سرِ محشر یہی پوچھوں گا خدا سے پہلے--آنند نرائن مُلا

باباجی

محفلین
آنند نرائن مُلّا
سرِ محشر یہی پوچھوں گا خدا سے پہلے
تُونے روکا بھی تھا مجرم کی خطا سے پہلے
اشک آنکھوں میں ہیں، ہونٹوں پہ بُکا سے پہلے
قافلہ غم کا چلا بانگِ درا سے پہلے
اُڑ گیا جیسے یکایک میرے شانوں پر سے
وہ جو اک بوجھ تھا، تسلیمِ خطا سے پہلے
ہاں یہاں دل جو کسی کا ہے اب آئینہِ حُسن
ورقِ سادہ تھا اُلفت کی ضیاء سے پہلے
ابتدا ہی سے نہ دے زیست مجھے درس اُسکا
اور بھی تو باب ہیں ، بابِ رضا سے پہلے
میں گرا خاک پہ لیکن کبھی تم نے پوچھا
مجھ پہ کیا بیت گئی لغزشِ پا سے پہلے
اشک آتے تو تھے لیکن یہ چمک اور تڑپ
ان میں کب تھی ، غمِ اُلفت کی ضیاء سے پہلے
درِ میخانہ سے آتی ہے صدائے ساقی
آج سیراب کیئے جائیں گے پیاسے پہلے
رازِ مے نوشیِ "مُلّا" افشاء ہُوا ورنہ
سمجھا جاتا تھا ولی، اس خطا سے پہلے
 

رانا

محفلین
میں گرا خاک پہ لیکن کبھی تم نے پوچھا
مجھ پہ کیا بیت گئی لغزشِ پا سے پہلے
بہت عمدہ انتخاب کیا ہے آپ نے۔ شکریہ۔
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
اشک آنکھوں میں ہیں، ہونٹوں پہ بُکا سے پہلے
قافلہ غم کا چلا بانگِ درا سے پہلے
کیا علامہ اقبال کی کتاب "بانگِ درا" کا نام اس شعر سے لیا گیا ہے:)

عمدہ غزل ہے۔
اچھا انتخاب ہے۔
 

سید زبیر

محفلین
میں گرا خاک پہ لیکن کبھی تم نے پوچھا
مجھ پہ کیا بیت گئی لغزشِ پا سے پہلے
بہت خوبصورت غزل کا انتخاب کیا ہے جو آپ کی سوچ اور ذوق کی عکاس ہے ۔ ۔ ۔ ۔شراکت کس شکریہ
 

طارق شاہ

محفلین
اُڑ گیا جیسے یکایک مِرے شانوں پر سے
وہ جو اک بوجھ تھا، تسلیمِ خطا سے پہلے
کیا کہنے !

جناب بابا جی صاحب!
جسٹس آنند ملا صاحب کے کلام سے، آپکے اس انتخابِ خوب پر بہت سی داد حاضر ہے
اغلاط کی کثرت کے باوجود کلام نے، بوجہِ خیال و افکار مزہ دیا، تشکّر پیش کرنے پر

بہت خوش رہیں
 

طارق شاہ

محفلین
رازِ مے نوشیِ "مُلّا" افشاء ہُوا ورنہ
سمجھا جاتا تھا ولی، اس خطا سے پہلے
بہترین انتخاب
مقطع بہت خوبصورت ہے !

رازِ مے نوشیِ "مُلّا" ہُوا افشاء ورنہ
سمجھا جاتا تھا ولی اس کو خطا سے پہلے

شاید اِس طرح ہے بالا شعر !
(موجودہ صورت میں دونوں مصرعے وزن میں نہیں )
 

احمد بلال

محفلین
درِ میخانہ سے آتی ہے صدائے ساقی
آج سیراب کیئے جائیں گے پیاسے پہلے
واہ۔ زبردست۔ مقطع پہ مجھے فورا غالب کا شعر یاد آگیا
یہ مسائل تصوف یہ ترا بیان غالب
ہم تجھے ولی سمجھتے جو نہ بادہ خوار ہوتا
 
Top