شرف یہ خاص تھا دنیا میں بس علی کے لئے - علامہ السید ذیشان حیدر جوادی کلیم الہ آبادی

کاشفی

محفلین
مدحِ مولائے کائنات علیہ السلام
(علامہ السید ذیشان حیدر جوادی کلیم الہ آبادی )
شرف یہ خاص تھا دنیا میں بس علی کے لئے
کہ جان دی ہے تو ایماں‌ کی زندگی کے لئے

بزیرِ تیغ بھی سر خم ہو بندگی کے لئے
یہی ہے منزل معراج آدمی کے لئے

شرف نہ کیسے شہادت ہو آدمی کے لئے
یہ موت ایک وسیلہ ہے زندگی کے لئے

خدا کے گھر میں‌ہو پیدا خدا کے گھر میں شہید
یہ ربطِ خاص مقدر تھا بس علی کے لئے

صدا یہ دیتا ہے کعبہ کا ربط کوفہ سے
نبی علی کے لئے ہیں علی نبی کے لئے

خدا کے گھر میں اٹھی اک قیامتِ کبریٰ
جھکا جو فرقِ علی حق کی بندگی کے لئے

وہ اک چراغ بھی کوفہ میں ہوگیا خاموش
جلا تھا کعبہ میں‌جو حق کی روشنی کے لئے

سبب یہ تھا کہ تھے استادِ جبرئیل علی
وگرنہ روتے ہیں جبرئیل کب کسی کے لئے
 
Top