آتش سوتا ہوں ہاتھ گردنِ مینا میں ڈال کے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔خواجہ حیدر علی آتش

زاہد فریفتہ ہیں مرے نونہال کے
عاشق بزرگ لوگ ہیں اس خورد سال کے

ہر شب شبِ برات ہے، ہر روز عید ہے
سوتا ہوں ہاتھ گردنِ مینا میں ڈال کے

مضمونِ رفتگاں ہے طبیعت کو اپنی ننگ
گاہک نہ ہوویں ہم کبھی مردے کے مال کے

شان و شکوہ نے ہمیں برباد کر دیا
مثلِ حباب اُڑ گئے خیمہ نکال کے

رنجِ خمار اٹھانے کی طاقت نہیں مجھے
پیتا ہوں میں شراب میں بھی لُون ڈال کے

بے عشق لوگ کہتے ہیں ماہِ چہاردہ
سُن کر مُقر ہوئے ہیں تمھارے کمال کے

اُس تُرک کی نگہ جو کرے ناوک افگنی
تودے لگائے خاکِ شہیداں کلال کے

سرمہ نہیں ہوا ہے تجلی سے طور ہی
ہم بھی ہیں سوختہ تری برقِ جمال کے

شامِ شبِ فراق سے پہلے مُوے جو لوگ
آئی ہوئی بلا گئے سر پر سے ٹال کے

اُس شمع رو کا واہ رے جسمِ گداز و صاف
اللہ نے بنایا ہے سانچے میں ڈھال کے

افعی ہے زلف، خال ہے افعی کی مردمک
عقدے کھلے یہ فکر سے اُس زلف و خال کے

آنکھوں میں اپنی رکھتے ہیں اہلِ نظر انھیں
سرمہ ہوئے ہیں پستے ہوئی تیری چال کے

اخوانِ دہر سے عجب اس کا نہ جانیے
یوسف کی فکر میں جو پھریں گُرگ پال کے

معنی کے شوق میں جو ہوا دل کو میلِ فکر
تصویر شعر بن گئے پُتلے خیال کے

سودائی جان کر تری چشمِ سیاہ کا
ڈھیلے لگاتے ہیں مجھے دیدے غزال کے

شک ہوتا تیرے ہاتھ کا، ہوتے جو اے صنم
پنجے میں آفتاب کے ناخن ہلال کے

آئینے سے کلام کو کیونکر کیا ہے صاف
حیرانِ کار ہم بھی ہیں آتش کے حال کے

خواجہ حیدر علی آتشؔ
 

فاتح

لائبریرین
واہ واہ کیا ہی خوب کلاسک غزل لائی ہیں آپ۔۔۔ اس سے قبل اس کا صرف ایک ہی شعر سن رکھا تھا جو ضرب المثل بن چکا ہے
ہر شب شبِ برات ہے، ہر روز عید ہے
سوتا ہوں ہاتھ گردنِ مینا میں ڈال کے
اور اس کا مصرع اولیٰ بھی عوامی اصلاح کے ساتھ یعنی "ہر روز روزِ عید" کی شکل میں سن رکھا تھا۔ مکمل غزل پڑھوانے پر شکریہ
 

فاتح

لائبریرین
فاتح صاحب !
آپ کی ممنون ہوں کہ آپ کے دیے ہوئے ربط سے ہی ہمیں کلیات آتش ہاتھ لگی اور اسی میں سے یہ غزل ملی۔
اور ہم نے بھی اسی ربط سے ڈاؤن لوڈ کی تھی لیکن یہ غزل آپ نے ڈھونڈ لی۔ :laughing:
یہ سراسر بے ایمانی ہے۔۔۔ آپ کو ہمارا شکریہ ادا کرنا چاہیے تھا پوسٹ کرتے ہوئے۔۔۔ ہاہاہا
 
اور ہم نے بھی اسی ربط سے ڈاؤن لوڈ کی تھی لیکن یہ غزل آپ نے ڈھونڈ لی۔ :laughing:
یہ سراسر بے ایمانی ہے۔۔۔ آپ کو ہمارا شکریہ ادا کرنا چاہیے تھا پوسٹ کرتے ہوئے۔۔۔ ہاہاہا
جی جی بجا کہا ۔۔اب تو بے ایمانی ہو گئی ۔۔سو کیا کیا جا سکتا ہے :)
اور ویسے بھی آپ پہلے آیئے پہلے پایئے کے اصولوں پر چلا کیجئے فائدے میں رہیئے گا :battingeyelashes:
خیر احسان فرما دیتے ہیں آپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بجز اسکے کہ یہ آپکے اخلاقی و قومی فریضے میں شامل تھا ۔:heehee:
 
کیا ہی کہنے واہ واہ
کیا شہکار غزل پوسٹ کی ہے
لطف آ گیا پڑھ کر
ہر شب شبِ برات ہے، ہر روز عید ہے
سوتا ہوں ہاتھ گردنِ مینا میں ڈال کے
ہی شعر تو سن رکھا تھا اب پوری غزل بھی پڑھنے کو مل گئی
بہت خوش رہیں
 
کیا ہی کہنے واہ واہ
کیا شہکار غزل پوسٹ کی ہے
لطف آ گیا پڑھ کر
ہر شب شبِ برات ہے، ہر روز عید ہے
سوتا ہوں ہاتھ گردنِ مینا میں ڈال کے
ہی شعر تو سن رکھا تھا اب پوری غزل بھی پڑھنے کو مل گئی
بہت خوش رہیں
آپکا شکریہ شاہ صاحب۔ جیتے رہیئے
 
Top