شام

زھرا علوی

محفلین
میری پہلی پہلی نظم۔۔۔۔



"ہمارے گھر کے آنگن میں
اترتی شام ہے جب بھی
تو چاروں اور جانے کیوں
بہت خاموش سی
چپ سی
صدائیں گنگناتی ہیں
انوکھے راگ بجتے ہیں
کئی یادوں کے انگارے
کبھی جلتے ہیں
بجھتے ہیں
نہ جانے کتنے ہی الفاظ
ذہن و دل ل صفحے پر
سمٹتے ہیں
بکھرتے ہیں
کبھی کچھ یاد کرنے کی
کوئی الجھن کوئی کوشش
کبھی سب بھول جانے کی
انوکھی سی کوئی خواہش
کبھی بے سوچ سے لمحے
سرک جاتے ہیں ہاتھوں سے
اور ان کو تھام لینے کی
کوئی معصوم سی کاوش

لہو کو منجمد کرتی
اترتی شام کی یہ چپ
پرندوں کے گھروں کو لوٹ جانے کے کئی منظر
ہمیں دھندلا سا الجھا سا
کوئی رستہ سجھاتے ہیں
مگر اک اضطراری میں
نہیں ہم دیکھتے اس کو
کہ دھندلے سے یہی رستے
ادھوری آگہی ہی تو
عذابِ جاں شروع سے ہیں
ہم ہی کیا مبتلائے غم
سبھی انساں شروع سے ہیں
کنارے پر پہنچنے کی ریاضت عمر بھر کی ہے
کنارے پر پہنچ کر بھی سفر نے ساتھ کب چھوڑا
ادھوری آگہی کا دکھ اکیلا ہمسفر میرا

کبھی اے کاش کچھ بولے
یہ چپ چپ سی اترتی شام
کبھی اے کاش کچھ پنچھی نہ گھر کو لوٹ کے جائیں
ہمارے پاس رہ جائیں
اک ایسا راز کہہ جائیں
جو توڑے اس گھنی چپ کو
مکمل جو ہمیں کر دے"۔۔۔۔۔۔۔۔
 

گرو جی

محفلین
ذہن و دل ل صفحے پہ

اس شعر کو دوبارہ تحریر فرمائیں
شکریہ اور نظم کافی لمبی تھی
 

مغزل

محفلین
زھرا جی ۔۔ سبحان اللہ ۔ سبحان اللہ
ماشا اللہ کیا خوب نظم ِ معرا لکھی ہے ۔۔
بلاشبہ یہ ایک خوبصورت، کیفیات اور جذبات اور معروضی حقائق پر مشتمل ایک اعلیٰ نظم ہے
میری جانب سے صمیمِ قلب سے مبارکباد،
بس جگہ املا کی غلطی رہ گئی ہے اسے مدون کرلیجئے۔
"ذہن و دل ل صفحے پہ" یہاں ذہن و دل کے صفحے پر۔۔۔ہونا چاہیئے تھا۔۔
ایک بار پھر خلوصِ نیت سے مبارکباد۔
والسلام
 

زھرا علوی

محفلین
ذہن و دل ل صفحے پہ

اس شعر کو دوبارہ تحریر فرمائیں
شکریہ اور نظم کافی لمبی تھی

شکریہ:)
بجا فرمایا آپ نے نظم خاصی طویل ہے اور مجھے پڑھنے والے کی زحمت کا بھی اندازہ تھا۔۔۔ااور اس کے لیے معذرت:)
اب کیا کروں ہو گئی طویل بس یہ ان دنوں کی بات ہے جب اختصار سے کہنےکا ہنر آیا نہیں تھا
 

