سیلاب زدہ نہر اپر چناب

عاطف بٹ

محفلین
السلام علیکم
گزشتہ روز مجھے اپنے دو ہم کاروں کے ساتھ نہر اپر چناب دیکھنے کے لئے جانے کا موقع ملا۔ یہ نہر چونکہ میرے کالج سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ہے، لہٰذا میں اب سے پہلے بھی اسے دیکھ چکا ہوں۔ سیلاب سے پہلے اس نہر میں صرف وہ کیمیکلز سے آلودہ پانی ہی دکھائی دیتا تھا جو شیخوپورہ روڈ پر واقع فیکٹریاں استعمال کے بعد نالیوں کے ذریعے نہر میں پھینک دیتی ہیں۔ میرے پاس ایک سال پہلے کی وہ تصاویر بھی موجود ہیں جو میں نے اس نہر کے ساتھ واقع لمبا غیرآباد رستہ طے کر کے بنائی تھیں مگر وہ کسی اور وقت پیش کروں گا کہ ابھی تو مجھے یہاں سیلاب کی تصویریں دکھانا ہیں۔
نہر اپر چناب نے بپھر کر قریبی کھیتوں اور فصلوں کا رخ کرلیا تھا جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو کافی مالی نقصان ہوا۔ یہ نہر ایک مقام پر پہنچ کر دریائے راوی میں یوں مدغم ہوجاتی ہے جیسے کوئی سچا محب محبوب کی ذات میں فنا ہوجاتا ہے۔ ابھی آپ سیلاب زدہ نہر اپر چناب دیکھئے، باقی باتیں ساتھ ساتھ چلتی رہیں گی!
اس تصویر میں آپ کو دور جو پل دکھائی دے رہا ہے وہ 1956ء میں آنے والے سیلاب کی نذر ہوگیا تھا۔
IMG_20130819_112004.jpg
سیلاب نہر کے کناروں سے نکلتے ہوئے قریبی کھیتوں اور فصلوں کی جانب رواں دواں ہے۔
IMG_20130819_112012.jpg
ہم جس پل پر کھڑے تھے اس کے نیچے سے پانی بہت تیزی سے گزر رہا تھا!
IMG_20130819_112056.jpg
پانی جس طرف بھی رخ کرتا تھا، ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا تھا!
IMG_20130819_112206.jpg

IMG_20130819_112758.jpg
 

عاطف بٹ

محفلین
نہر ایک جانب بنا ہوا بند ابھی تک محفوظ تھا اور اسی پر چلتے ہوئے ہم دریائے راوی تک گئے تھے۔ بند کا ایک حصہ نہر کے اندر تک جاتا ہے کہ یہاں کسی دور میں سڑک ہوا کرتی تھی اور اس سے آگے وہی پل تھا جو 1956ء میں سیلاب سے ٹوٹ گیا!
IMG_20130819_114848.jpg
اس تصویر میں سڑک کی تین الگ الگ تہیں دیکھ کر آپ کو اندازہ ہوجائے گا کہ یہ سڑک ایک سے زیادہ بار تعمیر کی گئی تھی!
IMG_20130819_112933.jpg
یہ ہے وہ پل جو سیلاب میں تباہ ہوگیا تھا!
IMG_20130819_112855.jpg
پل اور بند کو ملانے والا سڑک کا درمیانی ٹکڑا بھی ٹوٹ چکا ہے جس کی وجہ سے پل تک نہیں جایا جاسکتا!
IMG_20130819_112806.jpg
 

عاطف بٹ

محفلین
نہر کے کنارے پر ہمارا اگلا پڑاؤ وہی مقامِ محبت یعنی اپر چناب اور راوی کے ادغام کی جگہ پر تھا!
IMG_20130819_114658.jpg
بند کا یہ حصہ بھی تاحال محفوظ تھا اور اسی پر کھڑے ہو کر ہم نے اپر چناب اور راوی کے ملاپ کا نظارہ کیا!
IMG_20130819_115039.jpg
عکس پانی کی اس ہیبت کو قابو میں لانے سے قاصر ہے جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچارکھی ہے!
IMG_20130819_114824.jpg
تاحدِ نظر پانی ہی نظر آتا تھا!
IMG_20130819_114746.jpg
دیہات کے غریب لوگوں کے پاس وسائل بھی محدود ہی ہوتے ہیں اور ان محدود وسائل کو بھی یہ پانی نگل گیا!
IMG_20130819_114733.jpg
فصلیں جو روزگار کے ساتھ ساتھ سال بھر کے اناج کا بھی وسیلہ بنتی ہیں انہیں پانی کی بےرحم لہروں نے اجاڑ کر رکھ دیا!
IMG_20130819_114741.jpg
 

