سینے میں چھپا کے چاہ کوئی - افتخار راغب

کاشفی

محفلین
غزل

سینے میں چھپا کے چاہ کوئی
مت دل کو کرے تباہ کوئی

پچھتانے سے مت گریز کرنا
ہو جائے اگر گناہ کوئی

ملتا ہے سرور کچھ اُسے بھی
جب کہتا ہے دل سے واہ کوئی

میں اپنے بدن میں بے ٹھکانہ
مل جائے مجھے پناہ کوئی

کھُل سکتے نہیں ہیں کان اُس کے
سمجھائے اب اُس کو خواہ کوئی

پیروں سے مرے بندھے بگولے
اور ملتی نہیں ہے راہ کوئی

میں سب کی بھلائی چاہتا ہوں
ہے میرا بھی خیر خواہ کوئی

اس مکر و فریب کے جہاں میں
کس کس پر رکھے نگاہ کوئی

تھکتا ہی نہیں جو کج روی سے
ہے ایسا بھی کج کلاہ کوئی

کس کو ہے امیدِ عدل راغب
کیا حاضر کرے گواہ کوئی


(افتخار راغب - بہار، مقیم دوحہ قطر)
 

الف عین

لائبریرین
یہ غزل خیال چہرہ میں شامل ہے، جو میری سائٹ پرہے اور وہاں سے لے کر کئی جگہ Scrbid پر پہنچ گئی ہے۔
 

کاشفی

محفلین
السلام علیکم محترم سر۔۔ میں نے یہ غزل آپ کی ویب سائٹ سے نہیں لی ہے۔۔۔۔
اس غزل کی جے پی جی فائل علیگڑھ گروپ پر محترم افتخار راغب کی طرف سے موصول ہوئی تھی۔۔۔اس کو ادھر یونیکوڈ میں لکھ دیا۔کیونکہ مجھے یہ غزل پسند آئی تھی۔۔اس لیئے۔۔۔۔اگر غلطی ہوگئی ہے تو معزرت۔۔۔۔۔۔
 
Top