زھرا علوی

محفلین
زھرا جی ۔۔ سبحان اللہ ۔ سبحان اللہ
ماشا اللہ کیا خوب نظم ِ معرا لکھی ہے ۔۔
بلاشبہ یہ ایک خوبصورت، کیفیات اور جذبات اور معروضی حقائق پر مشتمل ایک اعلیٰ نظم ہے
میری جانب سے صمیمِ قلب سے مبارکباد،
بس جگہ املا کی غلطی رہ گئی ہے اسے مدون کرلیجئے۔
"ذہن و دل ل صفحے پہ" یہاں ذہن و دل کے صفحے پر۔۔۔ہونا چاہیئے تھا۔۔
ایک بار پھر خلوصِ نیت سے مبارکباد۔
والسلام

بہت بہت شکریہ مغل صاحب آپ نے اتنے خوبصورت الفاظ میں تعریف فرمائی:)
 

گرو جی

محفلین
زھرا جی ۔۔ سبحان اللہ ۔ سبحان اللہ
ماشا اللہ کیا خوب نظم ِ معرا لکھی ہے ۔۔
بلاشبہ یہ ایک خوبصورت، کیفیات اور جذبات اور معروضی حقائق پر مشتمل ایک اعلیٰ نظم ہے
میری جانب سے صمیمِ قلب سے مبارکباد،
بس جگہ املا کی غلطی رہ گئی ہے اسے مدون کرلیجئے۔
"ذہن و دل ل صفحے پہ" یہاں ذہن و دل کے صفحے پر۔۔۔ہونا چاہیئے تھا۔۔
ایک بار پھر خلوصِ نیت سے مبارکباد۔
والسلام

جناب معرا کے لفظی معنی تو بتا دیں ہماری بھی معلومات میں اظافہ ہو جائے گا
 

الف عین

لائبریرین
ارے یہ اب تک میری نظر سے نہیں گزری؟؟؟؟
اچھی نظم ہے زہرا۔۔ پہلی ہونے کے باوجود اس میں لوئی زبان و بیان کی غلطی بھی نہیں ہے۔ کب کی تخلیق ہے یہ؟
 

زھرا علوی

محفلین
ارے یہ اب تک میری نظر سے نہیں گزری؟؟؟؟
اچھی نظم ہے زہرا۔۔ پہلی ہونے کے باوجود اس میں لوئی زبان و بیان کی غلطی بھی نہیں ہے۔ کب کی تخلیق ہے یہ؟

یہ نظم میں نے بی ایس سی کے پہلے سال میں اپنی زولوجی کی کلاس لیتے ہوئے کہی تھی۔۔۔
چند ایک تبدیلیاں پوسٹ کرتے ہوئے بھی کیں ہیں
 

ایم اے راجا

محفلین
زھرا صاھبہ بہت اچھی نظم ہے، جذبات کی حقیقی ترجمان، لیکن یہ بند،

"ہمارے گھر کے آنگن میں
اترتی شام ہے جب بھی
تو چاروں اور جانے کیوں
بہت خاموش سی
چپ سی
صدائیں گنگناتی ہیں
انوکھے راگ بجتے ہیں
کئی یادوں کے انگارے
کبھی جلتے ہیں

خاموش اور چپ صدائیں اور انکا گنگنانا سمجھ نہیں آیا، کیا صدائیں خاموش بھی ہو سکتی ہیں اور کیا خاموش صدائیں گنگنا بھی سکتی ہیں،

آئیں اساتذہ صاحبان سے رجوع کرتے ہیں، شکریہ۔
 

زھرا علوی

محفلین
شاید وہ ایسی صدائیں ہیں جنھیں ہمارے کان نہیں سن سکتے ہاں دل سن سکتا ہے اسی لیے خاموش صدائیں کہا۔۔۔
بہرحال آساتذہ کی رائے یقیننا مقدم ہے
 

الف عین

لائبریرین
ایک میرا ہی شعر سن لو راجا
ٹوٹی چوڑیاں جیسے بے صدا خموشی میں اک کہانی کہتی ہیں
صرف مدعا یہ ہے برف سے لباسوں میں کوئی روشنی بھر دے
شاعری میں یہ گوارا ہے۔ تصور اور تخیل کی دنیا میں ایسی ترکیبیں استعمال کی جا سکتی ہیں۔
 
Top