سحری کے مزے تہجد کے ساتھ۔۔۔

الشفاء

لائبریرین
*تہجد اور سحری *

اللہ عزوجل نے قرآن مجید میں حضور علیہ الصلاۃ والسلام سے مقام محمود کا جو وعدہ فرمایا ہے اس کو تہجد کے نوافل کے ساتھ ذکر کیا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ تہجد کی نماز کتنی عظیم چیز ہے۔ اور آج کل تو الحمد للہ رمضان المبارک کی چہل پہل ہے تو اس سنت پر عمل کرنا اور بھی آسان ہو گیا ہے۔ جب سحری کے لئے اٹھیں تو اگر چھ رکعتیں لمبی قرآءت سے نہ پڑھ سکیں جو کہ اس نماز کی شان ہے تو کم از کم دو رکعتیں تو پڑھ ہی سکتے ہیں اور ان دو رکعتوں میں سورہ اخلاص تو پڑھ ہی سکتے ہیں۔ اگر ہم رمضان میں تہجد پڑھنا شروع کردیں تو اللہ کی رحمت سے بعید نہیں کہ وہ ہمیں اس پر ہمیشگی عطا فرما دے۔۔۔
بعض بہن بھائی رات کو ہی کھانا کھا کر سو جاتے ہیں کہ اب کون صبح سحری کے وقت کھانا کھانے کے لئے اٹھے۔ تو ان کی محرومی اور بد نصیبی پر افسوس کے سوا کیا کیا جا سکتا ہے۔۔۔
سحری کا وقت وہ مبارک گھڑیاں ہیں کہ جن کے لئے ہمیں کہا گیا کہ اگر کھانا کھانے کا موڈ نہ ہو تو بھی اٹھ کر دو گھونٹ پانی ہی پی لیں۔ کہ ہمیں ان مبارک گھڑیوں کی قدروقیمت کا اندازہ ہی نہیں جب ہمارا پالن ہار ، ہمارا رب، ہمارا خالق و مالک آسمان دنیا پر نزول فرما کر ہمیں پکار رہا ہوتا ہے کہ ہے کوئی مجھ سے مانگنے والا کہ میں اس کی جھولی بھر دوں، ہے کوئی مغفرت کا طلب گار کہ میں اس کو بخش دوں، ہے کوئی سوال کرنے والا کہ میں اس کو عطا کروں۔۔۔ مگر
کس قدر ہم پہ گراں صبح کی بیداری ہے
ان سے کب پیار ہے ، ہاں نیند ہمیں پیاری ہے۔
تو اس سے مانگیں، اس سے سوال کریں، اس کے سامنے روئیں، گڑگڑائیں اور اپنی عاجزی اور اس کی رفعت شان و قدرت کا اظہار کریں تو وہ ضرور عطا فرمائے گا۔ اور یہاں ایک لطیف نکتہ عرض کر دیں کہ طلب کرنے کی توفیق بھی اسی کو ملتی ہے جس پر فضل کرنا مقصود ہوتا ہے۔ ہم اپنے ارد گرد ہزاروں لوگ ایسے دیکھ سکتے ہیں کہ جو اپنی پریشانیوں میں ایسے کھوئے ہوتے ہیں کہ اپنے رب سے سوال کرنے کا خیال بھی ان کے ذہن میں نہیں آتا۔۔۔ اگر آپ کو طلب کرنے کی توفیق مل رہی ہے تو پھر یقین کر لیں کہ آپ پر فضل فرمانے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔۔۔ بس مانگتے جائیں کہ

مری طلب بھی انہی کے کرم کا صدقہ ہے
یہ ہاتھ اٹھتے نہیں ہیں ، اٹھائے جاتے ہیں۔

۔۔۔۔۔
 

شمشاد

لائبریرین
جزاک اللہ

اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ اس ماہ مبارک میں زیادہ سے زیادہ عبادت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
 

الشفاء

لائبریرین


بہت شکریہ عمر بھائی۔۔۔


شکریہ نیلم بہن۔۔۔

بہت خوبصورت دھاگہ جزاک اللہ ÷


پزیرائی کے لئے مشکور اصلاحی بھیا۔۔۔

جزاک اللہ - اللہ تعالٰی آپ کو خیرِکثیرعطا فرمائے


ممنونم ومشکورم محترم مرزا صاحب۔۔۔

جزاک اللہ

اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ اس ماہ مبارک میں زیادہ سے زیادہ عبادت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔


آمین۔۔۔ جزاک اللہ خیر شمشاد بھائی۔۔۔
 
Top