سلام اُس پر کہ ناداروں کی جس نے سرپرستی کی ۔۔۔ سلام بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم

شاہد شاہنواز

لائبریرین
ماہر القادری کا سلام جو اسی محفل میں پوسٹ کیا گیا تھا، اس ربط پر موجود ہے۔۔۔
http://www.urduweb.org/mehfil/threads/سلام-اس-پر-کہ-جس-نے-بے-کسوں-کی-دستگیری-کی-۔-ماہر-القادری.53508/

اسی طرز پر لکھا گیا یہ سلام پیش کر رہاہوں ۔۔

سلام اُس پر کہ ناداروں کی جس نے سرپرستی کی
سلام اُس پر کہ جس نے لاج رکھ لی تنگ دستی کی

سلام اُس پر کہ جس کو دیکھ کر ہوتی تھی حیرانی
سلام اُس پر غریبی میں جسے حاصل تھی سلطانی

سلام اُس پر معطر مشک سے جس کا پسینہ تھا
سلام اُس پر کہ جس کا آخری مسکن مدینہ تھا

سلام اُس پر کہ ختم المرسلیں ہم جس کو کہتے ہیں
سلام اُس پر مسلماں جس کا کلمہ پڑھتے رہتے ہیں

سلام اُس پر جو اُمی ہو کے بھی سب کو پڑھاتا تھا
سلام اُس پر جو سیدھا راستہ سب کو دِکھاتا تھا

سلام اُس پر بلائیں ختم کیں جس کے تفکر نے
سلام اُس پر قضائیں ٹال دیں جس کے تدبر نے

سلام اُس پر حفاظت جس کی خود رحمٰن کرتا ہے
سلام اُس پر کہ جس کا تذکرہ قرآن کرتا ہے

سلام اُس پر کہ جس نے برتری تقویٰ کو ٹھہرایا
سلام اُس پر کہ جس نے عدل قائم کرکے دِکھلایا

سلام اُس پر کہ جس کا گھر کسی نادار جیسا تھا
سلام اُس پر کہ جس کا حوصلہ کُہسار جیسا تھا

سلام اُس پر کہ بخشا عجز بوڑھوں کو، جوانوں کو
سلام اُس پر کہ جس نے موم کر ڈالا چٹانوں کو

سلام اُس پر حرا کے غار میں جس نے عبادت کی
سلام اُس پر کہ جس نے سارے نبیوں کی امامت کی

سلام اُس پر جو خواہش سے نہ کچھ کہتا نہ کرتا تھا
سلام اُس پر جو پیالے دودھ کے انگلی سے بھرتا تھا

سلام اُس پر کسی کو جس نے جھڑکا تھا، نہ ڈانٹا تھا
سلام اُس پر کہ جس نے چاند کو ٹکڑوں میں بانٹا تھا

سلام اُس پر جو والی بن گیا ہر ایک مفلس کا
سلام اُس پر کوئی تاریخ میں ثانی نہیں جس کا

سلام اُس پر کہ ھب لی اُمتی جس کی دُعا ٹھہری
سلام اُس پر کہ جس کی ذات محبوبِ خدا ٹھہری

سلام اُس پر کہ اپنے لوگ ہی جس پر بگڑتے تھے
سلام اُس پر کہ جس کے ساتھ تلواروں سے لڑتے تھے

سلام اُس پر کہ جس کے آنسوؤں سے کانپ جاتے تھے
صحابہ یا رسول اللہ کہہ کر سر جھکاتے تھے

درود اُس پر کہ چودہ سو برس گزرے ہیں رحلت کو
درود اُس پر فرشتے روز آتے ہیں زیارت کو

درود اُس پر کہ جس نے علم سے ہر بات سمجھائی
درود اُس پر سعادت بانٹتی ہے جس کی دانائی

درود اُس پر کہ جس کا ذکر کرتے ہیں محبت سے
درود اُس پر جسے رفعت ملی ہے دستِ قدرت سے

درود اُس پر کہ شمعِ نورِ رحمانی جسے کہیے
درود اُس پر کہ فخرِ نوعِ انسانی جسے کہیے

برائے توجہ:
استاد محترم الف عین صاحب ۔۔۔
برائے تبصرہ و اصلاح ۔۔۔
 
مدیر کی آخری تدوین:

الف عین

لائبریرین
زبردست شاہد شاہنواز۔ پہلی قرات میں تو یہی خامی محسوس ہوئی ہے۔
سلام اُس پر کہ جس نے برتری تقویٰ کو ٹھہرایا
برتری لفظ غلط ہے صیغے کے لحاظ سے، بہتر کا محل ہے
 

