طارق شاہ
محفلین
غزل
حسرؔت موہانی
شوق مُشتاقِ لقا صبر سے بیگانہ ہُوا
جب سے مشہوُر تِرے حُسن کا افسانہ ہُوا
ایک ہی کام تو یہ عِشق سے مَردانہ ہُوا
کہ ، تِرے شیوۂ ترکانہ کا دِیوانہ ہُوا
وصلِ جاناں، نہ ہُوا جان دِیئے پر بھی نصیب!
یعنی اُس جنسِ گرامی کا یہ بیعانہ ہُوا
بزمِ ساقی میں ہُوئے سب یونہی سیرابِ سرُور
مئے گُلِ رنگ سے لبریز جو پیمانہ ہُوا
حُسنِ جاناں کے تصوّر سے بڑھی، زینتِ دِل !
مَقدَمِ شہ، سَبَبِ رونَقِ کاشانہ ہُوا
ہم فقِیروں کی تواضع کو دُعائیں دِیجیے
کہ، اِسی سے تو مِزاج آپ کا شاہانہ ہُوا
پیروِ پِیرِ مُغاں تھا میں یہاں تک ،حسرتؔ!
کہ فنا ہو کے بھی، خاکِ رہِ میخانہ ہُوا
مولانا حسرؔت موہانی