عاطف بٹ

محفلین
یہ سیلابی عذاب اپنے ساتھ تھوڑا سا روزگار کا وسیلہ بھی لے آیا تھا اور اسی وسیلے کو اکٹھا کرنے کے لئے اہلِ دیہہ نے جال تیار کرنا شروع کردیئے تھے!
IMG_20130819_120846.jpg
جال بنانے والے نہر کے بپھرے ہوئے پانی کو بےبسی سے دیکھنے کے سوا کچھ بھی نہیں کرسکتے تھے!
IMG_20130819_121112.jpg
ٹرکوں اور بسوں کے بڑے بڑے ٹائروں سے نکلنے والی ٹیوبوں کو یک مسافری کشتی کا روپ دے کر پانی میں مچھلی پکڑنے کے جال اور کانٹے لگائے جارہے تھے!
IMG_20130819_121325.jpg
 
آخری تدوین:

عاطف بٹ

محفلین
کھیتی باڑی کے علاوہ ان دیہات کے باسیوں کا متبادل ذریعہء روزگار مال مویشی ہیں!
IMG_20130819_115303.jpg
ان مویشیوں کو موسموں کی شدت اور سیلاب سے بچا کر پالا جاتا ہے تاکہ ان کی مدد سے جسم و جاں کر رشتہ برقرار رکھنے کے وسیلے میسر آسکیں!
IMG_20130819_121021.jpg
ان مویشیوں کی دیکھ بھال اور خوراک کے لئے اہلِ دیہہ کو اپنی انہی فصلوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے جنہیں سیلاب یوں اپنے ساتھ لے جاتا ہے جیسے کوئی چرواہا ڈھور ڈنگر کو ہانکتا ہوا لے جائے!
IMG_20130819_120931.jpg
 

عاطف بٹ

محفلین
بزرگانِ دیہہ بھی آتے جاتے اپنے ڈوبتے وسائل کو بس حسرت بھری نظروں سے ہی دیکھتے ہیں!
IMG_20130819_121331.jpg
وسائل کی بربادی نے مسائل کی آبادی میں اضافہ کردیا ہے!
IMG_20130819_115230.jpg
اس صورتحال میں کوئی چمکتا دمکتا چہرہ نظر آجائے ایک خوشگوار حیرت کا احساس ہوتا ہے!
IMG_20130819_115314.jpg
 

عاطف بٹ

محفلین
ہم پانچ چھ کلومیٹر کا سفر طے کر کے اس جگہ پہنچ چکے تھے جہاں راوی بہتا ہے مگر اب وہ اپنے کناروں اور حدود سے نکل کر ہر طرف پھیلا ہوا تھا!
IMG_20130819_115632.jpg
ہم جہاں تھے وہاں بپھرے ہوئے پانی کا شور یوں آرہا تھا جیسے کئی شیر بیک وقت دھاڑ رہے ہوں!
IMG_20130819_115608.jpg
پانی کی دست برد سے بچ جانے والے کناروں پر کہیں فصلوں کی باقیات بھی دکھائی دے رہی تھیں!
IMG_20130819_115654.jpg
 

عاطف بٹ

محفلین
راوی کے ساتھ بنے ہوئے بند کے ایک طرف ایک ہاتھ والا نلکا بھی لگا ہوا تھا!
IMG_20130819_120246.jpg
یہیں کچھ درختوں کے مناظر بہت دلچسپ تھے!
IMG_20130819_115731.jpg
ایک درخت پر لگے جالے کو دیکھ کر یوں محسوس ہوتا تھا کہ جیسے کسی دل جلے اور مردم بیزار شاعر کے دیوان کا سرورق ہو!
IMG_20130819_115756.jpg
ایک جگہ درخت پر لٹکتے ہوئے گھونسلے بہت اچھے لگے!
IMG_20130819_121300.jpg
 

