سن ری شیش محل کی مہلا! آیا رمتا جوگی (اسلم کولسری)

نیرنگ خیال

لائبریرین
سن ری شیش محل کی مہلا! آیا رمتا جوگی
اک میٹھی مسکان کے بدلے من کا منکا لو گی

دیکھ رہا ہوں دن کو بھی آکاش پہ سبز ستارہ
یوں لگتا ہے، شام سے پہلے ٹوٹ کے بارش ہو گی

آج بھی من تن ڈولے سن کر، سب کا تن من ڈولے
تیرے نینوں میں سنولاہٹ سی ہے، بین سنو گی

کاہے پیڑ اور پنچھی جانیں، تجھ کو بُت مرمر کا
یونہی، مجھ سے کوئی ٹھنڈی میٹھی بات کرو گی

اچھا، پتھر پل میں ٹھنڈی میٹھی باتیں چھوڑو
مجھ کو مری اوقات بتانے شعلہ سی بھڑکو گی

دیکھ ذرا جوبن مہکا لے، من میں جوت جگا لے
لوٹ گئے پردیسی تو اس لہجے کو ترسو گی

رات گئے، اجڑے کمرے کی بے کس تنہائی میں
کس سے اتنی پیار کی باتیں، ھا ھا، اسلمؔ روگی

اسلمؔ کولسری
"آس کی رنگین تتلی" سے لی گئی۔
 
Top