۔

اعظم خان کے بیٹے واصل خان کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ نے ہفتے کی شام والد کے انتقال سے آگاہ کیا ہے، ہم سب لندن میں آئسولیشن میں موجود ہیں اور اِس خبر نے ہمیں دہلا دیا ہے۔

خیال رہے کہ اعظم خان 1959 سے 1962 تک مسلسل 4 بار اسکواش چیمپئن رہے اور وہ اسکواش کے عظیم کھلاڑی ہاشم خان کےچھوٹے بھائی تھے اور ان کا اپنا شمار بھی اسکواش کے لیجنڈز میں ہوتا تھا۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں بھی کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال دن بدن بگڑتی جارہی ہے اور اموات کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

گزشتہ روز برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور وزیرصحت میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد سے دونوں حکومتی شخصیات آئسولیشن میں ہیں۔
 
Top