عاطف بٹ

محفلین
نہر اپر چناب پر بنائے گئے پل چونکہ بہت زیادہ فاصلے پر واقع ہیں، لہٰذا نہر کے دونوں کناروں پر واقع دیہات میں رہنے والے لوگ نہر کو عبور کرنے کے لئے کشتیاں استعمال کرتے ہیں!
IMG_20130819_120958.jpg
ہم آج انہی کشتیوں کے ذریعے سیلاب سے متاثر ہونے والے مختلف دیہات میں جا کر جائزہ لینے کا ارادہ تھے جسے بوجوہ ملتوی کرنا پڑا۔ اب انشاءاللہ کل یا پرسوں ہم ان دیہات میں جائیں گے۔
نہر اپر چناب سے آگے نہر لوئر چناب ہے جہاں سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی کا پھیلاؤ بہت ہی زیادہ ہے اور وہاں پاک فوج امدادی کارروائیاں کررہی ہے۔ رواں ہفتے میں ہمارا نہر لوئر چناب سے متاثرہ دیہات کی طرف جانے کا بھی ارادہ ہے۔
 

عمراعظم

محفلین
اللہ کی مصلحتوں کو وہی بہتر جانتا ہے۔اکثر وہی لوگ اس قسم کی مصیبتوں کا شکار ہوتے ہیں جو پہلے ہی کڑی مشقت کے ساتھ زندگی کو رواں رکھے ہوتے ہیں۔
محسن غریب لوگ تو تنکوں کا ڈھیر ہیں
ملبے میں دب گئے کبھی پانی میں بہہ گئے
 

عاطف بٹ

محفلین
اللہ کی مصلحتوں کو وہی بہتر جانتا ہے۔اکثر وہی لوگ اس قسم کی مصیبتوں کا شکار ہوتے ہیں جو پہلے ہی کڑی مشقت کے ساتھ زندگی کو رواں رکھے ہوتے ہیں۔
محسن غریب لوگ تو تنکوں کا ڈھیر ہیں
ملبے میں دب گئے کبھی پانی میں بہہ گئے
سر، یہ ہمارے منتظمین اور حکمرانوں کا بھی تو امتحان ہے ناں جن کی عاقبت نااندیشی کے باعث ہر بار سیلاب کی وجہ سے سینکڑوں افراد مرتے ہیں، لاکھوں لوگ بےگھر ہوتے ہیں، اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے مگر پھر بھی کوئی ایسی حکمتِ عملی نہیں بنائی جاتی کہ اس طرح کی آفات سے بچا جاسکے۔
 
آخری تدوین:

نایاب

لائبریرین
اللہ کی رحمت ہمارے رہنماؤں کی پالیسیوں کی بدولت زحمت بن جاتی ہے ۔
جو ہمارے لیئے توانائی کا وسیلہ بننا ہوتا ہے وہی ہمارہ سب کچھ بہا کر لے جاتا ہے ۔
اللہ تعالی پاکستان اور اہل پاکستان کو اپنی امان میں رکھے آمین
بہت خوب معلوماتی شراکت پر بہت دعائیں محترم بٹ بھائی
 

عاطف بٹ

محفلین
اللہ کی رحمت ہمارے رہنماؤں کی پالیسیوں کی بدولت زحمت بن جاتی ہے ۔
جو ہمارے لیئے توانائی کا وسیلہ بننا ہوتا ہے وہی ہمارہ سب کچھ بہا کر لے جاتا ہے ۔
اللہ تعالی پاکستان اور اہل پاکستان کو اپنی امان میں رکھے آمین
بہت خوب معلوماتی شراکت پر بہت دعائیں محترم بٹ بھائی
بہت شکریہ نایاب بھائی
بالکل ٹھیک کہا آپ نے۔ وہ پانی جسے محفوظ کر کے پاکستان توانائی سے لے کر فصلوں اور زمینوں کے مسائل تک بہت سی الجھنوں اور پریشانیوں سے چھٹکارا پاسکتا ہے اسی کی وجہ سے ہر بار پاکستان کا ایک بڑا حصہ تباہی کا شکار ہوتا ہے اور ابھی وہ لوگ بےچارے پچھلے سیلاب کی تباہ کاریوں سے پورا طرح سنبھلتے نہیں ہیں کہ اگلا سیلاب پھر سر آن چڑھتا ہے۔
 
Top