سب پارٹیاں کہتی ہیں کےپی کےمیں دھاندلی ہوئی تو ہوئی ہوگی، عمران خان

سب پارٹیاں کہتی ہیں کےپی کےمیں دھاندلی ہوئی تو ہوئی ہوگی، عمران خان
اسلام آباد ……..تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں جب سب پارٹیاں کہتی ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے، تو ہوئی ہوگی، سب مل بیٹھیں اوردوبارہ الیکشن کا فیصلہ کرلیں ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت میٹرو کی بجائے تعلیم، انصاف اور سیکورٹی پر توجہ دے، وفاقی حکومت کے بجٹ سے غریبوں کو ریلیف نہیں ملے گا۔ ان کاکہنا ہے کہ اگر تمام پارٹیاں کہہ رہیں کہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی توہوئی ہوگی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نےایک ارب درخت لگانے سے متعلق تقریب میں خطاب کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا ہے کہ وفاق نے صوبہ خیبرپختونخوا کواس کے حصے کی رقم کا صرف 19فیصد ادا کیا ہے، وفاقی بجٹ میں غریب افرادکو ریلیف نہیں ملے گا، میٹرونہیں عوام کو تعلیم، سستا انصاف اور سیکورٹی کی ضرورت ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا میں ٹمبر مافیا حکومت اور سیاستدانوں سے زیادہ مضبوط ہے، ان کےخلاف سخت کارروائی کریں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا جماعت اسلامی سمیت تمام پارٹیاں کہتی ہیں کہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے تو ہوئی ہوگی،ہم بھی تویہی کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی،اگر دھاندلی ہوئی ہے تو سب مل بیٹھیں اور دوبارہ الیکشن کا فیصلہ کرلیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں صاف پانی تک میسر نہیں میٹرو بسیں چلانا اتنا بڑا کام نہیں جتنے بڑے اشتہار لگائے جا رہے ہیں۔
 
خیبرپختونخوا میں دوبارہ انتخابات کرانا بچوں کا کھیل نہیں، چیف الیکشن کمشنر
283476_12848813.jpg

اسلام آباد(دنیا نیوز)خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کا کہنا ہے کہ پولیس پولنگ عملے کی مدد کے بجائے کسی اور کے ہاتھوں میں کھیلتی رہی ، دوبارہ انتخابات کرانا بچوں کا کھیل نہیں۔
خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات میں بدانتظامی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران خیبر پختونخوا پولیس کی آنکھیں بند تھیں ،بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال پر توجہ نہیں دی گئی ۔ پولیس پولنگ عملے کی مدد کے بجائے کسی اور کے ہاتھوں میں کھیلتی رہی ، چیف الیکشن کمشنر نے کہا نوکری خدا کے ہاتھ میں ہے کسی خٹک ، بنگش یا سید کے ہاتھ میں نہیں ، انہوں نے کہا دوبارہ انتخابات کرانا بچوں کا کھیل نہیں ، دوبارہ انتخابات کرانے کی بات کرنے والوں کا علاج کریں گے ، چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے کہا کسی بھی جگہ دوبارہ انتخابات کرانے کا فیصلہ ہم نے کرنا ہے ۔ خیبر پختونخوا حکومت دوبارہ الیکشن کرا کے کونسا تیر مار لے گی۔
 
محمداحمد

لائبریرین
عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت میٹرو کی بجائے تعلیم، انصاف اور سیکورٹی پر توجہ دے، وفاقی حکومت کے بجٹ سے غریبوں کو ریلیف نہیں ملے گا۔

متفق
عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں صاف پانی تک میسر نہیں میٹرو بسیں چلانا اتنا بڑا کام نہیں جتنے بڑے اشتہار لگائے جا رہے ہیں۔

متفق
 
2013 انتخابات میں بھی سب پارٹیاں کہتی تھیں کہ دھاندلی ہوئی ہے۔
لیکن سب پارٹیاں یہ نہیں کہتی تھیں کہ دھاندلی ن لیگ یا کسی ایک پارٹی نے کرائی ہے۔ :)
مختلف مقامات پر مختلف پارٹیوں پر الزام لگائے گئے البتہ عمران کا سارا زور ن لیگ کے خلاف تھا :)
 
محمداحمد

لائبریرین
لیکن سب پارٹیاں یہ نہیں کہتی تھیں کہ دھاندلی ن لیگ یا کسی ایک پارٹی نے کرائی ہے۔ :)
مختلف مقامات پر مختلف پارٹیوں پر الزام لگائے گئے البتہ عمران کا سارا زور ن لیگ کے خلاف تھا :)

عمران خان تو کہتا ہے کہ دوبارہ الیکشن کروا لیجے۔ کیا ن لیگ والوں کا اتنا دل جگر تھا کہ دوبارہ الیکشن کی حامی بھرتے۔
 
تہذیب

محفلین
عمران مخلص آدمی ہے اور بہت دلیر بھی
وہ دوسرے سیاستدانوں سے مختلف ہے۔ بات کو ہیر پھیر کے بغیر کرتا ہے۔
 
