پیرزادہ قاسم سفالِ جاں کو کفِ کوزہ گر میں رہنے دو - پیرزادہ قاسم

محمداحمد

لائبریرین
غزل

سفر نصیب ہیں ہم کو سفر میں رہنے دو
سفالِ جاں کو کفِ کوزہ گر میں رہنے دو

ہمیں خبر ہے کسے اعتبار کہتے ہیں
سخن گروں کو صفِ معتبر میں رہنے دو

تمھاری خیرہ سری بھی جواز ڈھونڈے گی
بلا سے کوئی بھی سودا ہو سر میں رہنے دو

یہ برگ و بار بھی لے جاؤ چُوبِ جاں بھی مگر
نمو کی ایک رمق تو شجر میں رہنے دو

اسیر کب یہ قفس ساتھ لے کے اُڑتے ہیں
رہے جو حسرتِ پرواز پر میں رہنے دو

پیرزادہ قاسم
 

ابوشامل

محفلین
محمد احمد صاحب شیئر کرنے کا بہت شکریہ، پیرزادہ قاسم کمال کی شاعری کرتے ہیں۔ محترم جامعہ کراچی کے وائس چانسلر بھی ہیں جسے یہاں "شیخ الجامعہ" کہا جاتا ہے۔
 

فرحت کیانی

لائبریرین
پیرزادہ قاسم میرے بھی پسندیدہ شاعر ہیں۔ اور ان کی ہر کلام ایک سے بڑھ کر ایک ہوتا ہے۔ بہت بہت شکریہ محمد احمد اتنی اچھی غزل شیئر کی۔
 
Top