سمندر کے اُس پار ۔ سلمان دانش جی

سمندر کے اُس پار
دریا کے اِس پار
جلتے گھروں پر
دھویں کی سیہ چادروں سے الجھتے
تھرکتے ہوئے سرخ شعلوں کے خنجر
فضاؤں کے شفاف سینے میں اترے ہوئے ہیں
لہو میں نہائی ہوئی سرزمیں پر
مکانوں کے اندر
مکانوں سے باہر
بڑی بوڑھیوں
نوجواں دلہنوں
ماؤں بہنوں کی لاشوں سے چمٹے ہوئے
بوٹیاں نوچتے گدھ
مرے سامنے ہیں

میں آنکھوں کے پربت پہ بیٹھا ہوا
دیکھتا ہوں
وہ معصوم بچے
وہ شاخوں سے نوچی ہوئی کونپلیں
جو اپنے ہی خوں سے رچی گرد میں
اپنے ہی گھر کے آنگن میں بکھرے ہوئے
آسماں کی لحد میں ہیں اترے ہوئے

میں اجڑے ہوئے دیس سے
آنے والی ہواؤں میں لپٹی ہوئی
سسکیاں سن رہا ہوں
مرے کان میں گونجتی ہیں وہ چیخیں
جو مجروح سینوں سے ابھریں
تو زخمی پرندوں کی صورت تڑپ کر
خلاؤں کی اندھی گھپاؤں میں گم ہو گئی ہیں
بیاباں میں ٹھہرے ہوئے بادلوں کی طرح

میں گریہ کناں ہوں
میں نوحہ کناں ہوں
میں ان بے گناہوں کے ماتم میں نوحہ کناں ہوں

سلمان دانش جی
 
آخری تدوین:
لفظ لفظ نوحہ کناں سکستا ہوا اور کرلاتا ہوا بے اختیار آنکھیں بہنے لگتی ہیں میں جب جب ان معصوموں مظلوموں کا سنتا ہوں توبے اختیار ان کو داد دیتا ہوں جو ان کی آہ و فغاں کو اپنے لفظوں کا پہناوہ دے کر ہمیں احساس دلاتے ہیں اور ہماری دینی غیرت و حمیت کو جگانے کی اپنی سی سعی کرتے ہیں۔
 

سلمان حمید

محفلین
سلمان کو سلمان کا لکھنا اچھا لگا اور اتنے غمناک انداز بیاں اپنانے اور بے گناہوں اور بے قصوروں کے لیے لکھا ہوا پڑھ کر سلمان افسردہ ہے :(
 
سلمان کو سلمان کا لکھنا اچھا لگا اور اتنے غمناک انداز بیاں اپنانے اور بے گناہوں اور بے قصوروں کے لیے لکھا ہوا پڑھ کر سلمان افسردہ ہے :(
شکریہ سلمان صاحب۔ سلمان کو سلمان کا مظلوموں کیلیے دردِ دل جان کر خوشی ہوئی۔ کوئی تو دنیا بھر میں جبر اور استحصال کا شکار مرتی ہوئی دکھی انسانیت کا درد محسوس کریا ہے
 

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوب سلمان بھائی!! اچھی نظم ہے!
ایک چھوٹی سی بات یہ کہ ساری سطریں دائین طرف ہی سےشروع ہونی چاہئیں۔ درمیان میں کچھ اچھی نہیں لگ رہیں نظروں کو۔
 

محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
گھپاؤں : یہ لفظ مجھے لغت میں نہیں ملا۔کیا یہ اردو کا لفظ ہے؟
اگر اس کے معنی اساتذہ کرام اور محفلین میں سے کوئی بتا سکیں تو مہربانی ہو گی
شکریہ
ایک تو یہ لفظ کا ہندی کا ہے اور دوسرا یہاں پر املا میں بھی شاید غلطی ہے
یہ لفظ گھپا نہیں بلکہ گُپھا ہے غار کے معنوں میں ہے
 

محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
آپ کے خیال میں، میں ریختہ پر جائے بغیر ریختہ کا حوالہ دے رہا تھا!!
میرے کمنٹ کو دوبارہ پڑھ لیں کہ میں نے کیا لکھا ہے
معذرت جناب، میں سمجھا آپ ریختہ لغت کا حوالہ دے رہے ہیں۔ اور میں آپ کو ریختہ ویب کی تحریروں اور اشعار میں اس کا استعمال بتا رہا تھا۔ لیکن مجھے ایسے کوئی حوالہ نہیں ملا جو آپ بتا رہے ہیں۔ ایک بار پھر معذرت ۔۔۔
 

مقبول

محفلین
معذرت جناب، میں سمجھا آپ ریختہ لغت کا حوالہ دے رہے ہیں۔ اور میں آپ کو ریختہ ویب کی تحریروں اور اشعار میں اس کا استعمال بتا رہا تھا۔ لیکن مجھے ایسے کوئی حوالہ نہیں ملا جو آپ بتا رہے ہیں۔ ایک بار پھر معذرت ۔۔۔
آپ کے خوف سے حوالے چھُپ گئے ہوں گے 😄😄
ورنہ ریختہ کے علاوہ یہیں اردو محفل اور باقی بھی بہت سائٹس پر حوالے موجود ہیں خصوصاً نثر میں، کہیں کہیں شاعری میں بھی۔ میں سلمان دانش جی کی اس پوسٹ پر بھی اسی لفظ کے کچھ اور شعرا کے استعمال کی وجہ سے پہنچا تھا کیونکہ میں اس لفظ کی بنیاد جاننا چاہتا تھا ۔
گپھا کے ہجوں کے ساتھ ریختہ پر مجھے صرف ایک شعر مل سکا ۔ باقی تقریباً ہر جگہ گھپاؤں کا استعمال نظر آیا۔
بہر حال، شکریہ کہ آپ کی وجہ سے میں نے کچھ کام ہی کر لیا، نکما بیٹھنے کی بجائے 😁😁
 
آخری تدوین:
Top