عمران خان تو کہتا ہے کہ دوبارہ الیکشن کروا لیجے۔ کیا ن لیگ والوں کا اتنا دل جگر تھا کہ دوبارہ الیکشن کی حامی بھرتے۔
حالیہ صوبہ خیبر کے انتخابات اور 2013 کے قومی انتخابات کا معاملہ بالکل ایک جیسا نہیں ہے۔
1- حالیہ انتخابات میں تحریک انصاف حکومت میں تھی اور الیکشن کمیشن کے بیانات کے مطابق امن و امان کی ذمہ داری تحریک انصاف پر بھی تھی۔ انتخابات کے انعقاد سے پہلے تک عمران خان ان انتخابات کے انعقاد کا کریڈٹ لیتے رہے لیکن جب انتخابات میں بدترین بدانتظامی اور دھاندلی کے بعد عمران کے اتحادیوں سمیت سب نے مورود الزام عمران کو ٹھہرایا تو عمران نے سارا الزام الیکشن کمیشن پر دھرا اور نئے انتخابات کی پیشکش کردی اور آج چیف الیکشن کمیشنر نے اسے بھی مسترد کردیا ہے۔
2- 2013 کے انتخابات میں ن لیگ کہیں بھی انتظامیہ کا حصہ نہیں تھی اس لئے دھاندلی اور بدانتظامی کا ذمہ دار اسے ٹھہرایا نہیں جاسکتا۔
 
محمداحمد

لائبریرین
میرے حساب سے تو کے پی کے میں بلدیاتی الیکشن کروا دینا ہی عمران خان کا بڑا کارنامہ ہے ورنہ سندھ اور پنجاب میں تو حکومتیں چاہتی ہی نہیں کہ بلدیاتی حکومتیں قائم ہوں اور اُن کے فنڈز دینے پڑیں۔
 
محمداحمد

لائبریرین
2- 2013 کے انتخابات میں ن لیگ کہیں بھی انتظامیہ کا حصہ نہیں تھی اس لئے دھاندلی اور بدانتظامی کا ذمہ دار اسے ٹھہرایا نہیں جاسکتا۔

دھاندلی کرنے کا ذمہ دار تو ٹھہرایا جا سکتا ہے۔

نجم سیٹھی کا ذکر نہ بھی کریں تو سالہا سال پنجاب حکومت ن لیگ کے پاس رہی ہے سو بیوروکریسی میں اُن کی مرضی کے لوگ نہیں بیٹھے ہوں گے تو کیا عمران خان کی مرضی کے ہوں گے۔
 
میرے حساب سے تو کے پی کے میں بلدیاتی الیکشن کروا دینا ہی عمران خان کا بڑا کارنامہ ہے ورنہ سندھ اور پنجاب میں تو حکومتیں چاہتی ہی نہیں کہ بلدیاتی حکومتیں قائم ہوں اور اُن کے فنڈز دینے پڑیں۔
اگر الیکشن صاف ستھرے ہوتے تو پھر عمران ان الیکشن کا کریڈٹ لینے کا حقدار تھا۔
دھاندلی کرنے کا ذمہ دار تو ٹھہرایا جا سکتا ہے۔
ساری پارٹیوں نے کسی نا کسی حد تک دھاندلی میں حصہ ڈالا تھا۔
نجم سیٹھی کا ذکر نہ بھی کریں تو سالہا سال پنجاب حکومت ن لیگ کے پاس رہی ہے سو بیوروکریسی میں اُن کی مرضی کے لوگ نہیں بیٹھے ہوں گے تو کیا عمران خان کی مرضی کے ہوں گے۔
تو اس کا مطلب ن لیگ الیکشن میں حصہ ہی نا لیتی کیونکہ ہر صورت میں دھاندلی کا الزام ان پر ہی آنا تھا۔
اور جوڈیشل کمیشن میں تو تحریک انصاف کے وکیل نے نجم سیٹھی سے 35 پنکچر کا سوال ہی نہیں کیا۔ ظاہر ہے کہ عمران کے الزام میں کوئی جان ہی نہیں تھی۔ اپنے مداحوں سے بھرے جلسے میں الزام لگانا اور بات ہے اور ججوں کے سامنے الزام لگانا اور بات ہے کیونکہ ججوں کو ثبوت دینا پڑتا ہے۔
یہی حال جسٹس افتخار اور ریٹرننگ افسروں پر دھاندلی کے الزام کا ہوا۔

عمران کو تو بلا سوچے سمجھے دھاندلی کا الزام لگانے کی عادت ہو گئی ہے۔ کل کے گلگت کے انتخابات کو لے لیجئے عمران نے ن لیگ پر دھاندلی کا الزام لگایا اور عارف علوی نے انتخابات کے نتائج کو کھلے دل سے نتائج تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا :)
 
عمران مخلص آدمی ہے اور بہت دلیر بھی
وہ دوسرے سیاستدانوں سے مختلف ہے۔ بات کو ہیر پھیر کے بغیر کرتا ہے۔
ہر بندہ اپنے پسندیدہ لیڈر کے بارے میں ایسے ہی اچھے گمان رکھتا ہے۔
ویسے میں بھی عمران میں یہ ساری خوبیاں کسی حد تک مانتا ہوں۔ لیکن ساتھ ہی ساتھ اس میں کسی حد تک منافقت بھی ہے۔ اور بات کا ہیر پھر بھی :)
 
ظفری

بزرگوں نے فرمایا ہے کہ " اگر کہیں برائیوں سے بچنا ممکن نہ رہے تو کوشش کرو کہ چھوٹی برائی کو منتخب کرلو " یہ اصول اچھائیوں پر بھی لاگو ہوتا ہے ۔
آپ تو ویسے ہی بزرگوں پر بہت یقین رکھتے ہیں ۔ ان کی بات پر عمل کرنے کی کوشش کیوں نہیں کرتے ۔ ;)
 
کر تو رہا ہوں ۔ ن لیگ کو ووٹ دے کر ;)
 
Top