محمد عدنان اکبری نقیبی
لائبریرین
توری اور انڈے کی بھجیا
اجزاء : توری ایک کلو، انڈے چار عدد، پیاز درمیانے سائز کے تین عدد(باریک لچّھے دار کاٹ لیں )، ادرک، لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، سُرخ مرچ دو کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، گرم مسالا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ،کھٹائی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ اور تیل۔
ترکیب : سب سے پہلےتوریاں چھیل کر،گول گول قتلے کاٹ لیں۔ دیگچی میں تیل گرم کریں اور پیاز ڈال کر سنہری کرلیں۔اب اس میں توری کے قتلے ڈال کر ہلکی آنچ پر رکھ دیں، تاکہ سبزی اپنے پانی میں گل جائے۔اس دوران انڈے پھینٹ کر اس میں نمک، سُرخ مرچ اور باریک کٹی ہوئی پیاز ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ جب توریاں گل جائیں اور تیل چھوڑ دیں، تو اس میں انڈے کا آمیزہ شامل کرکے بھون لیں۔خوشبو آنے لگے، تو گرم مسالا چھڑک کر5منٹ دَم دیں۔ لیجیے، مزے دار توری انڈے کی بھجیا تیار ہے۔
اروی کا قورما
اجزاء:اروی آدھا کلو، پیاز تین عدد، دہی آدھا کپ، دھنیا پِسا ہوا ایک چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، ادرک، لہسن پسا ہوا دو کھانے کے چمچ، تِل آدھا چائےکا چمچ، خشخاش آدھا چائےکا چمچ، ناریل پسا ہو آدھا چائےکا چمچ، ہری مرچ چھے عدد، املی حسبِ ذائقہ اور تیل۔
ترکیب : سب سے پہلے اروی چھیل کر ٹکڑے کرلیں۔ دیگچی میں تیل گرم کرکے پیاز فرائی کریں اور ٹشو پیپر پر پھیلا دیں۔ اب تمام مسالاجات اور فرائی پیاز پیس کر دہی میں شامل کرلیں۔ دیگچی کے باقی تیل میں تھوڑی سی پیاز ڈال کرسنہری کریں اور اس میں اروی کے ٹکڑے ڈال کر بھون لیں۔ جب اروی اچھی طرح بھن جائے، تو دہی والا آمیزہ شامل کردیں۔ ساتھ ہی ہری مرچیں اور املی بھی ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب تیل نظر آنے لگے، تو چولھے سے اتار لیں۔اس میں پانی ڈالنے کی ضرورت نہیں، اروی خود پانی چھوڑتی ہے۔
پالک کا بگھارا سالن
اجزاء : پالک ایک کلو، پیاز تین عدد، ہری مرچ ثابت پندرہ عدد، ادرک، لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، ہلدی پِسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، کھٹائی پاوڈر حسبِ ضرورت، نمک، تیل حسبِ منشاء، سفید زیرہ اور ثابت سُرخ مرچ بگھار کے لیے۔
ترکیب : پالک دھوکر کچھ دیر کے لیے چھلنی میں رکھ دیں، تاکہ پانی خشک ہوجائے۔ پھراُسےکاٹ لیں۔ ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے پیاز براؤن کریں اور ثابت مرچ کے علاوہ تمام مسالے شامل کر کے خُوب اچھی طرح بھون لیں۔ جب پیاز اور مسالے یک جان ہوجائیں، تو ثابت ہری مرچیں ڈال کر مزید بھونیں۔ اب کٹی ہوئی پالک شامل کردیں اور ساتھ ہی پانی کا چھینٹا دے کر بھونتے جائیں،یہاں تک کہ پالک گل جائے۔ اب دھیمی آنچ پر دَم کے لیے رکھ دیں۔تیار ہوجائے، تو تھوڑے سے تیل میں سفید زیرہ اور دوچار ثابت سُرخ مرچ کڑکڑا کے بگھار دے دیں۔مزیدار پالک کا بگھارا سالن دسترخوان پر پیش کریں۔