مہ جبین

محفلین
ماشاءاللہ شاہد شاہنواز سرکارِ کریم علیہ الصلوۃ السلام کی بارگاہ میں بہترین ، عمدہ اور اعلی سلام پیش کیا ہے
میری طرف سے ڈھیروں دادو تحسین قبول کریں ۔
اللہ کریم آپکے کلام میں بہت برکتیں ، روانی اور اثر آفرینی عطا فرمائے آمین
جزاک اللہ خیراؐ کثیراؐ
 

آصف اثر

معطل
میری طرف سے مبارک باد کا گلدستہ قبول کیجیے۔ اللہ آپ کے کلام میں مزید حلاوت، چاشنی اور ترقی عطا فرمائے۔

:a5:

:pbuh:
 
آخری تدوین:

شاکرالقادری

لائبریرین
شاہد شاہنواز ! بہت خوب ۔۔۔ اتنے خوبصورت سلام کے لیے داد قبول کیجئے
میں سہ ماہی مجلہ فروغ نعت کے نام سے نکالتا ہوں
اس کی ویب سائٹ یہ ہے

مجھے امید ہے کہ ویب سائٹ پر موجود معلومات کی روشنی میں آپ ہمارے ساتھ قلمی تعاون کریں گے اور اس مجلہ کے اشاعت کے کام میں بھی ہمارا ہاتھ بٹائیں گے
 

نیلم

محفلین
ماشاء اللہ بھائی بہت عمدہ ،،اللہ تعالی آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے ۔
اسی طرح اپنے نبی :pbuh: پر لاکھوں کڑوروں درود بھیجتے رہے آمین
 

شاہد شاہنواز

لائبریرین
بہت شکریہ ۔۔۔
زبردست شاہد شاہنواز۔ پہلی قرات میں تو یہی خامی محسوس ہوئی ہے۔
سلام اُس پر کہ جس نے برتری تقویٰ کو ٹھہرایا
برتری لفظ غلط ہے صیغے کے لحاظ سے، بہتر کا محل ہے
کیا لفظ برتری کو بہتری کردیاجائے، یا پھر یہ شعر حذف کیاجائے؟ اس کے علاوہ بھی کوئی غلطی آج نظر آجائے تو مطلع فرمائیے۔۔۔
 

شاہد شاہنواز

لائبریرین
شاہد شاہنواز ! بہت خوب ۔۔۔ اتنے خوبصورت سلام کے لیے داد قبول کیجئے
میں سہ ماہی مجلہ فروغ نعت کے نام سے نکالتا ہوں
اس کی ویب سائٹ یہ ہے
مجھے امید ہے کہ ویب سائٹ پر موجود معلومات کی روشنی میں آپ ہمارے ساتھ قلمی تعاون کریں گے اور اس مجلہ کے اشاعت کے کام میں بھی ہمارا ہاتھ بٹائیں گے
جزاک اللہ خیرا ۔۔۔ قلمی تعاون میں تو کوئی قباحت نہیں لیکن اشاعت کا کام ذمہ داری کا متقاضی ہے ، پھر مجلہ نعت کا ہے، ہم تو خود ادارت اور اغلاط ٹھیک کروانے کے لیے اردو محفل کا سہارا لیتے ہیں ۔۔۔ آپ نے اس قابل سمجھا، اس پر ممنون ہوں۔۔۔
 

الف عین

لائبریرین
بہت شکریہ ۔۔۔

کیا لفظ برتری کو بہتری کردیاجائے، یا پھر یہ شعر حذف کیاجائے؟ اس کے علاوہ بھی کوئی غلطی آج نظر آجائے تو مطلع فرمائیے۔۔۔
کیا زاد رہ درست ہو گا
سلام اس پر کہ جس نے زادِ رہ تقویٰ کو ٹھہرایا
 

شاہد شاہنواز

لائبریرین
کیا زاد رہ درست ہو گا
سلام اس پر کہ جس نے زادِ رہ تقویٰ کو ٹھہرایا
وَتَزَوَّدُوا فَإِنَّ خَيْرَ الزَّادِ التَّقْوَى
یہ تو اللہ کا ارشاد ہے ۔۔۔ لیکن حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے عمل سے ثابت ہے کہ بہترین زادِ راہ تقویٰ کو سمجھتے تھے ۔۔۔
 

الشفاء

لائبریرین
واہ۔ سبحان اللہ۔۔۔
بہت خوبصورت انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کیا ہے۔۔۔ آقا علیہ الصلاۃ والسلام قبول فرمائیں۔۔۔
جزاک اللہ خیراً کثیرا۔۔۔
 
۔سلام اُس پر کہ جس کو دیکھ کر ہوتی تھی حیرانی
سلام اُس پر غریبی میں جسے حاصل تھی سلطانی

سلام اُس پر معطر مشک سے جس کا پسینہ تھا
سلام اُس پر کہ جس کا آخری مسکن مدینہ تھا

ماشا اللہ
 
Top